مویشیوں کے گوبر سے چلنے والا دنیا کا پہلا ٹریکٹر

ہالینڈ: (ویب ڈیسک) کھیتوں کے ساتھ اکثر مویشی ہوتے ہیں اور بالخصوص گائے بھینسوں کے گوبر سے بائیو ایندھن بنایا جا سکتا ہے لیکن اب ہالینڈ کی ایک کمپنی نے اسی بائیو میتھین سے چلنے والا دنیا کا پہلا ٹریکٹر تیار کیا گیا ہے۔
اسے ٹی سیون کا نام دیا ہے جسے ’نیوہالینڈ ایگریکلچر‘ اور برطانوی کمپنی بینامان نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے، تاہم اس میں براہِ راست گوبر نہیں ڈالا جاتا بلکہ گوبر جمع کر کے اسے پتلا کر کے بڑے ٹینکوں میں ڈالا جاتا ہے، اس سے گیس بنتی ہے جس میں غالب حصہ میتھین کا ہوتا ہے۔
اگلے مرحلے میں گیس جمع کر کے اسے خالص اور صاف کیا جاتا ہے پھر اسے دباؤ سے گزار کر ایل این جی یعنی مائع قدرتی گیس کی شکل دی جاتی ہے، لیکن گیس کو محفوظ رکھنے کے لیے خاص ٹنکیوں کی ضرورت ہوتی ہے جس کا درجہ حرارت منفی 162 درجے سینٹی گریڈ ہوتا ہے، اب یہ گیس فروخت بھی کی جا سکتی ہے اور اسے خاص انجن والے ٹریکٹروں اور گاڑیوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اگرچہ ٹریکٹر کا اولین نمونہ اپنی ابتدائی شکل میں ہے لیکن تکمیل کے بعد یہ دنیا کا پہلا بائیو ایل این جی ٹریکٹر ہو گا، لیکن اس سے کسان اپنے ٹریکٹر کا ایندھن خود بنا سکیں گے اور دوسری جانب ماحول دوست زراعت کا فروغ ہو سکے گا۔
تاہم گوبر سے مائع ایل این جی بنانے کا عمل قدرے مہنگا ہوتا ہے، اس کے لیے برطانوی کمپنی نے ایک حل پیش کیا ہے، اس نے ایک موبائل کنورٹر بنایا ہے جو گوبر کی مناسب مقدار جمع ہونے پر وہاں پہنچ جاتا ہے اور گوبر کو بائیوگیس میں بدل کر وہاں سے دوسرے کھیت تک روانہ ہوتا ہے، اسی کمپنی نے سستا کرایوجینک (ٹھنڈا) ٹینک بھی بنایا ہے۔
دونوں کیمپنیوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کسان اضافی رقم بنا سکیں گے یا بچا سکیں گے، ماہرین کے مطابق یہ چھوٹے سے چھوٹا کھیت یا فارم بھی اس عمل کو اپنے لیے ممکن اور منافع بخش بناسکتا ہے۔

ورلڈکپ فائنل کو ڈیڑھ ارب افراد نے لائیو دیکھا، فیفا

زیورخ : (ویب ڈیسک) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ قطر میں کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل کو ڈیڑھ ارب افراد نے دیکھا۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 18 دسمبر کو شیڈول قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان فائنل 88 ہزار 966 افراد نے دیکھا جبکہ دنیا بھر سے ڈیڑھ ارب افراد نے لائیو سٹریمنگ اور ٹی وی کے ذریعے میچ دیکھا۔
قطر میں ہونیوالے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران سٹیڈیم میں34 لاکھ افراد نے دیکھا، سال 2018 کے اندر یہ تعداد 3 ملین ہے، اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 172 گولز ہوئے جس نے 1998 اور 2014 میں گولز کی تعداد 171 تھی۔
فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان فیفا ورلڈکپ 2022 کا فائنل سنسنی خیز ثابت ہوا، تاریخی فائنل کا فیصلہ پینلٹیز پر ہوا، جس میں ارجنٹینا نے فرانس کو 2-4 سے شکست دیکر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔

آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز ڈبلز میں ثانیہ مرزا کا فاتحانہ آغاز

میلبورن : (ویب ڈیسک) بھارت کی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کی قزاخ جوڑی دار اینا سرجیوینا ڈینیلینا رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ڈبلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف ) کے زیر اہتمام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 111 واں ایڈیشن آسٹریلیا کے مشہور شہر میلبورن میں جاری ہے ۔
آج کھیلے گئے خواتین کے ڈبلز مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میچ میں بھارت کی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کی قازقستان کی جوڑی دار اینا سرجیوینا ڈینیلینا نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا ۔
دونوں نے حریف ہنگری کی ڈالما ریبیکا گالفی اور ان کی امریکی ٹینس کھلاڑی برنارڈا پیرا کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 5-7 سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ میں ویمنز ڈبلز کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ دوسرے راؤنڈ میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں ۔

کروڑوں روپے کا فراڈ کیس؛ نورا فتیحی نے کئی انکشافات کر دیے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی معروف رقاصہ نورا فتیحی نے کروڑوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں کئی اہم انشکافات کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سکیش چندر شیکھر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نورا فتیحی گواہ بنی ہیں جنہوں نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے۔
نورا فتحی نے انکشاف کیا کہ سکیش چندر شیکھر نے بڑے بڑے وعدے کیے، جس میں ایک بڑا گھر اور پرتعیش طرز زندگی شامل تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنکی ایرانی نے انکی کزن سے رابطہ کرکے بتایا کہ جیکولین فرنینڈز ان کی طرف سے پیشکش کی منتظر ہیں لیکن سکیش مجھے چاہتے ہیں۔ سکیش کی کزن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی اداکارائیں اسکے لیے مر رہی ہیں۔
ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے نورا نے کہا کہ مجھے شروع میں معلوم نہیں تھا کہ سکیش چندر شیکھر مجرم ہے کیونکہ سکیش ایل ایس کارپوریشن نامی کمپنی میں کام کرتا تھا۔ میرا نہ تو کوئی ذاتی رابطہ تھا اور نہ ہی میں نے ان سے کبھی کوئی بات چیت کی۔
نورا فتیحی نے بتایا کہ میں نے سکیش چندر شیکھر کو پہلی مرتبہ اس وقت دیکھا جب ای ڈی نے اپنے دفتر میں میرا سامنا کروایا۔

شرلین چوپڑا کیس، اداکارہ راکھی ساونت گرفتار

ممبئی: (ویب ڈیسک) پولیس نے اداکارہ راکھی ساونت کو شرلین چوپڑا کیس میں گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے راکھی کے خلاف شرلین چوپڑا کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے اداکارہ کو گرفتار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق راکھی اپنے شوہر عادل خان درانی کے اشتراک سے بنائی گئی ڈانس اکیڈمی آج دوپہر 3 بجے لانچ کرنے والی تھیں تاہم انہیں تقریب سے قبل ہی گرفتار کر لیا گیا۔
شرلین چوپڑا نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے زریعے راکھی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز ممبئی کی سیشن کورٹ نے راکھی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی تھی۔
یاد رہے کہ اداکارہ شرلین چوپڑا نے گزشتہ برس راکھی کے خلاف جھوٹے الزامات اور قابلِ اعتراض زبان استعمال کرنے پر ایف آئی آر درج کروائی تھی۔

ورلڈ بینک سے قرضوں کی منظوری میں تاخیر سے متعلق خبریں بے بنیاد قرار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ پاکستان میں عالمی بینک کے ممکنہ آپریشنز کی منظوری میں تاخیر کے حوالے سے عالمی بینک کے فیصلے کے بارے میں خبریں بے بنیاد ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے تمام مجوزہ آپریشنز اور ان کی رقوم سے متعلق بورڈ کی منظوری کی تاریخیں واضح ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی بینک مناسب طریقہ کار کے بعد اور مجوزہ منصوبوں کی تیاری کی بنیاد پر بورڈ کے غور و خوض کے لیے پروجیکٹ کی تجاویز کے تبادلے کے وقت کا فیصلہ کرتا ہے۔

الیکشن کمشنر کا لگایا ہوا وزیراعلیٰ نہیں چلنے دیں گے : پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمیشنر کے لگائے گئے وزیراعلیٰ کو نہیں چلنے دیں گے، الیکشن کمشنر کے وزیراعلیٰ کے خلاف عدالت جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں حرمت قرآن کریم پورٹل کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر انہوں قرآن بورڈ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا خصوصی سیل بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ کہا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا، پورٹل ویب سائٹس پر موجود قرآن کریم سے متعلق جعلی مواد کی نشاندہی کرے گا، حرمت قرآنِ کریم پورٹل قرآن بورڈ اور متعلقہ اداروں کو ویب سائٹس پر قرآن سے متعلق منفی مواد کے بارے میں الرٹ جاری کرے گا، قرآن پورٹل متعلقہ اداروں کو متنازعہ مواد بلاک کرنے اور ایسا مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے بھی الرٹ جاری کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل کے ذریعے مذموم حرکتیں کرنے والوں کی ویب سائٹس کو بلاک کیا جاسکے گا، سسٹم کی مدد سے پبلشرز اور ای پبلشرز کی رجسٹریشن اور مانیٹرنگ بھی کی جا سکے گی، قرآن پورٹل بنانے میں دو ماہ کا وقت لگے گا، یہ ٹیکنالوجی سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک کو بھی دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن روز عمران خان کے خلاف کیسز بنا رہا ہے، الیکشن کمیشن کی نیت کو جانتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کا لگایا ہوا وزیراعلیٰ نہیں چلنے دیں گے، الیکشن کمشنر کے چیف منسٹر کے خلاف عدالت جائیں گے، عمران خان غلطی کریں تو ہم انہیں روکتے ہیں، دشمن غلطی کرے تو اسے نہیں روکنا چاہیے۔

پی ٹی آئی ارکان کا فی الحال سندھ اسمبلی سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین سندھ اسمبلی نے ایوان سے فوری طور پر مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب و خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے بعد پی ٹی آئی قیادت نے سندھ اسمبلی سے بھی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اراکین سندھ اسمبلی کو مستعفی نہ ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل متوقع ہے۔
اس حوالے سے سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ تاحال سندھ اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ نہیں ہوا، ہم نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کروا دیے ہیں۔

یوکرین نے روس سے جنگ بندی کیلئے چین سے مدد مانگ لی

کیف : (ویب ڈیسک) یوکرین نے روس سے جنگ بندی کے لئے چین سے مدد مانگ لی ہے ، روس اور یوکرین کے مابین جنگ کو فروری میں ایک سال مکمل ہو جائے گا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں چین کے صدر کو اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے روس کو جنگ بندی کے لئے اپنا کردار ادا رکرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔
صدر ولادی میر زیلنسکی کی اہلیہ نے خط بھیجنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خط سوئٹزرلینڈ میں چینی وفد کے حوالے کیا گیا ہے اور امید ہے کہ اس کے مثبت نتایج سامنے آئیں گے ۔
یوکرین کے صدر نے خط میں لکھا ہے کہ ہم امن کے لئے مذاکرات کا عمل شروع کرنے کے خواہاں ہیں ۔
کچھ روز قبل روس نے جنگ کے دوران کئی ماہ کی ناکامیوں کے بعد مشرقی یوکرین میں نمک کی کان کنی والے شہر سولیدار پر قبضے کا دعویٰ بھی کیا تھا ۔
دوسری جانب چین نے روس اور یو کرین جنگ میں خود کو الگ رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 24 فروری کو روسی صدر پوتن نے یوکرین پر حملے کا حکم دیا تھا۔

قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، قومی اسمبلی کا کل ہونے والا اجلاس اب 27 جنوری کو ہوگا۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے نوٹیفیکیشن اسمبلی کے قواعد کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے جاری کیا ہے۔