جیئں گے مریں گے، فارم گیارہ کے مطابق رزلٹ لیے بغیر واپس نہیں جائینگے، خرم شیر زمان

کراچی: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ ہمارے ووٹرز کا حق چھینا جا رہا ہے، جیئں گے مریں گے، جب تک فارم گیارہ کے مطابق رزلٹ نہیں ملےگا واپس نہیں جائیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہماری 45 شکایات کو سنا جائے، ہم نے کونسا قانون توڑا تھا جو وہاں پر غنڈے بھیجے گئے، ہم فارم گیارہ کے مطابق رزلٹ مانگ رہے ہیں، ہمارا رزلٹ تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنا قبلہ درست کر لے، ڈی سی، ڈی آر او جواب دینے کو تیار نہیں، ڈی سی، ڈی آر او پر بہت پریشر ڈالا جا رہا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ میرے اپنےحلقے میں چیئرمین جیتے تھے اگلے دن نتائج میں ہار گئے، ان کو کوئی شرم نہیں آرہی، اپنی مرضی کے رزلٹ نکال رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جیئں گے مریں گے، جب تک فارم گیارہ کے مطابق رزلٹ نہیں ملےگا واپس نہیں جائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیا دودھ کی نہریں بہا دیں جو انہوں نےالیکشن جیت لیا، کراچی والے کوئی پاگل نہیں جو پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں۔

ورلڈ بینک، پاکستان کے لیے 1ارب 10 کروڑ ڈالرز کے قرض کی منظوری مؤخر

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز کے قرض کی منظوری مؤخرکردی ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری آئندہ مالی سال تک کے لیے مؤخرکی گئی ہے، ورلڈ بینک نے درآمدات پر ‘فلڈ’ لیوی لگانے کی بھی مخالفت کی ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ بینک کے قرض کی مالیت 45 کروڑ ڈالرز تھی جب کہ سستی توانائی کے لیے 60 کروڑ ڈالرز کا قرض بھی مؤخرکردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ورلڈبینک کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پائیدار معیشت کے لیے بورڈ ڈسکشن مالی سال 2024 میں متوقع ہے جب کہ سستی توانائی کے لیے قرض بھی اگلے مالی سال میں منظور کیا جاسکتا ہے۔

حافظ نعیم کو سنجیدہ سمجھتا ہوں، عمران خان کی طرح ضد نہ کریں، نثار کھوڑو

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کو سنجیدہ شخص سمجھتا ہوں، عمران خان کی طرح ضد نہ کرے اور نہ اس کی زبان بولیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے عوام نے جو فیصلہ دیا وہ سب کے سامنے ہے، پیپلزپارٹی نے حیدرآباد میں کلین سوئپ کیا اور کراچی میں دیگر جماعتوں سے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔
پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ جماعت اسلامی کو چاہیے پیپلزپارٹی کی اکثریت کو مانے، حافظ نعیم الرحمان عمران خان کی طرح ضد نہ کریں اور کراچی کو بہتر کرنا ہے تو اس کی زبان بھی نہ بولیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں کسی کو سادہ اکثریت حاصل نہیں، جماعت اسلامی نے اعتراض کیا کہ رزلٹ دیرسے دیے گئے، حافظ نعیم کا یہ کہنا کہ سوسال میں بھی پیپلزپارٹی کراچی سے نہیں جیت سکتی، ایسی باتیں کرنا جمہوریت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے یہ کہتے تھے کہ پیپلزپارٹی الیکشن سے بھاگ رہی ہے، جب پیپلزپارٹی نے سبقت لے لی توانہیں اعتراض ہے۔
پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کو بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، ایم کیوایم والے کافی وقت کے بعد ایک ساتھ ہوئے ہیں۔

آئی سی سی رینکنگ: بابر اعظم کی حکمرانی برقرار

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی، کپتان بابراعظم بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار رہے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈیر ڈوسن 766 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ کوئنٹن ڈی کاک 759 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قابض ہیں۔
مینز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی سری لنکا کے خلاف سیریز میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے بعد دو درجے ترقی پاکر چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں، 3 میچوں پر مشتمل سیریز میں کوہلی نے 283 رنز بنائے جس میں 2 سینچریاں شامل تھیں۔
بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی مجموعی طور پر 750 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، ڈیون وارنر 747 پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں، امام الحق ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چھٹی انکے 740 پوائٹنس ہیں۔
ون ڈے ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ پاکستان کو سیریز میں 1-2 شکست دیکر پہلی پوزیشن پر قبضہ مضبوط کرلیا ہے وہ 117 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ پاکستان پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

امارات کے ساتھ فوجی معاہدے قابل تحسین ہیں: امریکہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ کے اعلیٰ فوجی افسر اور سینٹ کام کے سربراہ جنرل ایرک کوریلا نے کہا کہ امارت کیساتھ فوجی معاہدے قابل تحسین ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداے کے مطابق سینٹ کام کے سربراہ جنرل ایرک کوریلا نے اماراتی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل انجینئر عیسیٰ سیف محمد المرزوئی سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے امارات کے ساتھ امریکی فوجی معاہدات کی توصیف کی ہے اور ایران کے حمایت یافتہ عسکری گروپوں کی مذمت کی ہے۔
امریکی سینٹ کام کمانڈر نے یہ فون امارات پر حوثی حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر امارات کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کی، ایک سال پہلے یمنی حوثیوں کے ایک ڈرون حملے میں امارات کے تین شہری جاں بحق ہوئے تھے، یہ حملہ بنیادی طور پر ایک آئل ٹینکر پر کیا گیا تھا۔
امریکی جنرل نے کہ کہ حوثی فورسز نے عام شہریوں اور عوامی سہولت کی چیزوں کو نشانہ بنانے کے لیے اماراتی سر زمین پر حملہ کیا تھا، جو اس امر کی یاد دلاتا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپوں کی طرف سے آج بھی خطرات موجود ہیں۔
واضح رہے اسی طرح کے ایک بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن پہلے کہہ چکے تھےکہ امریکہ اس موقف پر قائم ہے کہ موثرسفارتکاری کے ذریعے یمن کی جنگ کو امن کی طرف لایا جا سکتا ہے۔

سیاسی جماعتیں فوج کی عدم مداخلت کے موقع سے فائدہ اٹھائیں: صدر مملکت

کراچی: (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے ارادے کو سراہتے ہیں۔
تاجر رہنماؤں سے گفتگو میں عارف علوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں فوج کی عدم مداخلت کے موقع سے فائدہ اٹھائیں، مسائل کے حل کیلئے جمہوری طریقہ اپنائیں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت ہی عوام کو مشکل فیصلوں پر رضامند کرسکتی ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کی نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ کوئی ریلیشن شپ نہیں ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا آج تک کون سا سیاسی رہنما آیا ہے جو اپنی حکومت گرا دیتا ہے؟ صاف اور شفاف الیکشن کیلئے ہم نے اپنی دو حکومتیں گرائی ہیں، پیشگوئی ہے جو کچھ بھی ہو حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائے گی۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی دور میں نیب آرڈیننس سے بری ہونیوالوں کی تفصیلات طلب کرلیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں قومی احتساب بیورو (نیب) آرڈیننس سے بری اور مستفید ہونے والوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں3 رکنی خصوصی بینچ نےکی۔
وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نےکہا کہ عدالت نے آبزرویشن دی کہ 386 کیسز میں سے کتنے اراکین پارلیمنٹ کے تھے؟ تاہم عدالت یہ بھی پوچھ سکتی تھی کہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور میں 5 نیب آرڈیننس لائےگئے، ان آرڈیننسز کے تحت کتنے نیب ریفرنس واپس اور افراد بری ہوئے۔
مخدوم علی خان نےکہا کہ عدالت یہ بھی پوچھےکہ تحریک انصاف کے آرڈیننسز سے بری ہونے والے ملزمان میں کون کون شامل ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون میں حالیہ ترامیم پرانے قانون کا ہی تسلسل ہے، عدالت خود کو 386 نیب کیسز تک محدود نہ رکھے۔
جسٹس منصور علی شاہ نےکہا کہ ایسا کہنا درست نہیں کہ نیب کیسز سے بری ہونے والے صاف شفاف ہوکرگھر چلے جاتے ہیں، یہ تاثر غلط ہےکہ نیب ختم ہو جانے سے قانون کی گرفت بھی ختم ہو جائےگی۔
جسٹس اعجازالاحسن نےکہا کہ تحریک انصاف کا موقف ہےکہ نیب کیسز میں جرم ثابت کرنےکا معیار ہی بدل دیا گیا ہے، سوال یہ بھی اہم ہےکہ نیب کیسز میں سزائیں ہونےکے بعد حالیہ ترامیم کا اطلاق ماضی سےکیسے ہوسکتا ہے،اگر احتساب عدالت جرم سے بری کر دے تو ملزم گھر ہی جائےگا۔

یو اے ای نے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس رول اوورکر دیے: گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان میں اپنے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس رول اوورکردیے ہیں۔
اس بات کا انکشاف گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نےکراچی چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ پورٹ پہ رکے ہوئے5700 کنٹینرزکو ریلیزکرنا ہے، اسے حل کریں گے۔
اس سے قبل فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزکامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےگورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ہمیں کاروبار کو سہولت دینا ہے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب اقدامات کرنے پڑے، ہماری امپورٹس کم ہوئی ہیں، 33 ہزار لیٹر آف کریڈٹس کےکیسزکلیئرکیے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے ملک میں ڈالرز آنے والے ہیں، جس کے بعد زر مبادلہ کے ذخائر بڑھنا شروع ہوجائیں گے ، مزید ڈالرز آتے ہی مزید امپورٹ کی سہولت دیں گے۔
ایک سوال پر گورنر اسٹیٹ بینک نےکہاکہ ڈالرزکے معاملے پر بینکس کے خلاف تحقیقات مکمل ہیں، جلد ایکشن لیا جائےگا،کسی بینک کو نہیں چھوڑیں گے، رپورٹ 23 جنوری کو سامنے آئےگی۔

ملک میں سونا 2100 روپے مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 2100 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔
2100 روپے اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 86 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کا بھاؤ 1801 روپے اضافے سے ایک لاکھ 59 ہزار 894 روپے ہے۔
عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 6 ڈالر اضافے سے 1915 ڈالر فی اونس ہے۔

1300 پوائنٹس گرنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا باؤنس بیک

کراچی: (ویب ڈیسک) 1300 پوائنٹس گرنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا باؤنس بیک ، 100 انڈیکس 448 پوائنٹس بڑھ گیا۔
آج 100 انڈیکس 448 پوائنٹس اضافے سے 38 ہزار 791 پر بند ہوا ہے۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 684 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔
بازار میں 15 کروڑ شیئرز کے سودے 5 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 35 ارب روپے اضافے سے 6 ہزار 169 ارب روپے ہے۔