ہاکی ورلڈ کپ : کل مزید چار میچزکھیلے جائیں گے

بھوبنیشور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام 15واں ہاکی ورلڈ کپ 2023 میں کل بروز جمعہ مزید چار میچز کھیلے جائیں گے ۔
مینز ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہےجس میں شائقین ہاکی کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ، میگا ایونٹ میں جمعہ کو چار میچوں کا فیصلہ ہوگا ، شیڈول میچز برسا منڈا انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم، رورکیلا میں کھیلے جائیں گے۔
پہلے میچ میں پول اے کی ٹیمیں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا نبرد آزما ہوں گی جبکہ دوسرے میچ میں اسی میدان پر اسی گروپ کی ٹیمیں فرانس اور ارجنٹائن پنجہ آزمائی کریں گی ۔
تیسرے میچ میں گروپ بی کی ٹیمیں بیلجیم اور جاپان آمنے سامنے ہوں گی جبکہ چوتھا میچ بھی اسی گروپ کی ٹیموں جنوبی کوریا اور جرمنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ 2023 کے لئے کوالیفائی نہ کرنے کے باعث ایونٹ میں شریک نہیں ہے ، گرین شرٹس کو ایونٹ میں سب سے زیادہ 4 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن کراچی بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دیکر مستعفی ہو: پی ٹی آئی کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دیکر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے طاقت اور دھاندلی سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا، انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پہلے انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی، سندھ میں آخر کار 15 جنوری کو انتخابات ہوئے لیکن پھر مینڈیٹ چوری کر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دن صبح دھاندلی شروع ہوئی، پی ٹی آئی کے رہنما امجد آفریدی نے ویڈیو میں بتایا کہ کیسے ایک ہزارووٹ پولنگ سٹیشن لائے گئے، ویڈیو پردھاندلی کرنے والوں کے بجائے امجد آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا، امجد آفریدی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اوران کے بھائی کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کہیں پہاڑوں پر نہیں بلکہ یونین کونسل میں ہو رہا تھا، انتخابی عملے پردباؤ ڈالا گیا، الیکشن کمیشن اس سارے عمل میں بے بس نظر آرہا ہے، مینڈیٹ چوری ہونے پر جب عوام نے احتجاج کیا تو پولیس نے پی ٹی آئی ورکرز کو حراست میں لے لیا۔
اسد عمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بدترین دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا گیا، کراچی کے خلاف انتہائی خوفناک گیم کھیلا جا رہا ہے، ہرطریقے سے کراچی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت میں بھی جن کو کراچی والوں نے ووٹ دیا ان کومینڈیٹ نہیں دیا گیا، جماعت اسلامی کی بھی سیٹیں چھینی گئی ہیں، کراچی کے اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں، کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے اور الیکشن کمیشن مستعفی ہو۔

کراچی بلدیاتی انتخابات: جماعت اسلامی کا ری کاؤنٹنگ روکنے کا مطالبہ

کراچی: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی بلدیاتی انتخابات کی ری کاؤنٹنگ کے عمل کو روکنے کا مطالبہ کر دیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، پیپلز پارٹی نے تمام ووٹ نتائج کے بعد ڈالے، کھلم کھلا دھاندلی ہو رہی ہے، یہ ری کاؤنٹنگ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت آر اوز ڈی آر اوز کے ذریعے نتائج میں دھاندلی کر رہی ہے، سندھ کی بیورو کریسی پیپلز پارٹی کی غلام بن کر کام کر رہی ہے، چیف سیکرٹری، الیکشن کمیشن سمیت سب اس پر خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن نتائج فارم 11 کے مطابق نہیں تھے، دھاندلی ہوئی ہے، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی نے اپنے بندے جتوا دئیے
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بلدیاتی الیکشن کے لیے بہت جدوجہد کرنی پڑی، 4 بار تو بلدیاتی الیکشن ملتوی کیے گئے، نام نہاد جمہوری جماعتیں بھی الیکشن نہیں کرانا چاہتی تھیں، آخری وقت تک ابہام تھا کہ الیکشن ہو گا یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے انتظامات درست نہیں تھے، صوبائی الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود عملے نے فارم نہیں دیا، متعدد جگہوں پر بیلٹ باکس کے سیل کھلے تھے، فارم 11 دینا آر او کی ذمہ دار ی تھی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پی پی ہمارے اور ہم اس کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں تو بات آگے بڑھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ری کاؤنٹنگ کے پراسس کو روکا جائے ، دوبارہ گنتی الیکشن کمیشن کے سامنے کی جائے، ہم نے پیپلز پارٹی سے ڈبل سے بھی زیادہ ووٹ لئے ہیں تو انکی اکثریت کیسے ہو سکتی ہے، ہم نمبر ون پارٹی ہیں اور انشا اللہ میئر جماعت اسلامی بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملیر ڈی آر او آفس میں ہمارے کارکنان پر گولیاں چلائی گئیں، کیماڑی کے آفس میں پی ٹی آئی کے کارکنان اور علی زیدی پر حملہ کیا گیا ، ان واقعات کی مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے دوست پی پی کے اکسانے پر ری کاؤنٹنگ کرا رہے ہیں، یہ انکا حق ہے لیکن اس بات کا پی پی فائدہ اٹھا کر اپنے نمبر بڑھائے گی۔

چند ہفتے پہلے توشہ خانہ ٹاپ ایجنڈا تھا، اب حکومت فراری ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ چند ہفتے پہلے توشہ خانہ کو ٹاپ ایجنڈا بنانے والی حکومت اب اپنے بیانیے سے فراری ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ آج لاہور ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کیا گیا تو خارجہ تعلقات شدید متاثر ہوں گے۔
فواد چودھری نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ حیرت انگیز ہے، صرف چند ہفتے پہلے توشہ خانہ کی گھڑی حکومت کا ٹاپ ایجنڈا تھا، اب اس مؤقف سے فرار اس لیے کہ اپنا کچا چٹھہ کھلے گا۔

نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے کی تیاری: زرداری کی منی لانڈرنگ ریفرنس واپس بھیجنے کی درخواست

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے نیب ترامیم سے فائدہ لیتے ہوئے منی لانڈرنگ ریفرنس واپس بھیجنے کی درخواست دائر کر دی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کی ریفرنس واپس بھیجنے کی درخواستوں پر وکیل فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری پر ریفرنس میں 30 ملین کا الزم ہے، نیب اب تک یہ الزام بھی ثابت نہیں کر سکا، گورنر سٹیٹ بینک نے بھی یہ کیس نیب کو نہیں بھیجا تھا۔
دلائل میں کہا گیا کہ نئے نیب قانون کے تحت ریفرنس بھی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، لہٰذا احتساب عدالت قانون کے مطابق ریفرنس واپس بھیجے، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
احتساب عدالت نے آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر کی ایک روزہ حاضری سے استثنا کی درخواستیں بھی منظور کر لیں۔
دریں اثنا احتساب عدالت اسلام آباد میں پارک لین ریفرنس کی بھی سماعت ہوئی جس میں جج ناصر جاوید رانا کے روبرو سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک اور نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔
دوران سماعت آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں پیش کی گئیں جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔
بعدازاں احتساب عدالت نے آصف زرداری اور دیگر کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔

مارچ، اپریل تک حالات سنگین، لوگ سڑکوں پر ہوں گے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں مارچ، اپریل تک حالات اتنے سنگین ہو جائیں گے کہ لوگ اپنے حق کے لئے سڑکوں پر ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے ساری پارٹیوں کو چاروں شانے چت کردیا ہے، حکومت نے ملک کو جہاں پہنچا دیا ہے وہاں سے نکالنا اب کوئی آسان کام نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صرف جلد الیکشن ہی ان سب کا واحد حل ہے، آج 4 بجکر 30 منٹ پر لندن میں پریس کانفرنس کروں گا، امید ہے سپریم کورٹ سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے گا اورآئندہ حکومت میں ان کا کلیدی کردار ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی بینک نے پاکستان کے لئے 1.1 ارب ڈالر کا قرضہ روک دیا ہے، ایل سی کھل نہیں رہی، پورٹ سے مال چھوٹ نہیں رہا، غریب آٹے کے تھیلے کے لئے مر رہا ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ملک ٹیکنیکلی ڈیفالٹ ہو چکا ہے، آئی ایم ایف پروگرام کھٹائی میں ہے، غریب کے لئے تکلیف اور اپنے کیسز میں ریلیف ہے۔

توشہ خانہ تحائف خفیہ ہونے پر مطمئن ہوئے تو پبلک کرنیکا حکم نہیں دینگے: عدالت

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ تحائف خفیہ ہونے پر مطمئن ہوئے تو پبلک کرنیکا حکم نہیں دینگے۔
لاہور ہائیکورٹ میں توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والی شخصیات کی تفصیلات فراہم کرنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو توشہ خانہ کے ریکارڈ کے ساتھ بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
دوران سماعت جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ توشہ خانہ کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کا بیان حلفی دیں کہ کیسے یہ تحائف حفیہ ہیں، اگر عدالت مطمئن ہوئی کہ واقعی یہ تحائف خفیہ ہونے چاہئیں تو عدالت اسے پبلک کرنے کا حکم نہیں دے گی۔
جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ آپ نے جواب میں لکھا ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف منظر عام پر آنے سے میڈیا ہائپ بن جاتی ہے، کیا صرف یہ وجہ ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف خفیہ رکھا جاتے ہیں؟، اس میں ملکی سلامتی اور بین الاقوامی تعلقات کہاں سے آ گئے؟۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ اگر ایک بی ایم ڈبلیو کی گاڑی کا تحفہ آتا ہے کہ اور کہا جاتا ہے کہ اسکے بدلے ایل این کا ٹھیکہ دیں تو پھر کیا ہو گا؟۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والی شخصیات کی تفصیلات فراہم کرنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت کیس کی مزید سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔

پاکستان کی ایرانی حدود سے دہشت گرد حملے کے شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے پاکستان میں کارروائی کیلئے ایران کی سر زمین استعمال کی ہے، پاکستان ایران کی حدود سے ہونے والے دہشت گرد حملے کے شدید مذمت کرتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات ہیں، امید کرتے ہیں کہ ایران دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھی اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، اور ایران بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے۔

درآمدات کو محدود رکھنے کے نتائج آنا شروع، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں مسلسل کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے کے لیے درآمدات کو محدود رکھنے کی حکومتی پالیسی کے نتائج آنا شروع ہو گئے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کا تسلسل جاری ہے۔
دسمبر کے اعدادوشمار کے ساتھ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 ارب 42 کروڑ ڈالر کم رہا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3 ارب 66 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں یہ خسارہ 9 ارب ڈالر سے زائد تھا۔
دسمبر 2022 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 40 کروڑ ڈالر رہا جبکہ نومبر میں یہ خسارہ 25 کروڑ ڈالر رہا تھا، جولائی اور دسمبر کے دوران درآمدات میں 6.5 ارب ڈالر کی کمی ہوئی، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں درآمدات گزشتہ سال کے 36 ارب ڈالر کے مقابلے میں 29.5 ارب ڈالر رہیں۔
جولائی تا دسمبر 2022 تجارتی خسارہ 15 ارب 30 کروڑ ڈالر رہا جبکہ مالی سال 22-2021 کی پہلی ششماہی میں تجارتی خسارہ 20 ارب 85 کروڑ ڈالر رہا۔
سروسز سیکٹر کے خسارے میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی، اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا دسمبر سروسز سیکٹر کا خسارہ 35 کروڑ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں یہ خسارہ 2 ارب 14 کروڑ ڈالر رہا تھا، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں مجموعی خسارہ 7 ارب 33 کروڑ ڈالر کم رہا۔

یو اے ای نے پاکستان کا 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کردیا: اسحاق ڈار کی تصدیق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر ڈپازٹس رول اوور کرنے کی تصدیق کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران صدر یو اے ای سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بات چیت کی تھی۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد بھی لکھا۔