کراچی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم، متعدد زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں قائم ضلعی ریٹرننگ آفس میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں نے کارکنان کے ساتھ کیماڑی کے ڈی آر او آفس پر دھرنا دیا ہوا ہے جن کا مطالبہ ہے کہ ہمیں فارم گیارہ اور بارہ دیے جائیں، مظاہرین کا یہ بھی الزام ہے کہ الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کے ساتھ ملکر نتائج تبدیل کررہا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کراچی کے صدر بلال غفار کے ہمراہ کیماڑی ڈی آر او آفس پہنچے، اس دوران پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پھر دونوں جانب سے لاٹھیوں، ڈنڈوں، لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
مشتعل مظاہرین نے ڈی آر او آفس پر بھی پتھراؤ کیا جس کے باعث دفتر کے شیشے اور دروازے کو بھی نقصان پہنچا۔
دونوں جماعتوں کے کارکنان نے پتھراؤ بھی کیے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس خاموش تماشائی بن کر کھڑی رہی جبکہ پی ٹی آئی کارکنان نے اپنے رہنماؤں کو حصار میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان کی جانب سے علی زیدی اور بلال غفار پر حملہ کیا گیا جبکہ پیپلزپارٹی نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنان پر حملہ کیا گیا اور علی زیدی نے آکر پی ٹی آئی کارکنان کو مشتعل کیا۔
پی ٹی آئی ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ علی زیدی بھگدڑ کے نتیجے میں معمولی زخمی ہوئے جبکہ 8 کارکنان کو زیادہ چوٹیں آئیں ہیں۔
پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنان کے پتھراؤ کی زد میں میڈیا نمائندگان بھی آئے اور ایک نجی چینل کا رپورٹر زخمی بھی ہوا، جسے قریب میں واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اُدھر پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کی بی ٹیم نے ہم پر منصوبہ بندی کے ساتھ سندھ پولیس کی سربراہی میں حملہ کیا اور دھاوا بولا۔
اطلاعات کے مطابق صورت حال کشیدہ ہونے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے ڈی آر او کیماڑی آفس پہنچ کر دونوں جماعتوں کے کارکنان کو منتشر کیا اور لاٹھی چارج بھی کیا۔

اوکاڑہ: دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے ایک شخص قتل

اوکاڑہ: (ویب ڈیسک) دیرینہ دشمنی پر ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ منڈی احمد آباد کی حدود جھگی شام میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقہ کا گھیراؤ کرکے کارروائی کا آغاز کر دیا،قتل ہونے والے شخص کی شناخت اقبال کے نام ہوئی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

عمران خان انتخابی اخراجات کیس ، الیکشن کمیشن کل محفوظ فیصلہ سنائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عمران خان کی جانب سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کل محفوظ فیصلہ سنائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ضمنی انتخاب میں 7 حلقوں میں کامیاب ہوئے تھے، الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر کارروائی شروع کی تھی۔
الیکشن کمیشن کل محفوظ فیصلہ سنائے گا جس کے بعد سامنے آئے گا کہ عمران خان کا ضمنی انتخابات میں کامیابی کا نوٹیفکیشن ہو گا یا نہیں؟

روسی وفد نے تیل اور گیس کی فراہمی سے متعلق پیشکش دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) روس سے خام تیل، پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی خریداری کے سلسلہ میں روس اور پاکستان کے مابین مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا، روسی وفد نے تیل اور گیس کی فراہمی سے متعلق پیشکش دے دی۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں روس اور پاکستان کے ماہرین نے مذاکرات کیے، روسی وفد کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر رشین اقتصادی امور اسرافیل علی زادے نے کی، پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری اقتصادی امورکاظم نیاز نے کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل سیشن میں دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں سے متعلق اعداد و شمار کا تبادلہ کیا، روس سے تیل اور گیس کی درآمدی قیمت سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں، تیل اور گیس کے قلیل المدتی، درمیانی مدت اور طویل المدتی روڈ میپ تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی وفد نے تیل اور گیس کی فراہمی سے متعلق پیش کش دے دی، وفد نے کہا کہ روس پاکستان کی توانائی کی ضروریات پورا کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے ملک میں تیل اور گیس کی رسد اور طلب کا ڈیٹا فراہم کیا، تیل اور گیس کن شرائط، قیمت اور مقدار میں فراہم کیا جا سکتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان حتمی ورکنگ پیپر تیار کرنے پر اتفاق ہوا، انٹر گورنمنٹل مذاکرات میں ادائیگیوں اور شپنگ کے طریقہ کار پر بھی بات چیت ہوئی، دونوں ملکوں کے وفود کی تکنیکی معلومات کل کے مذاکرات کے ایجنڈے کا حصہ ہوں گی۔
روس اور پاکستان کے درمیان کل وزرا کی سطع پر مذاکرات ہوں گے، دنوں ممالک کے وزرا ٹیکنیکل معلومات پر حتمی نتائج پر پہنچیں گے، تیل اور گیس کی خرید و فروخت سے متعلق کل ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت کا امکان ہے، طویل المدتی ایل این جی معاہدے نارتھ ساؤتھ گیس منصوبے پر بھی پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایران کی حدود سے دہشت گردوں کا حملہ، 4 سکیورٹی اہلکار شہید

پنجگور: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں نے ایران کی حدود سے حملہ کر کے 4 سکیورٹی اہلکاروں کو شہید کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ پاک ایران بارڈر کے چکاب سیکٹر پر میں پیش آیا جہاں دہشت گردوں نے ایرانی سر زمین سے سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بارڈر پر گشت کے دوران نشانہ بنایا گیا، حملے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے، ایران سے حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں تیز کر دیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تیاریاں تیز کر دیں۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی انتخابات میں آر ایم ایس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ضمنی انتخابات میں بروقت نتائج دینے کے باعث آر ایم ایس کا استعمال کیا جائے گا، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے اپنے عملے کی آر ایم ایس سسٹم سے متعلق ٹریننگ بھی شروع کر دی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کے عملے کی ٹریننگ کا عمل وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبوں میں جاری ہے، دو روزہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم سے متعلق ٹریننگ مرحلہ وار کرائی جا رہی ہے، آر ایم ایس سسٹم نتائج کی بروقت فراہمی میں مدد گار ثابت ہو گا۔

دفتر خوان اور پاکستان ایئر فورس کی شراکت سے تعمیر ‘الفا’ کا افتتاح

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ایرو سپیس اور ٹیکنالوجی پارک میں واقع الفا ایک کو ورکنگ سپیس ہے جس کی بنیاد دفتر خواں نے ایویشن سٹی پاکستان کے اشتراک سے رکھی ہے، الفا کا افتتاح دسمبر 2022ء میں ہوا تھا جبکہ ایویشن سٹی پاکستان ایئرفورس کا ایک منصوبہ ہے۔
الفا پرانے اسلام آباد ایئرپورٹ پر واقع ہے جو جدت پسند ٹیک کمپنیوں کو ایروسپیس، آئی ٹی اور سائبر ٹیک جیسے شعبہ جات میں مشغول ہونے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے، نیشل ایرو سپیس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کو پاکستان کے پہلے نیشنل انکیوبیشن سینٹر کا بھی اعزاز حاصل ہے، جس میں ایرو سپیس عمودی اور گہری ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جبکہ اس میں فنڈنگ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے اگنائٹ نے کی ہے۔
الفا، دفتر خوان کے منفرد آفس ڈیزائن اور ماحول کی عکاسی کرتا ہے، 450 سے زائد ممبران کی گنجائش رکھنے والی اس سائٹ میں ملٹری گریڈ سکیوٹی، محفوظ پارکنگ، 10،000 مربع فٹ کا کیفے، ایک پوڈ کاسٹ، ڈے کیئر کی سہولت، بینکنگ سینٹرز، اے ٹی ایم اور قانونی، ریگولیٹری سہولیات اور اداروں کے ون ونڈو آپریشن شامل ہیں۔
اے سی پی پی ایل کے سی ٹی او ڈاکٹر توصیف الرحمان نے کہا ہے کہ نیشنل ایروسپیس اینڈ ٹیکنالوجی پارک بنانے کا بنیادی مقصد نجی اداروں کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنا ہے تاکہ پاکستان کے تکنیکی شعبے میں پیداوار اور پائیدار ایجادات کرنے کی قابلیت پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہیں ٹیم دفترخوان کے ساتھ شراکت پر فخر ہے، دفترخوان ، پارک میں موجودی اینٹرپرائزز کے لئے نا صرف بہترین آفس سپیس کا تجربہ لا رہی ہے بلکہ پارک میں ایروسپیس، آئی ٹی اور سائبر ٹیکنالوجی سے منسلک کمیونٹی تیار کرنے میں بھی مدد کر رہی ہے۔
دفترخوان آج لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 8 سائٹس رکھتی ہے جو کہ کل رقبے میں 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مربع فٹ پر مشتمل ہیں، ان 8 سائٹس میں 3000 سے زائد ممبران کی گنجائش ہے، یہ ممبران ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے لے کر صحت اور تعلیم تک 200 مختلف صنعتوں سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں دراز،ٹن ٹاش، کریم ، اسٹارز پلے اور ریڈ بل قابل ذکر ہیں، اسی طرح کئی مقامات اور بین الاقوامی صنعتوں نے آفس سپیس کے لیے دفترخوان کا انتخاب کیا ہے جو کہ کاروباری جدت اور پائیداری کا ثبوت ہے۔
دفترخوان کے سی ای او اور شریک بانی سعد ادریس نے کہا کہ نیشتل ایرو سپیس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پاکستان کے ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینے والا ملک کا سب سے جدید سرکاری ادارہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون سے کچھ جدید ترین ٹیکنالوجی کی پیشرفت ہوئی ہے، نیشنل ایروسپیس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ دفتر خوان کو پاکستان کی ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کی صنعتوں کو نئے سرے سے بنانے میں مدد کرنے کا موقع حاصل ہے اور وہ اس تاریخی اقدام کو یقینی بنانے کے لئے پرجوش ہیں۔
پچھلے سال کے شروع میں دفترخوان نے ایمرجنگ مارکیٹ پراپرٹی گروپ (ای ایم پی جی) کی مدد سے سرمایہ کاری حاصل کی، ای ایم پی جی ایک ٹیک انٹرپرائز ہے جو خطے میں کلاسیفائیڈ انڈسٹری میں اپنی مثال آپ ہے، پاکستان میں زمین ڈاٹ کام، او ایل ایکس اور زمین ڈویلپمنٹس، ای ایم پی جی کی ملکیت ہیں۔

اشرف محمود وتھرا نیشنل بینک بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین تعینات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خزانہ نے اشرف محمود وتھرا کو نیشنل بینک بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اشرف محمود وتھرا کی تعیناتی 3 سال کے عرصے کے لئے کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں نیشنل بینک کے لئے 2 ڈائریکٹرز کی تعیناتیاں بھی کر دی گئی ہیں، نسیم احمد اور علی سید کو ڈائریکٹر نیشنل بینک تعینات کیا گیا ہے۔

ہمارے پاس ان کیلئے سرپرائز ہی سرپرائز ہیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ان کے لیے سرپرائز ہی سرپرائز ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو ابھی پتہ نہیں کہ انہوں نے کیا کیا ہے اور راجہ پرویز اشرف کو جلد پتہ چل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان کیلئے سرپرائز ہی سرپرائز ہیں اور میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ابھی پتے شو کرنا شروع کیے ہیں۔
فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن ہم اتنے ہی لوگوں کو اپنے ساتھ شامل کریں گے جتنی ہمارے پاس جگہ ہو گی۔

فیروزخان کو اب 10 شوبز ستاروں اور ان کے وکلا کا سامنا کرنا ہوگا، ثروت گیلانی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی نے فیروز خان کے لیگل نوٹس پر انہیں قانونی کاروائی کے انتظار کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
ثروت گیلانی نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا کہ فیروز خان نے قانونی نوٹس پبلک کرنے کے ساتھ ان کے ذاتی نمبرز بھی لیک کیے ہیں، جس کے بعد پہلے وہ اپنی سابقہ اہلیہ اور ان کے وکیل کا سامنا کر رہے تھے لیکن اب انہیں 10 شوبز شخصیات اور ان کے وکلا کا سامنا کرنا ہوگا۔
ثروت گیلانی نے اپنے موبائل فون ڈیٹا کی تصویر بھی شئیر کی، جس میں ان کو ڈھیروں نامعلوم نمبرز سے کالز موصول ہو رہی ہیں۔
اداکار یاسر حسین نے بھی فیروز خان کے بارے میں لکھا کہ ایک شخص نے پہلے اپنے بیوی کو مارا اور اب ہمارے نمبر لیک کر دئیے، جس کے پاس سے انہیں تنگ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے پاکستانی اداکار فیروز خان نے اپنے خلاف ٹوئٹس کرنے پر متعدد شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے 15 دن میں تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ قانونی نوٹس کو پبلک کرتے ہوئے انہوں نے شوبز ستاروں کے ذاتی نمبر بھی پبلک کر دئیے۔