وزیراعظم کی 5 سے 12سال کے بچوں کی 100فیصد کورونا ویکسینیشن یقینی بنانےکی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے 5 سے 12 سال کے بچوں کی 100 فیصد کورونا ویکسینیشن کو ہنگامی بنیادوں پریقینی بنانےکی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں کورونا کی صورت حال پر جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں کورونا کی صورت حال قابو میں ہے، 5 سے 12 سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسینیشن کو ہنگامی بنیادوں پریقینی بنایا جائے، سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر آمدورفت پر اسکریننگ کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کے نظام کی تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پچھلے 15 ہفتوں میں کورونا سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند امر ہے، مجھ سمیت پوری قوم ویکسین عطیہ کرنے والے ممالک کی شکر گزار ہے۔
انہوں نےکہا کہ کورونا انفیکشن کی کم شرح خوش آئند ہے مگر ہمیں ہر وقت تیار رہنا ہوگا،کورونا کے پھیلاؤ کو روکنےکے لیے اقدامات کرنے والے تمام عہدیداران اور این سی او سی کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

پنجاب حکومت کا بازار جلد بند کرنے سے متعلق وفاق کا حکم ماننے سے انکار

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے بازار جلد بند کرنے سے متعلق وفاق کا حکم ماننے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ ہم خود کریں گے اور تمام اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
وفاقی کابینہ نے توانائی بچت پلان کے تحت بازار، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس جلد بند کرانے کے حکومتی فیصلے کی منظوری دے ہے جسے تمام صوبوں میں نافذ کیا جائے گا تاہم پنجاب حکومت نے فیصلے پر عمل درآمد کرنے سے انکار کردیا ہے۔
پنجاب کے سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دکانیں رات آٹھ بجے بند کرنے کا فیصلہ خود کرے گی، اس کیلئے پنجاب حکومت اپنی کابینہ کا اجلاس خود بلائے گی، ملک میں بے روزگاری بہت بڑھ رہی ہے اس بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ناکامی کے فیصلے عجلت میں کررہی ہے لیکن ہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں گے، پنجاب کے چیمبرز اور دکان داروں سے میٹنگ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت پہلے ہی سکڑ گئی ہے، حکومت اپنی ناکامی کا بدلہ عوام سے لے رہی ہے، امپورٹڈ حکومت کے فیصلے پنجاب حکومت کسی صورت میں نہیں مانے گی۔

افغانستان کو بتا دیا کہ پاکستان کی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے، حنا ربانی کھر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم پڑوسیوں سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، افغانستان کو بتا دیا کہ پاکستان کی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ کے ان کیمرہ اجلاس میں وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے دورہ افغانستان بارے بریفنگ دی، وزیر مملکت برائے خارجہ نے واضع کیا کہ ہمارے خلاف کالعدم ٹی ٹی پی کی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں۔
انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ افغان حکام نے بھرپور تعاون کیا ، افغان حکام نے یقین دلایا کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
حنا ربانی کھر نے بتایا کہ افغان نائب وزیر اعظم ، وزیر خارجہ ، وزیر تجارت اور خواتین چیمبر آف کامرس سے ملاقات کی ، اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی محسن داوڑ نے کی ، اجلاس میں وزارت خارجہ و داخلہ حکام نے شرکت کی۔

نصرت فتح علی خان کا نام تاریخ انسانی کے 200 عظیم ترین گلوکاروں میں شامل

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکہ کے معروف جریدے رولنگ اسٹون نے لیجنڈری پاکستانی گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کو تاریخ انسانی کے 200 عظیم ترین گلوکاروں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
رولنگ اسٹون نے استاد نصرت فتح علی خان کا تعارف کراتے ہوئے انہیں ’شہنشاہ قوالی‘ کہا اور انہیں قوالی کی سلطنت کا آئیکون قرار دیتے ہوئے صدیوں پر محیط ان کے خاندانی وراثت کی تحسین کی۔
میگزین کے مطابق نصرت فتح علی خان نے اپنی بے مثل گائیکی سے پوری دنیا میں لوگوں کے دل جیتے اور خصوصی طور پر اسی کی دہائی میں پیٹر گیبریئل کیئے ’ریئل ورلڈ لیبل‘ کیلئے ان کی ریکارڈنگ اور پرفارمنس نے لوگوں کو بہت متاثر کیا۔
امریکی جریدے کے مطابق نصرت فتح علی خان کے مشہور مداحوں میں شہرہ آفاق گلوکار میڈونا بھی شامل تھی جبکہ ایڈی ویڈر نے ’ڈیڈ مین واکنگ‘ کو ان کے ساتھ مل کر گایا۔
مضمون نگار نے مزید لکھا ہے کہ جیف بکلے نصرت فتح علی خان کو ’میرا ایلوس‘ کہتے تھے اور انہوں نے استاد کے ساتھ اچھے طریقے سے کام کرنے کیلئے اردو زبان بھی سیکھی۔
عظیم ترین گلوکاروں کی فہرست میں انڈیا کی مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی جگہ پائی ہے اور رولنگ اسٹون نے ان کو ’پلے بیک گلوکاری کی ملکہ‘ اور ’سروں کی ملکہ‘ قرار دیا ہے۔

اب کوئی مجھے 25 کروڑ بھی دے تو چھوٹا کردار نہیں کروں گا، نوازالدین صدیقی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار نواز الدین صدیقی کا کہنا ہے کہ اب کوئی مجھے 25 کروڑ بھی دے تو کبھی چھوٹا کردار نہیں کروں گا۔
بالی ووڈ فلموں میں چھوٹے کردار ادا کرنے کے بعد اپنی محنت لگن اور بہترین اداکاری کے باعث شہرت کمانے والے نواز الدین صدیقی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ جہاں وہ آج ہیں اس مقام تک پہنچنے کیلئے انہوں نے ایک لمبا سفر طے کیا ہے۔
بالی ووڈ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد اب نواز الدین مشہور ہالی ووڈ ہدایتکار رابرٹو جیرالٹ کی فلم ’لکشمن لوپیز‘ میں مرکزی کردار اداکرتے نظر آئیں گے۔
اداکار کا کہنا ہے کہ انہوں نے قسم کھائی تھی کہ جب تک انہیں ہالی ووڈ کی فلم میں مرکزی کردار نہیں ملے گا وہ فلم میں کام نہیں کریں گے۔
نواز الدین صدیقی نے کہا کہ ’اپنے کیریئر میں، میں نے بہت سی فلموں میں کام کیا ہے جہاں میں نے چھوٹے چھوٹے کردار کیے ہیں اب تو آپ مجھے 25 کروڑ بھی دیں گے تو بھی میں کوئی چھوٹا کردار نہیں کروں گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ پیسہ اور شہرت صرف آپ کے کام کے نتیجے میں ملتا ہے، اگر آپ اپنا کام اچھے طریقے سے کریں گے تو پیسہ اور شہرت آپ کے پیچھے بھاگے گی۔ اگر آپ ان کا پیچھا کریں گے تو آپ انہیں کبھی نہیں پائیں گے، اس لیے بس اچھا کام کرتے رہیں‘۔
نواز الدین صدیقی نے مشورہ دیا کہ خود ایسا بنا لو کی پیسہ اور شہرت آپ کے غلام بن جائیں اور آپ کے پیچھے بھاگیں۔
یاد رہے کہ نواز الدین صدیقی نے سن 1999 میں عامر خان کی فلم ’سرفروش‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اس فلم میں انہوں نے ایک چھوٹا کردار ادا کیا تھا جس کے بعد کئی سالوں کی محنت سے 2012 میں انہیں فلم پتنگ میں اپنا پہلا مرکزی کردار ملا۔

صہیونی وزیر مسجد اقصیٰ میں گھس گیا، قبلہ اول کی بے حرمتی پر فلسطینی سراپا احتجاج

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیل کا انتہاپسند وزیرسیکورٹی اتمار بن گویر تقدس پامال کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں گھس گیا۔
اسرائیل کے وزیرسیکورٹی اتمار بن گویر نے مسجد اقصیٰ کے لیے یہودیوں کی جانب سے تخلیق کیے گئے نام ’ دی ٹیمپل ماؤنٹ‘ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ یہ جگہ کسی ایک کے لیے مخصوص نہیں بلکہ سب کے لیے کھلی ہوئی ہے۔اسرائیلی وزیر اپنے باڈی گارڈز اور یہودی انتہاپسندوں کے گروپ کے ساتھ مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں پھرتا رہا۔
صہیونی وزیر کی جانب سے قبلہ اول کی بے حرمتی پر فلسطینیوں میں اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے مسجد اقصیٰ کے باہر احتجاج کیا تاہم قابض اسرائیلی فوج نے صہیونی وزیر کو فول پروف سکیورٹی دینے کے لیے نمازیوں کو باہر نکالنے کے علاوہ مسجد کو چاروں جانب سے گھیر لیا تھا۔
فلسطین کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ میں گھسنے کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر کی حرکت سے تشدد کا آغاز ہوسکتا ہے۔ اردن نے بھی اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ میں گھسنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بھارت میں ہندوانتہاپسندوں کا چرچ پرحملہ اور توڑ پھوڑ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہندوانتہاپسندوں نے چرچ پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوانتہاپسندوں کے ہجوم نے ریاست چھتیس گڑھ کے شہر نارائن پورمیں چرچ پر حملہ کردیا۔ ڈنڈا بردار انتہاپسندوں نے چرچ میں توڑپھوڑ کی اور نقصان پہنچایا۔ہندو انتہاپسندوں نے چرچ میں موجود لوگوں ، پولیس اہلکاروں اور صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ہجوم تشدد اور توڑپھوڑ کی ویڈیو بھی بناتا رہا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں انتہاپسندوں کو توڑ پھوڑ کرتے اور پولیس اہلکاروں پرتشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ چرچ پرحملہ کرنے والوں میں سے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

یوکرینی فوجی کے ہیلمٹ سےگولی آرپار، سپاہی محفوظ

یوکرین: (ویب ڈیسک) روس یوکرین جنگ میں ایک غیرمعمولی انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس پیشانی کے اوپر اس کے ہیلمٹ پرگولی لگی اور اندر سے گزرتی ہوئی باہرنکل گئی۔ اس وقت سپاہی ہیلمٹ پہننے کے باوجود اس گولی سے محفوظ رہا جس کی ناقابلِ یقین ویڈیو دنیا بھر میں دیکھی جارہی ہے۔
اگلے محاذ پر لڑنے والے ایک سپاہی کی ویڈیو سامنے آئی ہے جو معجزانہ طور پر ایسی گولی سے بچ گیا جس سے موت یقینی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ سپاہی پہلے ہیلمٹ پہنے نظرآرہا ہے جبکہ بعد میں وہ ہیلمٹ اتار کر وہ جگہ دکھاتا ہے جہاں سے گولی داخل ہوئی اور ہیلمٹ کے پیچھے سے نکل گئی جس کے ساتھ اندر پلٹ پروف مٹیریئل کے ریشے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ہیلمٹ کے اندر گولی روکنے والی دبیز بلٹ پروف پرت ہے جسے کے اندر سے گولی گزری ہے اور سر بالکل محفوظ رہا ہے تاہم دوسری جانب یہ قیاس بھی کیا جارہا ہے کہ گولی نے اندر داخل ہوتے ہی اپنا راستہ بدل لیا ہوگا۔
سپاہی اس واقعے سے خوفزدہ دکھائی دے رہا لیکن اس کی کھوپڑی پر گولی رگڑنے کا نشان بھی دیکھا جاسکتا ہےجس نے بالوں کے درمیان راستہ بنایا ہے۔
سب سے پہلے یہ فوٹیج ریڈ اِٹ ویب سائٹ پر جاری کی گئی جہاں سے یہ دنیا بھر میں پھیلی ہے۔ اس پر عوام حیران ہیں اور انہوں نے ملے جلے ردِ عمل کا اظہارکیا ہے۔ بعض افراد نے جنگ کو براقرار دیتے ہوئے اسے انسانی دشمن قرار دیا ہے۔

50 ہزار سال قبل زمین کے قریب سے گزرنے والا دمدار ستارہ فروری میں پھر دکھائی دے گا

پیساڈینا، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ناسا اور دیگر اداروں کے مطابق اب سے 50 ہزار سال قبل زمین کے قریب سے گزرنے والا ایک روشن دمدار ستارہ گزشتہ سال مارچ میں دریافت ہوا تھا اور اب اچھی خبر یہ ہے کہ یکم سے تین فروری تک وہ زمین سے اتنے فاصلے سے گزرے گا کہ کسی دوربین کے بغیر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اس کامٹ کا نام C/2022 E3 (ZTF) ہے جو 12 جنوری کو سورج کے قریب ترین آجائے گا اور یکم تا تین فروری 2023 تک زمین کے قریب ہوگا۔ تاہم گہرے تاریک آسمانوں والے مقامات (ڈارک اسکائی) سے ہی انہیں دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد دھیرے دھیرے وہ مزید مدھم ہوجائے گا جس کے بعد دیکھنے کے لیے ایک چشمی یا دوچشمی دوربین کی ضرورت ہوگی۔
ناسا کے مطابق شمالی نصف کرے (ناردرن ہیمسفیئر) میں صبح کے وقت دکھائی دے گا، لیکن یہ عمل جنوری میں ہوگا۔ اس کے بعد فروری کی ابتدا میں جنوبی نصف کرے میں بھی دیکھا جاسکے گا۔ توقع ہے کہ 21 جنوری کو نئے چاند کے ساتھ سیاہ پس منظر اور صاف مطلع میں اس کا اچھا نظارہ ممکن ہوگا۔
ناسا کی مشہور جیٹ پروپلشن لیبارٹری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دمدارستارہ ہر 50 ہزار برس بعد زمین کے قریب سے گزرتا ہے اور توقع ہے کہ زمین سے 4 کروڑ 20 لاکھ کلومیٹر کی دوری سے گزرے گا جو غالباً دو فروری کا دن ہوگا۔

وائی فائی کے ذریعے دیوار کے پار دیکھنے کا کامیاب تجربہ

اونٹاریو: (ویب ڈیسک) جامعہ واٹرلو کے ماہرین نے وائی فائی استعمال کرتے ہوئے دیوار کے آرپار دیکھنے والا ایک نظام بنایا ہے اور اس پر لگائے جانے والے اضافی ہارڈویئر کی قیمت صرف 20 ڈالر ہے۔
اسے وائی پیپ (وائی تاکا جھانکی) کا نام دیا گیا ہے جسے جامعہ کے سائنسداں علی عابدی کی ٹیم نے تیار کیا ہے۔ وائی پیپ نامی ڈرون عمارتوں کے قریب جاتا ہے اور وہاں رہنے والوں کے وائی فائی نیٹ ورک استعمال کرکے فوری طور پر وائی فائی سے چلنے والے دیگر آلات کی شناخت کرسکتا ہے۔
وائی پیپ درحقیقت وائی فائی نیٹ ورک کی خامیوں اور کمزوریوں کی شناخت کرسکتا ہے جسے انہوں نے وائی پولائٹ کا نام دیا ہے۔ اگر عمارت کے اندر کا وائی فائی نظام پاس ورڈ سے بھی محفوظ ہو تب بھی اڑن آلہ اس سے رابطہ کرسکتا ہے۔ اس کے لیے وائی پیپ ڈیوائس پر کئی پیغامات بھیجتا ہے اور ہر وقت اس کا ردِ عمل نوٹ کرتا ہے اس طرح ایک میٹر کی درستگی سے گھر یا بلڈنگ کے اندر نصب وائی وائی ڈیوائس کی شناخت ہوجاتی ہے۔
ڈاکٹر علی نے اسے ایک اہم کاوش قرار دیا ہے۔ ’ ہم وائی فائی کو روشنی سمجھتے ہیں اور دیواروں کو شفاف شیشہ کیونکہ اس کی بدولت بینکوں کے اندر سیکیورٹی گارڈ کی حرکت اور عام افراد کے بیٹھے کی جگہ کے ساتھ ساتھ اندر چلنے والے سارے فون، اسمارٹ واچ اور دیگر وائی فائی آلات گنے جاسکتے ہیں۔‘
ایک چالاک مجرم گھریا عمارت کے اندر سیکیورٹی کیمروں، لیپ ٹاپ اور اسمارٹ ٹی وی کا پتا بھی لگاسکتا ہے۔ اس طرح چاردیواری کے اندر گھسنے کے کمزور مقامات بھی معلوم کئے جاسکتے ہیں جو باہر سے ہی دیکھے جاسکتے ہیں۔
اس ایجاد کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ عام ڈرون پر کچھ اضافی آلات لگاکر اسے تیار کیا گیا ہے جس کی قیمت 20 ڈالر سے زیادہ نہیں۔ تاہم اس سے ادارے اپنی سیکیورٹی کمزوریوں کو بہتر بناسکتے ہیں۔
وائی پیپ کی کامیاب آزمائش بھی کی گئی ہے اور یہ عین وہی کام کرسکتا ہے جس کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ تاہم ڈاکٹر علی عابدی چاہتے ہیں کہ اس ایجاد سے ادارے اور کمپنیاں کسی طرح اپنی سیکیورٹی بہتر بنائیں۔