بابر اعظم ہی قومی کپتان ہیں، ان کو بھرپور سپورٹ کرنا ہوگی، سرفراز احمد

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اگر میچ جیت جاتے تو بہت خوشی ہوتی، ہوم گراؤنڈ پر سنچری اسکور کر کے اچھا لگا، بابر اعظم ہی قومی کپتان ہیں، ان کو بھرپور سپورٹ کرنا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ چار سال کا عرصہ مشکل تھا، ٹیم میں شامل رہا لیکن کھیلنے کا موقع نہیں مل رہا تھا، تبدیلوں کے بعد چیف سلیکٹر اور سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی نے ہمت بندھائی اور کپتان بابر اعظم نے حوصلہ دیا، طویل انتظار کے بعد کیریئر کی چوتھی ٹیسٹ سنچری کے ساتھ بہترین انفرادی اسکور کرنے پر خوشی ہوئی لیکن پاکستان جیت جاتا تو اچھا لگتا۔
انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر پاکستان فتح کے دہانے پر پہنچ چکا تھا،کھیل کے آخری سیشن میں وکٹیں بچانا بھی بہت ضروری تھا، اگر سعود شکیل یا سلیمان علی آغا وکٹ پر ٹھہر جاتے تو ہم ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے تھے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ’ہوم گراؤنڈ پر جیت کی خواہش تھی، ہم سلو نہیں کھیلے بلکہ سیشن بائی سیشن کھیلنے کی کوشش کی، آخری سیشن میں جیت کی طرف جانے کی کوشش کی تھی لیکن ایسا نہ ہوسکا، سنچری اسکور کرنے پر اعزازی بورڈ پر اپنا نام لکھنا اچھا لگتا ہے، بظاہر یہ لگتا ہے کہ پاکستان دفاعی کرکٹ کھیلتا ہے لیکن ٹیسٹ کرکٹ سیشن بائی سیشن کا کھیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھی اور کئی صحافی حوصلہ بڑھاتے رہے، سابق ٹیسٹ کپتان معین خان، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر اور منیجر و کوچ اعظم خان نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا۔
ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ ’انگلینڈ کی ٹیم کا اپنا انداز ہے، ہر ٹیم اس کو فالو نہیں کرسکتی، نیوزی لینڈ کی ٹیم کا بھی اپنا انداز ہے،تاہم بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بھی بہتر ہوئی ہے قومی ٹیم میں متعدد باصلاحیت نئے کھلاڑی آئے ہیں، امید ہے کہ وہ مستقبل میں پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، میں نےماضی میں اپنے کیریئر کے دوران متعدد اچھی اننگز کھیلیں لیکن کراچی میں ٹیسٹ کیریئر کی بہترین اننگ کھیلی‘۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی تعزیت کیلئے شہید آئی ایس آئی ڈائریکٹر نوید کے گھر آمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف تعزیت کیلئے آئی ایس آئی کے شہید ڈائریکٹر نوید صادق کے گھر پہنچ گئے، اہلیہ، بیٹے اور صاحبزادی سے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نوید صادق کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور شہید کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نوید صادق کو ہلال شجاعت، انسپیکٹر ناصر عباس کو ستارہ شجاعت دینے کا اعلان بھی کیا۔
وزیر اعظم نے شہداء کو خراج عقیدت پیچ کرتے ہوئے کہا کہ نوید صادق اور ناصر عباس پر پوری قوم کو فخر ہے، شہدا نے وطن عزیز کے تحفظ اور سلامتی کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں، نوید صادق نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مثالی خدمات انجام دیں۔

علامہ ناصر عباس کی عمران خان سے ملاقات، پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دینے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی خواہش پر ملاقات کیلئے زمان پارک پہنچے اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کی ایم پی اے سیدہ زہرہ نقوی کی جانب سے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ نہ دینے کے بیان پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پنجاب حکومت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا جس پر عمران خان نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی، اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے آئندہ بھی سپورٹ کرنے کا عزم دہرایا۔

کراچی: گلشن اقبال 13 ڈی کےکوچنگ سینٹر میں فائرنگ، طالبعلم جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) گلشن اقبال بلاک 13 ڈی کے ایک کوچنگ سینٹر میں فائرنگ سے ایک طالب علم جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز کوچنگ میں کچھ طلبہ کا جھگڑا ہوا تھا جس پر انتظامیہ نے صلح کرا دی تھی، آج ایک نوجوان اپنے ساتھ لڑکوں کو لایا اور فائرنگ کر دی، زخمی کو فوری طور پر ہسپتال روانہ کیا گیا جہاں علاج کے دوران چل بسا۔
پولیس نے نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم بوری میں کلاشنکوف رکھ کر کوچنگ سینٹر لایا۔
فائرنگ کے واقعے میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا، پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کر لیں گے۔
واضح رہے کہ زخمی اور جاں بحق طالب علم آٹھویں اورنویں جماعت کے طالب علم ہیں، ملزم کی شناخت لقمان کے نام سے ہوئی ہے۔

امپورٹڈ حکومت گھٹیا پن چھوڑے، عمران پر حملہ کی شفاف تحقیقات کرائے، فیاض چوہان

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت گھٹیا پن سے باہر آئے اور عمران خان پر حملہ کی شفاف تحقیقات کرائے۔
رانا ثناء اللہ کی جانب سے عمران خان کو لگنے والی گولیوں کا مذاق اڑانے کے رد عمل میں ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی گراوٹ کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ایف آئی آر کاٹنے کی بجائے عمران خان کا مذاق اڑا رہی ہے، یہ لوگ وفاقی اداروں کو استعمال کر کے افسران بالا اور جے آئی ٹی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔
فیاض چوہان نے کہا کہ عمران خان نواز شریف کی طرح بیماری کا ڈرامہ رچا کر ملک سے فرار نہیں ہوا، عمران خان نے پاکستان کے اندر رہ کر ہمت اور جرات کے ساتھ سازشوں ، ظلم و جبر اور استبداد کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو آنکھوں دیکھا مجرم عمران خان پر گولی چلاتا پکڑا گیا اسے میڈیا پر بٹھا کر عمران خان کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کی گئی، یہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی واضح اور گھٹیا مثال ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ن لیگی قیادت کا ملزم نوید کے وکیل کو میڈیا پر بٹھانے سے عمران خان کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوا ہے، عمران خان جیسے پاپولر لیڈر پر حملہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازش ہے، عمران خان پر حملہ کرنے والے عناصر کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔

صحرائے تھر میں تھر فلڈ ریلیف جیپ ریس کا انعقاد

کراچی: (ویب ڈیسک) صحرائے تھر میں سیاحت کو اجاگر کرنے کے لیے محکمہ سپورٹس سندھ اور سندھ موٹر ایسوسی ایشن کے جانب سے تھر فلڈ ریلیف جیپ ریس کا انعقاد کیا گیا۔
تھر فلڈ موٹر ریس میں دوسرے روز کوالیفائیڈ راؤنڈ میں 67 گاڑیوں نے حصہ لیا، سٹاک کیٹیگری کی 44، پری پیڈ کیٹیگری کی 23 گاڑیاں شامل ہیں، ریس کی نگرانی صوبائی مشیر برائے کھیل ارباب لطف الله نے کی۔
کوالیفائیڈ راؤنڈ مین سٹاک کیٹیگری میں پہلی پوزیشن آصف عمران، دوسری پوزیشن میر نواز دستی اور تیسری پوزیشن بلال چودھری نے حاصل کی، پری پیڈ کیٹیگری مین پہلی پوزیشن نعمان دوسری پوزیشن شیراز قریشی اور تیسری پوزیشن شہزادحاصل کی۔
جیپ ریس میں دوسرے کھیلوں کے مقابلے بھی ساتھ ساتھ جاری ہیں، جن میں میراتھن ریس اور گھوڑوں کی ریس شامل ہے۔

سجاول کے ساحلی علاقے میں ماہی گیروں کی کشی ڈوب گئی

سجاول: (ویب ڈیسک) سجاول کے ساحلی علاقے جاتی کے قریب سمندری حدود میں مچھلی کا شکار کرنے والے ماہی گیروں کی کشتی ڈوب گئی۔
پاکستان فشر فوک کے مطابق کشتی میں سوار 5 ماہی گیر ڈوب گئے، ایک ماہی گیر نے تیر کر جان بچالی، 4 ماہی گیر لاپتہ ہیں، لاپتہ ہونے والے ماہگیروں میں اسماعیل بوریو، اعجاز بوریو، عرفان بوریواور نیاز علی بوریو شامل ہیں۔
ڈوبنے والے ماہی گیروں کے ورثا نے لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کرنے کے لئے انتظامیہ سے اپیل کی ہے، انتظامیہ کی جانب سے ماہی گیروں کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن شروع نہیں کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کشتی تیزہواؤں کے باعث طوفانی لہروں میں کنٹرول نہ ہوسکنے کی وجہ سے ڈوبی۔

پاکستان کی سب سے بڑی ٹیک کانفرنس و نمائشFUTURE FEST کا افتتاح

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی سب سے بڑی ٹیک کانفرنس و نمائش،لاہور ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگئی ہے،یہ ایونٹ8جنوری تک عوام کیلئے جاری رہے گا۔
FUTURE FEST 2023میں 250سے زائد مقرر،15ممالک کے 150بین الاقوامی خصوصی مہمان،100سے زائد کلیدی شراکت دار،20سے زائد سرگرمیاں اور 50ہزار سے زائد شرکاء موجود ہونگے۔
پاکستان کے مستقبل کی راہ ہموار کرنے کیلئے،ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے وقف Future Fest 2023ایک تین روزہ ایونٹ ہے،جہاں 50سے زائد صنعتوں کے رہنما زندگی کے مستقبل پر بات چیت کیلئے موجود ہوں گے۔کاروباری افراد،فیصلہ ساز،پالیسی ساز،ترقی پسند سوچ رکھنے والے،سرمایہ کار، اوراختراع کار موجودہ دور کے اہم ترین پہلوؤں اور
#SaveTheFutureمیں ٹیکنالوجی کے مثبت کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کرینگے۔
اس برس کانفرنس میں سعودی اسٹارٹ اپس اور وینچر کیپیٹلسٹ کا ایک تاریخی وفد بھی شرکت کررہا ہے،جو پاکستانی کمپنیوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سرمایہ کاری،شراکت داری،ایکیوزیشنز اور ہنر مندوں کی بھرتیوں کیلئے ملاقات کرے گا۔اس وفد کی آمد اور پاکستان کے مستقبل میں دلچسپی درحقیقت پاکستان کی معیشت کیلئے انتہائی بروقت ہے۔
افتتاحی تقریب میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ورچوئل پیغام میں ملک میں مندوبین کا خیر مقدم کیا اورابھرتی ہوئی مقامی ٹیک انڈسٹری کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری کے عظیم مواقعوں پر روشنی ڈالی۔
اس کے بعد ملکی معیشت کیلئے ٹیک میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر کلیدی مکالمہ ہوا،صدر پاکستان نے اس حوالے سے خصوصی وڈیو پیغام بھی ارسال کیا،اس کلیدی مکالمہ کے دیگر شرکاء میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی مشیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد،چیئرمین امارت گروپ آف کمپنیز شفیق اکبر،منیجنگ ڈائریکٹر Ejad Labs و چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن اعظم ملک اور
Ejad Labs / Future Fest. کے سی ای او آرزش اعظم شامل تھے۔اس موقع پر ایک فائر سائیڈ چیٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا،جس میں Driven Enterprise Director،ڈیجیٹل کو آپریشن آرگنائزیشن Karim Samakie،وزارت خارجہ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے مشرق وسطیٰ رضوان سعید شیخ،اور Lucidکے وائس پریذیڈنٹ و منیجنگ ڈائریکٹر فیصل سلطان شریک تھے۔اس موقع پر شرکاء میں پاکستان کے وزیر خارجہ کے سابق مشیر جناب عمران اختر بھی موجود تھے جنہوں نے 2020 میں بانی رکن کے طور پر ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن میں پاکستان کی شمولیت کا آغاز کیا اور اس کی قیادت کی۔
دن کے اختتام پر صنعت کے سرکردہ رہنماؤں کی جانب سے 50سے زائد کلیدی مکالمہ،ماسٹر کلاسز،فائر سائیڈ چیٹس،اور پینل سیشنز کا
اہتمام کیا گیا،جس میں web3،اسکیلنگ ٹیک،ورلڈ ویو،گیمنگ،اسٹوری ٹیلنگ،پالیسی اور گورننس کے متنوع موضوعات پر بات چیت کی گئی۔
Future Fest 2023 کے پہلے روز کے چند نمایاں سیشنز میں سی ٹی او Hazel Mobile, کے وقاص احمد کی جانب سے گیمنگ،سی ای او لوٹس کلائنٹ مینجمنٹ و پبلک ریلیشنز سلینا سعدیہ راشد خان کی جانب سے مارکیٹنگ و ایڈورٹائزمنٹ،سینئر معیشت دان،فوڈ و ایگرکلچرل آرگنائزیشن یونائیٹڈ نیشنز احمد مختار کی جانب سے ورلڈ ویو،صدر اوپن سلیکون ویلی جنید قریشی،ایڈ وائزر و پراجیکٹ منیجروزارت انسانی وسائل و امارٹائزیشن سعید محمد الحبشی،اور بانی و سی ای او Survey Autoڈاکٹر عمر سیف کی جانب سے کلیدی خطاب شامل تھے۔
کوکا کولا کی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز،کمیونیکیشن و سسٹین ایبلیٹی عائشہ سروری اوربورڈ ممبر و ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ FDHL عابد چیمہ جیسے ماہرین نے پالیسی اور گورننس کے حوالے سے کلیدی خطاب کیا۔
Web3،اسکیلنگ ٹیک اور نیو میڈیا بہت زیادہ پسند کئے جانے والے موضوعات ثابت ہوئے،جہاں حاضرین Alterکے شریک بانی سید محمد زین العابدین نقوی اورMarketing & Growth – Gaper.ioکے وائس پریذیڈنٹ مصطفی نجوم جیسے ماہرین کی آراء سے مستقید ہوئے

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے عمران خان کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو 11جنوری کو دن 10 بجے طلب کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔
نوٹس کے مطابق مقررہ تاریخ کو ذاتی طور پر یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔ نااہلی کے باوجود عمران خان پی ٹی آئی کے چئیرمین ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہو کر وضاحت کریں۔
نوٹس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کا تذکرہ کیا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا گیا۔
نوٹس کے مطابق اثاثوں کے بارے میں غلط بیانی پر عمران خان نا اہل کیے گئے اور نااہل شخص پارٹی کا سربراہ نہیں رہ سکتا۔
الیکشن کمیشن نے نوٹس ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کے ذریعے بھجوایا اور نوٹس عمران خان کے بنی گالہ کے پتہ پر بھجوایا گیا۔

عمران خان مجھے ہمیشہ کہتے ہیں گھبرانا نہیں: وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی

گجرات: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان نے سب سے بہترین کام ہیلتھ سیکٹر میں کیا ہے، ہیلتھ کارڈ بہت بڑا اثاثہ ہے، ہم ہر قسم کا علاج ادھر لا رہے ہیں۔
گجرات میں یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان مجھے ہمیشہ کہتے ہیں گھبرانا نہیں ہے، حکمران اگر بے ایمان ہو تو برکت ختم ہو جاتی ہے، یہ سارے ڈالر ادھر سے لے جاتے ہیں اور واپس اسحاق ڈالر لے کر آتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے میرے خلاف پراپیگنڈہ شروع کیا کہتے ہیں ان کے پاس پیسے کہاں سے آئیں گے، شہبازشریف نے زندگی میں بہت جھوٹ بولے، یہ جو مہنگائی کا طوفان ساتھ لے کر آئے وہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔
انہوں نے مزید کہا وزیر آباد کارڈیالوجی کو ہم 200 سے 400 بیڈز پر لے کر جا رہے ہیں، منڈی بہاؤالدین میں بھی 9 ارب کے منصوبے چل رہے ہیں، ہم گجرات کیلئے ایک بہت بڑا ڈینٹل کالج بھی دے رہے ہیں، تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا نہ ہی قوم بن سکتی ہے۔