برف باری سے قبل مری جانے والے سیاحوں کیلئے انتباہ جاری

محکمہ سیاحت اورٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) نے سیاحوں کے لیے انتباہ جاری کردیا۔

سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ سال نو اور سردیوں کی چھٹیوں میں سیاح شمالی علاقوں کارخ کرتے ہیں، ٹی ڈی سی پی کی جانب سے تین سیاحتی سہولت سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

ٹورسٹ فیسیلیٹیشن سینٹرز مال روڈ، کشمیر پوائنٹ اور بانسرہ گلی میں قائم کیے جہاں پر اہلکار سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔

سات اکتوبر حملے کے دوران اسرائیلی فوج کمزور اور آؤٹ آف پوزیشن تھی، امریکی اخبار

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر ہونے والے حماس کے حملے پر تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے دوران اسرائیلی فوج کمزور اور آؤٹ آف پوزیشن تھی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ صہیونی فوج اتنی غیر منظم تھی کہ فوجیوں نے معلومات حاصل کرنے کے لیے واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پوسٹس کا سہارا لیا۔

جنوبی افریقا نے اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ کردیا

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی کمانڈوز صرف مختصر لڑائی کے لیے جنگ میں پہنچے تھے، ہیلی کاپٹر کے پائلٹس کو اہداف کا انتخاب کرنے کے لیے نیوز رپورٹس اور ٹیلی گرام چینلز کو دیکھنے کا حکم دیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق سابق فوجی پرسنل کے انٹرویوز سے یہ بھی پتہ چلا کہ اسرائیلی فورسز کے پاس حماس کے کسی بڑے حملے کے لیے کوئی جوابی منصوبہ یا تربیت نہیں تھی۔

اسرائیلی فوج نے اس رپورٹ کے حوالے سے جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سوالوں کے جواب بعد میں دیے جائیں گے۔

آئی جی اسلام آباد نے بلٹ پروف گاڑی مانگ لی

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو سکیورٹی فراہم کرنے والے آئی جی خود ہی غیر محفوظ ہوگئے۔

ہر وقت پولیس فورس کے گھیرے میں رہنے والے آئی جی اسلام آباد نے بلٹ پروف گاڑی کا مطالبہ کر دیا۔

اسلام آباد پولیس نے ضلعی انتظامیہ کو تھریٹ اسسمنٹ لیٹر فراہم کر دیا جس میں کہا گیا کہ کمیٹی رپورٹ کے مطابق آئی جی اسلام آباد کو خطرہ ہے، آئی جی اسلام آباد کو مستقل بنیادوں پر بلٹ پروف گاڑی دی جائے، تاحال اسلام آباد پولیس کے پاس اپنے اہلکاروں اور افسران کی سکیورٹی کے لئے کوئی پروٹکٹیڈ گاڑی موجود نہیں۔

ادھر ضلعی انتظامیہ کے مطابق آئی جی اسلام آباد کو کوئی تھریٹ نہیں۔

آئی جی پولیس کی جانب سے تھریٹ لیٹر کے بعد اہلکاروں اور شہریوں میں خوف بڑھ گیا ہے۔

چین؛ میزائل یونٹ سے منسلک 4 جرنیلوں سمیت 9 فوجی اہلکارپارلیمنٹ سے برطرف

بیجنگ: چین میں 9 اعلیٰ فوجی اہلکاروں کو پارلیمنٹ سے برطرف کردیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق چین کی پارلیمنٹ سے جن 9 فوجی اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے ان میں اسٹرٹیجک میزائل یونٹ سے منسلک 4 جرنیل بھی شامل ہیں۔  یہ برطرفیاں نئے وزیردفاع کی تعیناتی کے بعد عمل میں آئی ہیں۔

چین کی سرکاری خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ نو منتخب 9 فوجی اہلکاروں کو اچانک برطرف کرنے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ رواں سال اکتوبر میں چین کے وزیردفاع لی شانگفو کو اچانک اُن کے عہدے سے  برطرف کر دیا گیا تھا  اور اس کے بعد سے اُن کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔

حالیہ برطرفیوں کو فوجی اسٹیبلشمنٹ میں اعلٰی سطح پر ری اسٹرکچرنگ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

عمران خان کے اثاثوں میں 5 برس کے دوران 27 کروڑ روپے کا اضافہ

اسلام آباد: عمران خان کے اثاثوں میں گزشتہ پانچ برس کے دوران 27 کروڑ 72 لاکھ 55 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔

سال 2018ء میں عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی اور حالیہ کاغذات نامزدگی کے مطابق 2023 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ59 لاکھ 50ہزار روپے سے زائد ہے۔

عمران خان نے زمان پارک لاہور میں 7 کنال 8 مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا ہے، زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ ظاہر کیا گیا ہے۔ بنی گالہ میں 300 کنال اراضی بطور تحفہ ملنا ظاہر کی گئی ہے۔ بنی گالا گھر کی تزین و آرائش اور ریگولرائزیشن کی مد میں 39 لاکھ روپے سے زائد کا خرچ ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ مالیت سے زائد کی 6 کنال 16 مرلے اراضی ظاہر کی گئی ہے۔ اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی ظاہر کی گئی ہے۔

3 کروڑ چالیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیا گیا ہے۔ عمران خان نے بھکر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی ہے۔

کاغذات نامزدگی کے مطابق عمران خان کسی ایک گاڑی کے مالک نہیں ہیں، عمران خان کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کیش دستی موجود ہے۔ اسلام آباد کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ظاہر کی گئی ہے۔ دو لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی تفصیلات میں بتائی گئی ہیں۔

توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیاء کی قیمت 1 کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی گئی۔ عمران خان نے اہلیہ بشری بی بی کے نام پاکپتن اور دیپال پور میں 698 کنال اراضی ظاہر کی ہے۔ بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی عمران خان کے کاغذات میں ظاہر کیا گیا ہے۔

عمران خان نے ایف بی آر کو 2021ء میں 14 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد اثاثے ظاہر کیے۔ ایک سال کے دوران 2022ء میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32 کروڑ روپے سے زائد ہو گئی۔

ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق عمران خان نے 2023ء میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ روپے ظاہر کی۔ عمران خان نے اپنی تعلیمی قابلت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی ہے۔ عمران خان نے موجودہ پیشہ فلنتھروپسٹ ظاہر کیا ہے۔

بلاول اور فریال تالپور کے کاغذات منظور، فہمیدا اور ذوالفقار مرزا کے مسترد

لاڑکانہ: عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 اور این اے 196 سے بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جب کہ پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما اور آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 10 سے کاغذات منظور کرلیے گئے۔

اس کے علاوہ لاڑکانہ کے ہی حلقے این اے 194 سے جے یو آئی کے راشد محمود اور 196 سے جے یو آئی کے ناصر محمود کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جن کا پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سے الیکشن میں مقابلہ ہوگا۔

ادرھ لاڑکانہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 11 اور پی ایس 12 سے جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جب کہ حلقہ این اے 195 سے جی ڈی اے کے صفدر عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب بدین سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 223 سے جے ڈی اے کی امیدوار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے جب کہ ان کے شوہر ذوالفقار مرزا اور ان کے صاحبزادے حسام مرزا کے این اے 223 سے کاغذات مسترد کردیے گئے ہیں۔

بدین کے حلقہ این اے 223 سے پیپلز پارٹی کے رسول بخش چانڈیو امیدوار ہیں۔

اعظم سواتی اور ذلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی مسترد، مریم کے تمام حلقوں سے منظور

پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما اعظم خان سواتی اور ذلفی بخاری کے قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔

ذلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کی نشست این اے 50 اٹک سے مسترد ہوئے۔

پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ میرے کاغذات نامزدگی جعلی دستخط کا اعتراض لگا کر مسترد کیے گئے، میرے وکلا، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ سمیت 6 افراد کو اغوا کیا گیا۔

مانسہرہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 15سے پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کے کاغذات نامزدگی بھی ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیے۔

اعظم خان سواتی نے این اے 15 مانسہرہ سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

اعظم سواتی کے وکیل سہیل سواتی ایڈووکیٹ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا اعظم خان سواتی کےکاغذات جعلی دسخط اور اشتہاری ہونے کے اعتراض پر مسترد کیے گئے، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کےخلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں گے۔

نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون ایڈووکیٹ کا کہنا ہے اعظم سواتی کے کاغذات مسترد ہونے کا فیصلہ میرٹ پر ہوا، الیکشن لڑنے والے امیدوار کا ملک میں ہونا ضروری ہے، ہم نے یہاں تک کہا اعظم سواتی حاضر ہو جائیں اعتراضات واپس لے لیں گے۔

مریم نواز کے کاغذات نامزدگی تمام حلقوں سے منظور
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے کاغذات نامزدگی لاہور اور سرگودھا کے تمام حلقوں سے منظور کر لیے گئے۔

مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے لاہور سے تین حلقوں پی پی 159، پی پی 160 اور پی پی 165 سے کاغذات جمع کروائے تھے جبکہ مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے سرگودھا سے ایک حلقے پی پی 80 سے بھی کاغذات جمع کروائے تھے۔

ترجمان مریم نواز کا کہنا ہے کہ پارٹی جن حلقوں سے فیصلہ کرے گی مریم نواز وہاں سے الیکشن لڑیں گی۔

قبل ازیں سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 70 سے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار اور عمر ڈار کی اہلیہ اروبا ڈار کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہو گئے تھے۔

پوری مرزا فیملی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے

بدین میں این اے 23 پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) رہنماؤں اورمرزا فیملی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔

مرزا فیملی کے خلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی رسول بخش چانڈیو نے اعتراضات جمع کروائے تھے۔

اعتراضات میں کہا گیا تھا کہ مرزا فیملی بینکوں کی نادہندہ ہے۔

ریٹرننگ آفیسر (آر او) محمد نواز نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے مرزا فیملی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔

 

 

آر او نے کاغذات این اے 223 پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ذوالفقار مرزا اور ان کے بیٹے حسام مرزا کے بھی کاغذات مسترد کردیے۔

مرزا فیملی کے پی ایس 70، 71 اور 72 کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈز ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

اسلام آباد: احتساب عدالت میں توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈز ریفرنسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہو گئی۔

جج محمد بشیر نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی کی طبیعت ناسازی کے باعث عدم دستیابی پر توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈزریفرنسز میں درخواست ضمانت کا کیس ملتوی کردیا۔

سماعت میں نیب کی جانب سے ضمانت درخواستوں پر دلائل دیے جانے تھے جب کہ وکیل صفائی لطیف کھوسہ نے دلائل مکمل کر لیے تھے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دونوں ریفرنسز میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

عام انتخابات کی عالمی شفافیت جاننے کے عمل کو دھچکا،یورپین یونین کا الیکشن مبصر مشن پاکستان بھیجنے سے انکار

ملک میں آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کی عالمی شفافیت جاننے کے عمل کو دھچکا لگا ہے، یورپین یونین نے الیکشن مبصر مشن پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔

یورپین یونین کے سفیر کا کہنا ہے کہ آٹھ فروری کو ہونے والے الیکشن پر یورپین کے مبصرین پاکستان نہیں آئیں گے۔

پاکستان میں تعینات یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کواینکا نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی طرح ہمیں بھی الیکشن بروقت ہونے کا علم نہ تھا۔

ڈاکٹر کواینکا نے کہا کہ الیکشن مبصر مشن بھیجنے کے لیے بجٹ کی ضرورت ہوتی ہے، اور بجٹ کے لیے کئی ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے۔

ڈاکٹر کواینکا نے کہا کہ ہم ماہرین کا ایک چھوٹا گروپ بھیجیں گے جو انتخابی ماہرین پر مشتمل ہوگا اور مبصر مشن سے مختلف ہوگا۔

 

 

ان کا کہنا تھا کہ ماہرین انتخابات کے منصفانہ ہونے یا نہ ہونے کا تعین نہیں کرتے اور سفارشات بھی نہیں دیتے۔

یورپی یونین سفیر نے کہا کہ انتخابی ماہرین کا مشن حکومت کے کہے بغیر رپورٹ سامنے نہیں لاتا۔