پاکستان میں توانائی ضروریات 2030 تک 30 فیصد بڑھ جائیں گی: ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت وسطی ایشیائی علاقائی ممالک میں توانائی کی ضروریات 2030 تک 30 فیصد بڑھ جائیں گی۔
چین کے علاوہ کاریک ممالک میں بجلی کے ترسیلی ڈھانچہ کوبہتر بنانے کیلئے 25 سے لیکر 49 ارب ڈالرتک کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تناظرمیں ان ممالک کو اپنے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی کرنی چاہیے جبکہ صاف اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی طرف منتقلی کو تیز کرنا چاہیے۔
اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ کاریک آؤٹ لک رپورٹ 2030 میں بتایا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ وسطی ایشیا اورعلاقائی ممالک کو اپنی ترقی کے لیے مزید توانائی کی ضرورت ہے۔
خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تناظرمیں ان ممالک کو اپنے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی کرنی چاہیے جبکہ صاف اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی طرف منتقلی کو تیز کرنا چاہیے۔
رپورٹ میں وسطی ایشیا اور قفقاز کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ملک منگولیا، پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کی معیشتوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

بجلی 2 روپے 20 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی 2 روپے 20 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔
درخواست دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کروائی گئی ہے، دسمبر میں 8 ارب 41 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جبکہ 8 ارب 9 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی۔
درخواست پر نیپرا اتھارٹی 30 جنوری کو سماعت کرے گی جس میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

پاکستان سپر لیگ 8 کا شیڈول فائنل کر لیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کا شیڈول فائنل کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 8 کے شیڈول کا اعلان جمعہ کو متوقع ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی حکام پی ایس ایل فرنچائزرز کے ساتھ شیڈول کے حوالے سے حتمی مشاورت کریں گے، پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اب تک شیڈول کے مطابق ملتان میں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 13فروری سے شروع ہو گی اور فائنل 19 مارچ کو ہو گا، ٹورنامنٹ کے میچز 4 وینیوز پر کھیلے جائیں گے، میچز لاہور ، ملتان ، راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان اور کراچی جبکہ لاہور اور راولپنڈی کے مقابلے ایک ساتھ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا ایک نمائشی میچ کوئٹہ میں کرانے کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے، نمائشی میچ پشاور اور کوئٹہ کی ٹیموں کے مابین ہو گا۔

بھارت رواں برس دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا

نیودہلی : (ویب ڈیسک) بھارت چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے رواں برس دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ آبادی بڑھنے کے ساتھ بھارت کو معیشت اور بیروزگاری کے مسائل بھی درپیش ہونگے ، ماہرین کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ بھارت اس وقت ایک ٹائم بم پر بیٹھا ہوا ہے، اگر ملازمتوں کے مواقع پیدا نہ کیے گئے تو بھارت میں سماجی بدامنی پیدا ہوگی ۔
چین میں سال 2022 میں 60 برس بعد پہلی بار آبادی میں کمی رپورٹ ہوئی ہے ، چین کی آبادی میں کمی کے بعد بھارت کی آبادی آئندہ آنیوالےچند ماہ میں دنیا میں سب سے زیادہ بڑھ جانے کا امکان ہے ۔
امریکی میڈیاکا کہنا ہے کہ ایک ارب چالیس کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ چین اور بھارت کو اقتصادی مضمرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس حوالے سے تجزیہ کار کہتے ہیں کہ بھارت بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا نہیں کر رہا، اگر بھارتی پالیسی سازوں نے روزگار کے ذرائع نہ بڑھائے تو رواں دہائی میں بھارت کی متوقع ایک ارب سے زیادہ لیبر فورس بھارت کی ترقی کے بجائے بھارت کے لیے بوجھ بن کر رہ جائے گی ۔

مودی کے جرائم پرغیرملکی میڈیا کی سلسلہ وارسیریزکا اجرا

لندن: (ویب ڈیسک) غیرملکی میڈیا کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی پر 2اقساط پرمبنی سلسلہ وار سیریز کا اجرا کیا گیا ہے ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سیریز کا نام ’انڈیا، دی مودی کوئسچن‘ رکھا گیا ہے ، بھارتی وزیراعظم پر بنائی جانیوالی اس سیریزمیں گجرات کےقصائی مودی کی اصل حقیقت کا کھوج لگانےکی کوشش کی گئی ہے سیریزمیں مقبوضہ کشمیر، گجرات میں بھارتی مسلمانوں کے قتل عام ، ہندوانتہا پسندی اور دیگر عوامل کا بھی جائزہ لیا گیا ہے ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق مودی دنیا کی بڑی جمہوریت کےرہنما اوردوبار منتخب ہونیوالے وزیراعظم اورطاقتور شخص ہیں اور مغرب انہیں چین کےخلاف مضبوط مہرہ سمجھتا ہے ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سیریز میں مودی حکومت کے دور میں مسلمانوں سےناروا سلوک کےالزامات اور ان کے پس پردہ حقائق کی تحقیقات کرے گی جبکہ مودی کی سیاست پرمختلف سوالات کی پس پردہ حقائق جاننےکی بھی کوشش کی گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سیریزکا مقصد اقلیتوں سےسلوک ، بھارتی مسلمانوں کےقتل عام اور مودی کا ہندوانتہا پسند تنظیم سےتعلق اوربی جےپی میں ابھرنےکاجائزہ لینا بھی شامل ہے ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دو اقساط پر مبنی اس سیریز میں گجرات کی ریاست کا وزیراعلیٰ بننا اور 2002 کےفسادات کی حقیقت کو جاننے سمیت ہزاروں افراد کے قتل اور متنازع نکات کو جاننے کی کوشش کی جائے گی ۔
غیرملکی میڈیا کی اس سیریز پربی جے پی کے حامی بہت سیخ پا ہیں اور سوشل میڈیا پرسخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے اور صارفین کی جانب سے لفظی حملے جاری ہیں ۔

گیمبیا کے نائب صدر مختصر علالت کے بعد بھارت میں انتقال کر گئے

بانجول : (ویب ڈیسک) گیمبیا کے نائب صدر بدارا علیو جوف مختصر علالت کے بعد بھارت میں انتقال کر گئے، جوف 2016 کےبعد صدر بیرو کے ماتحت خدمات انجام دینے والے چوتھے نائب تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 65 سالہ جوف کو 2022 میں مغربی افریقی ملک کا نائب صدر مقرر کیا گیا تھا، وہ اس سے قبل 2017 سے 2022 تک وزیر تعلیم کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
گیمبیا کے صدر اڈاما بارو کا بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے اپنے ایک پیغام میں کہنا تھا کہ ’’ ساتھیو میں بھاری دل کے ساتھ اپنے نائب صدر، عزت مآب، بدارا علیو جوف کے انتقال کا اعلان کرتا ہوں، یہ افسوسناک واقعہ بھارت میں مختصر علالت کے بعد پیش آیا۔ اللہ انہیں جنت الفردوس نصیب کرے ‘‘ ۔
رپورٹس کے مطابق نائب صدر طبی علاج کے لیے تقریباً تین ہفتے قبل گیمبیا سے روانہ ہوئے تھے اور سفر سے پہلے کئی مہینوں تک انہیں عوام میں نہیں دیکھا گیا۔
آنجہانی نائب صدر نے پہلے گیمبیا کی سول سروس میں اور بعد میں ورلڈ بینک میں بطور ایجوکیشن سپیشلسٹ برائے مغربی اور وسطی افریقہ کام کیا، وہاں اپنے تجربے کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر کے طور پر منتقل کیا۔

ہیلی کاپٹر حادثے کا درد ناقابل بیان ہے : ولادیمیر زیلنسکی

کیف : (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے دارالحکومت کیف میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 افراد کی ہلاکت کے بعد کہا ہے کہ جنگ کے وقت کوئی حادثہ نہیں ہوتا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے پر یوکرین نے روسی مداخلت کا دعویٰ نہیں کیا لیکن زیلنسکی نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کو بتایا کہ یہ سانحہ جنگ کا نتیجہ تھا جس کا درد ناقابل بیان ہے۔
دوسری جانب ایس بی یو اسٹیٹ سیکیورٹی سروس نے کہا کہ وہ حادثے کی کئی ممکنہ وجوہات جاننے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں تخریب کاری کے ساتھ ساتھ تکنیکی خرابی یا پرواز کے قواعد کی خلاف ورزی بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ہیلی کاپٹر گرنے سے وزیر داخلہ ، نائب وزیر داخلہ ، وزارت داخلہ کی اعلیٰ قیادت سمیت 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
یوکرین کے صدارتی دفتر کے نائب سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ جنگ زدہ علاقوں کے فضائی دورے پر تھے کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔

کھیلنے کیلئے تیار ہوں، پی ایس ایل میں ان ایکشن ہوں گا: شاہین آفریدی

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے تمام ضروریات مکمل کرلی ہیں اور اب ہر طرح سے کھیلنے کے لیے تیار ہوں، پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں ایکشن میں ہوں گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ انجری کے باعث طویل وقت کے لیے ٹیم سے باہر رہنا مشکل تھا، کبھی کبھی یہ بھی ذہن میں آتا تھا کہ انجری سے باہر نکلنے کے لیے اب میں مزید کچھ نہیں کر سکوں گا۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ اب مجھ میں اسی طرح کی انرجی ہے جیسے سری لنکا میں انجرڈ ہونے سے پہلے تھی، اسی طرح بھاگ رہا ہوں اور پہلے کی طرح بولنگ بھی کر رہا ہوں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم نے ہوم سیریز میں اچھی کوشش کی لیکن نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں تھا، میں بھی ہوتا تو ٹیم کی جیت کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کو میری ضرورت تھی تو میں نے کھیلنے کا فیصلہ کیا، ورلڈ کپ میں بھی اگر میں اسی طرح بھاگتا جیسے اب بھاگ رہا ہوں تو نتیجہ مختلف ہوتا۔

مریم نواز کی 22 جنوری کو وطن واپسی کا شیڈول تبدیل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کی 22 جنوری کو وطن واپسی کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔
لیگی رہنما مریم نواز کا اب 22 جنوری کے بجائے 29 جنوری کو وطن واپس آنے کا امکان ہے، مریم نواز 29 جنوری کو شام 4 بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچیں گی۔
دو روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ مریم نواز 22 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی اور نچلی سطح تک پارٹی کو متحرک کرنے کے لئے ذمہ داران کو ٹاسک تفویض کریں گی۔

کراچی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم کا مقدمہ درج

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں کا ڈی سی کیماڑی آفس میں تصادم کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی سی کیماڑی آفس میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جیکسن پولیس نے واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 28/2023 ڈی سی آفس کیماڑی کے ملازم کاشف مبین کی مدعیت میں درج کیا، ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ تصادم کے دوران فائرنگ اور ڈنڈوں سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقدمہ دہشت گردی، اقدام قتل اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی، بلال غفار، عطاء اللہ، سعید آفریدی کو نامزد کیا گیا ہے، اس کے علاوہ شبیر قریشی، حیدر خلیل، حضرت خلیل، طارق خان اور دیگر کو بھی مقدمے میں نامز کیا گیا ہے۔