پاکستان جونیئر لیگ انتقامی سیاست کی نذر ہوگئی،رمیز راجہ

لاہور : (ویب ڈیسک) سابق چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ انتقامی سیاست کی نذر ہوگئی۔
پاکستان جونیئر لیگ ختم کرنے کے فیصلے پر رمیز راجہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ سابق چیئر مین پی سی بی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پیغام میں امریکا کے سابق باسکٹ بال پلیئر میجک جانسن کے الفاظ شیئر کردیے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ “تمام بچوں کو ذرا سی مدد اور امید کی ضرورت ہوتی ہے۔ ساتھ ہی انہیں کسی ایسے شخص کی ضرورت ہوتی ہے جو ان پر بھروسہ کرے”
انہوں نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ انتقامی سیاست کی نذر ہوگئی اور اسے ختم کردیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ حالانکہ پی جے ایل کے 7 بچوں نے پی ایس ایل 8 کی ایمرجنگ کیٹیگری میں جگہ بنائی اور ان میں سے 3 پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کے ریزرو کھلاڑیوں میں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی نے ریجنل، ڈسٹرکٹ اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے اور پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیبر پختون خوا میں ایک ماہ کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند

پشاور : (ویب ڈیسک) خیبر پختون خوا میں سی این جی اسٹیشنز ایک مہینے کے لیے بند کر دیے گئے۔
ملک میں گیس بحران شدت اختیار کرنے لگا۔ خیبر پختون خوا میں گیس پریشر میں کمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز ایک ماہ کے لیے بند کردیے گئے۔
پابندی کے مطابق صوبے بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنز آج سے 31 جنوری تک نہیں کھلیں گے۔
ڈپٹی کمشنز پشاور نے پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پابندی کا مقصد گھریلوصارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال، پاکستان جونیئر لیگ ختم

کراچی: (ویب ڈیسک) پی سی بی نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کر دی۔ پاکستان جونیئر لیگ ختم کرنےکا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔
پی سی بی نے ریجنل ،ڈسٹرکٹ اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کر دی۔ مینجمنٹ کمیٹی نے ایک سو بانوے کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ بھی بحال کردیئے ہیں۔
پی سی بی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب ڈپارٹمنٹس کو باقاعدہ طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں شامل کرنے کیلئے ایک اسٹریٹجک پلان تیار کیا جائے۔اجلاس میں مختلف امور پر 12 کمیٹیاں تشکیل دینے کی منظور ی بھی دی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی نے پاکستان جونیئر لیگ بند کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ کھلاڑیوں کے تمام کنٹریکٹس پورے کیے جائیں گے۔ خواتین کرکٹ لیگ کیلئے کام جاری رہے گا۔
چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیرملکی کوچز ہوں گے۔ بھاری تنخواہیں لینے والے گھر جائیں یا کم تنخواہ پر کام کریں۔ رمیز راجہ کے بیان پر جواب نہیں دوں گا۔ پی سی بی میں جمہوریت واپس آگئی ہے۔

پی آئی اے پریورپ میں عائد پابندی ختم ہو نے کے امکانات روشن

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی ایئرلائن پی آئی اے پر یورپ میں عائد پابندی ختم ہو نے کا امکانات روشن ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق برطانیہ سمیت یورپی ممالک میں پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کا معاملہ ، یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے کے آڈٹ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
یورپی یونین سیفٹی ایجنسی7 مارچ2023 سے قومی ایئرلائن کا آن لائن ریموٹ آڈٹ کرے گی ، ایاسا کی آڈٹ ٹیم پی آئی اے کے فلائٹ سیفٹی، انجینئرنگ، آپریشنل سمیت مختلف امور کا آن لائن ریموٹ آڈٹ شامل ہوگا، آڈٹ کامیاب ہونے کے بعد ایاسا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔
ایاسا کی ٹیم کے مطمئن ہونے کے بعد یورپ میں پی آئی اے کی پروازوں کا فلائٹ آپریشنل بحال ہونے کے امکانات ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن ایاسا کے آن لائن آڈٹ سے متعلق اپنی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ، قوی امید ہے کہ کامیاب آڈٹ کے بعد یورپ آپریشن کی راہیں ہموار ہوجائیں گی۔

نئے سال کا آغاز، مرغی کے گوشت کی قیمت میں تاریخی اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) نئے سال میں عوام کے لئے مہنگائی کا پہلا تحفہ، برائلر مرغی کا گوشت ملکی تاریخ میں پہلی بار 509 روپے فی کلو ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سال 2023ء کے پہلے ہی روز برائلر کی قیمت نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، مارکیٹ میں پہلی بار برائلر گوشت 500 روپے فی کلو سے تجاوز کر گیا ہے، برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 509 روپے ہو گئی جبکہ فارمی انڈے بدستور 274 روپے فی درجن کی سطح پر برقرار ہیں۔
دوسری جانب سبزی مارکیٹ میں بھی مہنگائی کے ڈیرے ہیں، پیاز، ٹماٹر، لہسن اور ادرک کے دام تاحال کم نہ ہو سکے، پیاز کا سرکاری نرخ 200 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں پیاز درجہ اول 220 روپے فی کلو بک رہا ہے، ٹماٹر 80، لہسن 350 اور ادرک 450 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
اسی طرح آلو 50، پھول گوبھی 60 اور بند گوبھی، شلجم ، پالک، مولی 40 روپے جبکہ گاجر 50 روپے فی کلو مل رہی ہے، سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے سے عوام کو مہنگائی کا دوہرا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

شادی میں نوٹ نچھاور کرنے پر جھگڑا، سال نو کا پہلا دہشت گردی کا مقدمہ درج

شکرگڑھ: (ویب ڈیسک) ضلع نارووال کی تحصیل شکرگڑھ میں سال نو کا پہلا دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا، باراتیوں اور گاؤں والوں کے درمیان شادی کے موقع پر نوٹ نچھاور کرنے پرجھگڑا ہوا۔
پولیس کے مطابق شکرگڑھ جلالہ کے علاقہ میں باراتیوں اور گاؤں والوں کے درمیان شادی کے موقع پر نچھاور کیے گئے نوٹ فصلوں میں گرنے پر جھگڑا ہوا۔
بعد ازاں نکاح سے واپسی پر ملزمان نے اسلحہ کے زور پر باراتیوں کو روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کی جس سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے، ملزمان نے اسلحہ کے زور پر باراتیوں سے 12 لاکھ روپے بھی چھین لیے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کوٹ نیناں پولیس نے واقعہ میں ملوث 15 ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

عمران نے اداروں کوغیر مستحکم کرنے کیلئے سازش کا ڈرامہ رچایا: ایازصادق

لاہور : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورو قانون اور مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان نے اداروں کو غیر مستحکم کرنے کے لیے سازش کا ڈرامہ رچایا۔
وفاقی وزیر ایاز صادق نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ عمران خان محسن کش انسان ہیں ، تحریک انصاف کی چار سالہ کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، جہانگیر ترین،علیم خان اور عون چودھری نے عمران خان کے لیے بہت کچھ کیا، عمران خان نے ہر ایک کو ڈسا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، عمران خان نے اپنی کرسی کو استعمال کر کے لوگوں کو حراست میں لیا، عمران خان نے جب کیسز بنائے ایک بھی وعدہ معاف گواہ نہیں بنا ، اب ان کیخلاف وعدہ معاف گواہوں کی لمبی لائن ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جھوٹ عوام کے سامنے کھل کر آچکے ہیں ، عمران نیازی کے 4 سال نے ملک برباد کر دیا، یہ لوگ عمران خان کو الیکٹ نہیں کروا سکے تو سلیکٹ کروا دیا۔
وفاقی وزیر نے چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ تحائف بیچے جس سے ملک کی بدنامی ہوئی، انہوں نے توشہ خانہ سے سستی گھڑی لے کر کروڑوں میں بیچی ، وہ گھڑی قوم کی امانت تھی، عمران خان کی جو آڈیوز آئیں کیا ریاست مدینہ والے ایسی باتیں کرتے ہیں، یہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک عوام اور اسٹیبلشمنٹ کو بیوقوف بنایا، پرویز الہٰی عمران خان کے وکیل بنے ہوئے ہیں، پی ڈی ایم عمران خان کی نفرت کی وجہ سے بنی، تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ میں اسرائیل اور بھارتیوں سے پیسے لیے، پوچھنے پر کہتے تھے پیسے نہیں لئے لیکن سٹیٹ بینک نے تفصیلات جاری کردیں۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ یہ چاہتے ہیں کسی طرح یہ حکومت چلی جائے، عمران خان چاہتے ہیں کسی طرح این آر او مل جائے ، تحریک انصاف کو 2018 میں جو بیساکھیاں میسر تھیں اب وہ دستیاب نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کے لیے کوئی بندے توڑ کر نہیں لائے گا، عمران خان اب کیسز بھگتنے کی تیاری کرو آپ کو شکست فاش ہو گی۔

سال 2022: قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 214 بےگناہ کشمیری شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سال 2022 میں خاتون اور 5 کمسن بچوں سمیت 214 بےگناہ نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بھارتی افواج نے 57 افراد کو جعلی مقابلوں اور حراست میں قتل کیا جبکہ حریت رہنما الطاف احمد شاہ بھی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں دورانِ حراست انتقال کرگئے ، بھارتی فوج کی جانب سے حریت رہنما کی نمازِ جنازہ تک پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہونیوالی ہلاکتوں میں 13 خواتین بیوہ اور 35 بچے یتیم ہوئے جبکہ 10 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔
مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم از کم 134 افراد زخمی ہوئے جبکہ گھروں پر چھاپوں اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران خواتین سمیت 1350 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
علاوہ ازیں بھارتی فوج نے 44 رہائشی مکانات بھی تباہ کردیے گئے جبکہ سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں لوگوں کو 14 مرتبہ نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔
5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارتی فورسزاب تک 730 کشمیریوں کو شہید کر چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 34 برس کے دوران 96 ہزار 163 کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے ۔

وفاق نے پنجاب کے سیلاب زدگان کو بے یارومددگار چھوڑ دیا، مسرت چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وفاق نے پنجاب کے سیلاب زدگان کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ‏آج 4 بج کر 20 منٹ پر عمران خان سیلاب زدگان کی بحالی سے متعلق عوام کو آگاہی دیں گے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے پنجاب کے سیلاب زدگان کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا، ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ممبران کے ضمیروں کا سودا کرنے والوں کو عوام نے مسترد کیا، عوام لوٹوں کو آئندہ الیکشن میں بھی خوب سبق سکھائیں گے۔

عوام شدید متاثر، مہنگائی کیخلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی: اسد عمر

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی کے طوفان سے متاثر ہیں، مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ اس وقت عوام مہنگائی کے طوفان سے متاثر ہیں، قوم نے دیکھا 13 جماعتوں پر مشتمل ٹولہ مہنگائی مکاؤ تحریک لے کر چلا تھا، حرام کا پیسہ لگا کر ضمیروں کی منڈی لگائی گئیں، مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے،
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو بنیاد بنا کر ہماری حکومت کو ہٹایا گیا، شہبازشریف کہتے ہیں رات بھر نہیں سوتا، یہ لوگ عوام کو ریلیف دینے کو بارودی سرنگین کہتے تھے، سستا آٹا کہاں مل رہا ہے، نہیں معلوم، انہوں نے آٹے کی قیمت میں 39 فیصد کیا، ڈیزل کی قیمت میں 63 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 53 فیصد اضافہ ہوا۔
اسد عمر مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خوردنی تیل کی قیمت میں 33 فیصد اضافہ ہوا، دودھ اس وقت 200 روپے کلو ہے جو کہ ایک سال پہلے 130 روپے تھا، 13 جماعتوں کے ٹولے نے کہا تھا ہم مہنگائی ختم کرنے آئے ہیں۔