الیکشن کمیشن کا عمران خان کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف کامیابی کے اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کروائے جانے پر نوٹس لیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت 5 رکنی کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے 7 حلقوں پر کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں، تاخیر سے اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کے عمل کو درگزر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال ضمنی الیکشن میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ، این اے 45 کرم اور این اے 239 کورنگی سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بولان: دھماکے سے اڑائی جانیوالی سوئی گیس لائن کی مرمت شروع نہ ہوسکی

بولان: (ویب ڈیسک) سراج آباد میں دھماکے سے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام تاحال شروع نہ ہو سکا جس کے باعث سخت سردی میں کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر رہ گیا۔
ایس پی بولان محمود احمد نوتیزئی نے بتایا کہ بولان کے علاقے سراج آباد میں گیس پائپ لائن دھماکے کا مقدمہ سوئی گیس حکام کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانہ ڈھاڈر میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، مقدمے میں دھماکا خیز مواد اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق گیس پائپ لائن دھماکے میں ایک کلو بارودی مواد اور ریموٹ کنڑول ڈیوائس کا استعمال کیا گیا جس سے پائپ لائن کا 100 فٹ حصہ متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب لیویز حکام کا کہنا ہےکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم دھماکے سے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کے لیے سراج آباد پہنچ گئی ہے تاہم رات گئے تک متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع نہ ہوا۔
12 انچ قطر کی سوئی گیس پائپ لائن کی مرمت نہ ہونے سے کوئٹہ ،مچھ، پشین، زیارت، قلات اور مستونگ میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا امریکا میں آپریشن، طبیعت بہتری کی جانب گامزن

نیویارک: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کا امریکامیں آپریشن ہوا ہے جس کے بعد ان کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
گیلانی خاندان کے ترجمان ضیغم گیلانی کا کہنا ہے کہ دورہ امریکا کے دوران یوسف رضا گیلانی کو ہرنیا کی شکایت ہوئی، یوسف رضا گیلانی آپریشن کے بعد خیریت سے ہیں۔
ترجمان ضیغم گیلانی نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اتوار کو پاکستان آجائیں گے۔

کراچی: 5 ارب روپے سے زائد مضاربہ سکینڈل کے ملزم کی ضمانت منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے 5 ارب روپے سے زائد مضاربہ سکینڈل کے ملزم کی ضمانت منظور کر لی ہے، ملزم پر بطور ایجنٹ عوام سے 15 کروڑ ہتھیانے کا الزام ہے۔
عدالت نے ملزم عبدالناصر کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے، عدالت کی جانب سے 15 کروڑ روپے مالیت کی دستاویزات بھی جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، ملزم عبدالناصر پر قاری شفیق کے ایجنٹ کی حیثیت سے 15 کروڑعوام سے لینے کا الزام ہے۔
نیب کا کہنا تھا کہ ملزم 6 سال سے مفرور تھا، ملزم نےعوام کی دولت لوٹنے میں سہولت کاری کی، اس پر وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم ڈیڑھ سال سے جیل میں ہے، اس کے اکاؤنٹ سے کوئی رقم نہیں ملی۔
وکیل صفائی کا مزید کہنا تھا کہ یہ مرکزی ملزموں کا ملازم تھا، ان کے جرم کی سزا اسے نہیں دی جاسکتی، جن ملزموں کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے آئے انہیں ضمانت پر رہا کیا جا چکا ہے۔

پنجاب: نجی سود کا کاروبار بند، 10سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں نجی سود کا کاروبار کرنے پر پابندی کا اطلاق ہو گیا۔
پنجاب حکومت نے دی پنجاب پروہیبشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لونز ایکٹ 2022 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نجی سودکا لین دین کرنے والوں کو 10سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ دینا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ماضی میں نجی طور پر سود کی مد میں رقم لینے والا اب صرف اصل رقم ہی واپس کرے گا۔

این اے 193 ضمنی انتخاب، ن لیگ کا عمار لغاری کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) نے این اے 193 راجن پور ون سے نوجوان عمار لغاری کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ نشست جعفر خان لغاری کی دسمبر 2022ء میں وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق عمار لغاری کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ ڈیرہ غازی خان میں ان کی زراعت کے شعبے اور عوامی بہبود کے لئے کام کی بنیاد پر کیا گیا، تعلیم مکمل کرنے کے بعد عمار لغاری نے ڈیرہ غازی خان میں زراعت کے شعبے میں ماحول دوست جدید اور تخلیقی رجحانات متعارف کروائے جس سے علاقے میں زراعت کو ترقی ملی۔
عمار لغاری نے ڈی جی خان اور راجن پور میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی کام کیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے باصلاحیت پڑھے لکھے نوجوانوں کو سیاسی عمل میں آگے لانے کی سوچ کے تحت عمار لغاری کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان کے صحت یاب ہوتے ہی سڑکوں پر نکلیں گے، مسرت چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیراعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جیسے ہی سابق وزیراعظم عمران خان صحت یاب ہوں گے ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر جو ڈاکہ ڈالا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کرنے کے باوجود امپورٹڈ ٹولے میں شرمندگی کے کوئی آثار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے نے پاکستان کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے، ہماری برآمدات 22 فیصد اور ترسیلات زر 20 فیصد کم ہو چکی ہیں، ملک شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج 11 بجے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین اور جمشید اقبال چیمہ جیل روڈ پر مرکزی سیکرٹریٹ میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

بلوچستان میں شدید برفباری :گاڑیوں میں پھنسے ایک ہزار افراد کو ریسکیو کر لیا گیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) شمالی بلوچستان میں شدید برف باری کے باعث مسافرگاڑیوں میں پھنسے ایک ہزار افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
وادی زیارت، پشین،مسلم باغ، کان مہترزئی سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برفباری کا نیا سپیل گزشتہ رات گئے شروع ہوا جو کہ اب بھی وفقے وقفے سے جاری ہے۔
برفباری کے بعد ان علاقوں میں ہر منظر سفید ہوگیا، وادی کوئٹہ کے اطراف میں بھی پہاڑوں پر برف پڑی۔
دوسری جانب نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق شدید برف باری کے باعث گاڑیوں میں پھنسے ایک ہزار افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام مشینری ہائی الرٹ پر ہے، کان مہترزئی کے مقام پر ممکنہ پھسلن سے بچنے کے لیے نمک کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کی جانب سے شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تاہم مسافر ایمرجنسی کی صورت میں 130 کے ذریعہ مدد لے سکتے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کیلئے مشاورتی عمل شروع نہ ہوسکا

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کا معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار ہے، اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے لئے بروقت نام نہ دیے جانے کے باعث تاحال مشاورتی عمل شروع نہ ہوسکا۔
اپوزیشن نے گزشتہ رات 22 گھنٹے کی تاخیر سے 8 بجے سپیکر کو نام بھیجے تھے، سپیکر پنجاب اسمبلی گزشتہ روز سارا دن اسمبلی میں اپوزیشن کے نام کے منتظر رہے۔
اپوزیشن نے 22 گھنٹے کی تاخیر سے کمیٹی کے لئے ملک احمد خان، ملک ندیم کامران اور حسن مرتضیٰ کے نام تجویز کیے تھے، جبکہ حکومتی اتحاد نے میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جوان بخت کے نام تجویز کر رکھے ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی آج پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفکیشن کر کے مشاورتی عمل کا آغاز کریں گے، حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کمیٹی میں نگران وزیر اعلیٰ کے لئے اپنے نام پیش کرکے مشاورت کریں گے۔

پیرمحل : آتشزدگی کے مختلف واقعات، انسانی جانیں محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) شہر میں دو مختلف جگہوں پر آگ لگنے کے الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں ، دونوں واقعات میں انسانی جانیں محفوظ رہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر پیرمحل کے علاقےغوثیہ آباد منگل بازار کے قریب جنرل سٹور میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں دکان میں موجود سامان بسکٹ کاپیاں وغیرہ جل گئیں۔
واقعے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت پہنچ کر آگ بجھا دی ۔
آتشزدگی کا دوسرا واقعہ بے نظیر پارک میں پیش آیا جہاں سکیورٹی عملے کے کمرے میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی ، آگ لگنے سے بستر اور چار پائیاں جل گئیں ۔
ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا ، خوش قسمتی سے دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔