زمین کی جانب آتے سیارچوں سے بچنے کا منصوبہ

کیلیفورنیا: گزشتہ برس ناسا نے زمین کی جانب آنے والے سیارچوں کا راستہ بدلنے کے لیے ڈارٹ نامی اسپیس کرافٹ کا ایک تجربہ کیا تھا، لیکن سائنس دان اس منصوبے کے متبادل کے طور پر نیوکلیئر بم پر مشتمل ایک اور منصوبہ تیار کر رہے ہیں۔

کیلیفورنیا کے لارنس لِیورمور نیشنل لیبارٹری سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں نے ایک سِمیولیشن بنائی ہے جس میں انہوں نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ اگر ناسا ہمیں زمین کی جانب آتے سیارچے سے بچانے میں ناکام ہوا تو کیا ایٹم بم ہمیں بچا سکتا ہے۔

ماڈل میں دکھایا گیا کہ سیارچے پر مارا جانے والا بم خلائی چٹان سے ٹکراکر پھٹ جاتا ہے اور تمام توانائی اس چٹان سے گزر جاتی ہے۔
اس سمیولیشن سے دو صورتیں ٹیم کے مشاہدے میں آئیں۔ایسا کرنے سے یا تو بم سیارچے کا رخ زمین کی طرف سے پھیر دے گا یا پھر اس سیارچے کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ دے گا اور تیزی سے حرکت کرنے والے ان ٹکڑوں کا رخ بھی زمین سے مڑ جائے گا۔

امریکی خلائی ادارے ناسا نے 2020 میں خلاء میں ایک اسپیس کرافٹ سیارچے کی جانب بھیجا تھا جس نے گزشتہ برس کامیابی کے ساتھ اس کواپنے مدار سے ہٹا دیا تھا۔ ادارے کو ملنے والی اس کامیابی کو زمین کی جانب آتے سیارچوں کا رخ بدلنے کی صلاحیت کے طور پر دیکھا گیا تھا۔

سوتے سوتے ماہانہ 55 کروڑ روپے سے زائد کمائی، لوگ دیوانے ہوگئے

دنیا کے مشہور ترین سوشل میڈیا انفلوئنسر میں سے ایک ”امورینتھ“ (Amouranth) نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ سوتے سوتے ماہانہ ساڑھے 55 کروڑ روپے کما لیتی ہیں۔

دراصل امورینتھ اپنی نیند کے اوقات کو لائیو اسٹریم کرتی ہیں۔

امورینتھ امریکا کے ویڈیو گیم لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ”ٹوئچ“ اور فحش ویب سائٹ ”اونلی فینز“ پر کافی مشہور ہیں۔

اس پلیٹ فارم پر کچھ غیر معمولی چیزیں کرنے پر اچھی خاصی کمائی ہوتی ہے۔

اس ہفتہ کی شروعات میں ”دی آئسڈ کافی وار“ پوڈکاسٹ سے بات چیت کرتے ہوئے انفلوئنسر نے اپنی کمائی کے سب سے اچھے وینچر ”سلیپ اسٹریمز“ (Sleep Sreams) کا انکشاف کیا۔

سلیپ اسٹریمز سوتے ہوئے لوگوں کی لائیو اسٹریمنگ ہے، جنہیں شائقین دیکھتے رہتے ہیں اور دیکھنے کے پیسے بھی دیتے ہیں۔

امورینتھ نے بتایا کہ یہ اسٹریم مردوں کیلئے کافی پرکشش ہے، کیونکہ شائقین اسٹریمر کو بیدار کرنے کی کوشش میں رقم دیتے ہیں۔

بیدار کرنے کی اس کوشش میں نوٹیفکیشن، تیز گانے یا ویڈیو چلانے کیلئے میڈیا شیئر کیا جاتا ہے۔

امورینتھ نے دعویٰ کیا کہ ان کی ”سلیپ اسٹریم“ اتنی مشہور ہوئی کہ کچھ ہی گھنٹوں میں انہوں نے 9940 ڈالر کمائی کرلی۔

امورینتھ نے کہا کہ اگر آپ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئچ پر بھروسہ کرتے ہیں تو ممکنہ طور پر کچھ ہزار ڈالر کمائیں گے، لیکن اگر آپ سوتے وقت میری ممکنہ طور پر اونلی فینز سے ٹرانزیکشنز کی گنتی کریں تو شاید 10 سے 15 تک کمائی ہوجاتی ہے۔

 

 

امورینتھ نے کچھ دیگر پیسے کمانے والے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا، جو انہوں نے سالوں کے دوران آزمائے تھے۔

انہوں نے اندازہ لگایا کہ ان کی کل ماہانہ آمدنی دو ملین ڈالر یعنی ساڑھے 55 کروڑ پاکستانی روپے سے زیادہ ہے۔

پی ٹی آئی انتخابی نشان کیس: الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کردی

پشاور: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق فیصلے پر پشاور ہائیکورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کردی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے پشاور ہائیکورٹ میں دو الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں جن میں سے ایک درخواست پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق ہے جس میں الیکشن کمیشن نے عدالت سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ایک اور درخواست دائر کی ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہےکہ چھٹیوں کے دوران ہی ڈویژنل بینچ بناکر درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیاجائے۔

واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کو آئین کے برخلاف قرار دیتے ہوئے کالعدم کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھن گیا تھا تاہم تحریک انصاف نے کمیشن کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پشاورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق الیکش کمیشن کافیصلہ معطل کرتے ہوئے تحریک انصاف کو انتخابی نشان بلا بحال کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عدالتی چھٹیوں کے بعد جو پہلا ڈویژنل بینچ تشکیل دیا جائے گا اس میں کیس پر مزید سماعت ہوگی۔

دنیا بھر میں ایک کروڑ 40 لاکھ پناہ گزیں بچے تعلیم سے محروم

اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ دنیا بھر میں پناہ گزین بچوں کی تعلیم کا معاملہ بہت حد تک خرابی کی نذر ہوچکا ہے۔

جنگ یا خانہ جنگی کے باعث اپنے وطن سے نکل کر پڑوسی ممالک یا پھر دو افتادہ ممالک میں پناہ لینے والوں کے بچے شدید بحرانی کیفیت کے باعث تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ متعلقہ حکومتیں ان کی تعلیم پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے پاتیں۔

پناہ گززینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن (UNHCR) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔ افریقا، ایشیا اور یورپ کے ممالک میں موجود پناہ گزین بچوں کی تعداد ایک کروڑ 48 لاکھ ہے۔ ان بچوں کے والدین یا سرپرست میزبان ممالک کی طرف سے ملنے والی خوراک اور دیگر سہولتوں ہی پر اکتفا کرلیتے ہیں۔ پناہ گزینوں کے بچوں پر میزبان حکومتیں تعلیم کے حوالے سے زیادہ خرچ نہیں کرتیں۔

پناہ گزین بچوں کے لیے تعلیم کے فقدان کا مسئلہ اجاگر کرتے ہوئے UNHCR نے بتایا ہے کہ اس مد میں اقوام متحدہ کو کم و بیش 9 ارب 30 کروڑ ڈالر درکار ہیں۔ 2 ارب 60 کروڑ ڈالر کا اہتمام عطیات کی مدد سے ہو پاتا ہے جبکہ میزبان حکومتیں مجموعی طور پر 2 ارب 4 کروڑ ڈالر فراہم کر رہی ہیں۔ عالمی ادارے کو پناہ گزینوں کے لیے معیاری تعلیم یقینی بنانے کی خاطر اب بھی مطلوبہ فنڈز میں 50 فیصد خسارے کا سامنا ہے۔

اقوام متحدہ نے میزبان حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ پناہ گزین بچوں کو اپنے عمومی اسکولنگ سسٹم کا حصہ بنائیں تاکہ وہ معیاری تعلیم پاکر اچھی زندگی بسر کرنے کے قابل ہوسکیں۔ عالمی ادارہ چاہتا ہے کہ پناہ گزین بچوں کو الگ تھلگ نہ رکھا جائے بلکہ مقامی بچوں سے ملنے کے مواقع دیے جائیں تاکہ وہ زیادہ اعتماد کے ساتھ اپنے حالات کا سامنا کرسکیں اور خود کو بہتر زندگی کے لیے تیار کرنے میں مشکلات محسوس نہ کریں۔

احتساب عدالت؛ فواد چوہدری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد: احتساب عدالت نے فواد چوہدری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

فواد چوہدری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا، اس موقع پر نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر عرفان بھولا، سہیل عارف اور تفتیشی افسر پیش ہوئے جب کہ فواد چوہدری کےوکیل فیصل فرید چوہدری اور دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا تھی جب کہ 10 دن کا ریمانڈ دیاگیا۔ مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی گئی، کچھ انہوں نے بھی اقرار کیا۔ 8 کنال اراضی ان کے نام منتقل ہوئی، ریکارڈ کے مطابق اس کی ادائیگی ٹھیکیدار نے کی۔یہ اپنی ادائیگی کے ثبوت دینا چاہتے جو ابھی نہیں دیے۔ مزید تفتیش کرنی ہے۔ متعلقہ ٹھیکیدار اور ایکس ای این کو 2 جنوری کو بلایاہواہے۔ مختلف ریکوری بھی کرنی ہے اور مشکوک ٹرانزیکشنز سمیت دیگر شواہداکٹھے کرنے ہیں۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ مزید 10 دن کا ریمانڈ دیاجائے تاکہ انکوائری مکمل کرلی جائے۔
جج نے استفسار کیا کہ ان کا رویہ کیسا رہا؟ جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ 10 دن کا ریمانڈ دیا،اچھا رویہ رہا،پڑھے لکھے لوگ ہیں ۔ جب ہم آپ کے سامنے آتے ہیں، سب سے پہلے آپ اپنا دائرہ اختیار دیکھتے ہیں۔ وارنٹ میں 4 الزامات ہیں، پہلا الزام بطور وفاقی وزیر منصوبے میں مداخلت کی۔ یہ پراجیکٹ پی ایس ڈی پی کا ہے، ہائی وے کا تو ہے ہی نہیں۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے بعد میں جاری کرتے ہوئے عدالت نے فواد چوہدری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیش مکمل کرلیں اور وکلا سے ملاقات بھی کرادیں۔ عدالت نے فواد چوہدری کو 5 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کی نشست کیلئے عثمان ڈار کی والدہ کے کاغذات نامزدگی مسترد

سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما عثمان ڈار کی والدہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔

ریٹرننگ افسر نے این اے 70 سیالکوٹ سے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جبکہ این اے 71 سیالکوٹ سے عمر ڈار کی اہلیہ اروبا ڈار کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہو گئے۔

ساس بہو نے سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے مقابلے میں کاغذات جمع کرائے تھے۔

آر او نےکاغذات میں سوشل سکیورٹی واجبات کی عدم ادائیگی اور اثاثے ظاہر نہ کرنے پر دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عثمان ڈار نے اپنے گھر پر پولیس چھاپے کا الزام خواجہ آصف پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے میرے گھر پولیس بھجوائی اور پولیس نے میری والدہ کے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے جبکہ خواجہ آصف نے جیو نیوز کے پروگرام میں عثمان ڈار کے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی ہر سطح پر تحقیقات کروا لی جائے، میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے، عثمان ڈار کو شرم آنی چاہیے کہ وہ سیاست کے لیے اپنی والدہ کی عزت کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

سابق وزیر دفاع نے الزامات عائد کرنے پر عثمان ڈار اور ان کی والدہ کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوا دیا ہے۔

وہ بالی ووڈ اسٹارز جنہوں نے 2023 میں شادیاں کیں

 ممبئی: 2023 ختم ہونے میں بس ایک دن باقی ہے، رواں سال کئی بالی ووڈ اسٹارز نے اپنے لیے جیون ساتھی کا انتخاب کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

2024 کے آغاز سے قبل، اُن بالی ووڈ اسٹارز پر نظر ڈالتے ہیں جو رواں سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان میں سے کچھ اسٹارز ایسے بھی ہیں جنہوں نے دوسری شادی کی۔

آئیے ہم 2023 کی کچھ خوبصورت مشہور شخصیات کی شادیوں پر نظر ثانی کرتے ہیں جن کی شادیاں رواں سال توجہ کا مرکز بنیں۔

سوارا بھاسکر اور فہد احمد:

k3

سال 2023 کا آغاز بالی ووڈ اداکارہ اور سماجی رُکن سوارا بھاسکر کی شادی سے ہوا، اُنہوں نے 6 جنوری کو بھارت کی سیاسی پارٹی سماج وادی کے رُکن فہد احمد سے کورٹ میرج کی لیکن شادی کا باقاعدہ اعلان 16 فروری کو سوشل میڈیا پر کیا۔

سوارا بھاسکر نے سوشل میڈیا پر فہد احمد سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ہم اکثر کسی ایسی چیز کو ڈھونڈتے ہیں جو ہمارے بےحد نزدیک ہوتی ہے ہم پیار ڈھونڈ رہے تھے لیکن ہمیں دوستی پہلے مل گئی اور پھر ہم نے ایک دوسرے کو ڈھونڈ لیا۔ فہد ضِرار احمد میرے دل میں خوش آمدید، اس میں تھوڑی افراتفری ہے لیکن یہ تمہارا ہے‘۔

آتھیا شیٹی اور کے ایل راہول:

k4

رواں سال 23 جنوری کو بالی ووڈ اسٹار سنیل شیٹی کی بیٹی اور اداکارہ آتھیا شیٹی نے اپنے بوائے فرینڈ اور بھارتی کرکٹر کے ایل راہول سے شادی کی، آتھیا شیٹی اور کے ایل راہول کی شادی میں صرف خاص رشتہ داروں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

شادی کے اگلے روز، اس اسٹار جوڑی نے اپنی شادی کی دلکش تصاویر اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کی تھیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا گیا تھا۔

کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا: 

k1

کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا 7 فروری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، مداحوں کو اس جوڑی کی شادی کا بےصبری سے انتظار تھا، اس جوڑی کی شادی کی تقریب جیسلمیر میں واقع سوریا گڑھ پیلس ہوٹل میں منعقد ہوئی تھی جس میں شوبز کی معروف شخصیات شاہد کپور، کرن جوہر، جوہی چاؤلہ اوردیگر نے شرکت کی تھی۔

شادی کے دن کیارا ایڈوانی نے منیش ملہوترا کا ڈیزائن کردہ گلابی رنگ کا عروسی لہنگا زیب تن کیا تھا جس میں وہ کافی حسین لگ رہی تھیں، اس جوڑی کی شاہی طرز کی شادی کو مداحوں نے بہت پسند کیا تھا۔

کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کی شادی کی تصویر انسٹاگرام پر بھارت میں سب سے زیادہ لائیکس لینے والی تصویر بنی تھی، دونوں نے اپنی شادی کی تقاریب کو انتہائی خفیہ رکھا تھا اور کسی کو بھی ان کی تصاویر کھینچنے کی اجازت نہیں تھی۔

پرینیتی چوپرا اور راگھو چڈھا:

k5

بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے 24 ستمبر کو ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں اپنے اہلخانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں ایک شہانہ انداز میں شادی کی، دونوں کی آپس میں شادی روایتی پنجابی انداز میں ہوئی جہاں انہوں نے اپنے اہلخانہ اور قریبی دوست احباب کے سامنے پھیرے لیے۔

پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں رازداری کا خاص خیال رکھا گیا تھا اور شادی میں شریک ہونے والے مہمانوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ جوڑے کی تصویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل نہ کی جائے، اس جوڑی کی شادی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سمیت پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی شرکت کی تھی۔

رندیپ ہودا اور لین لائشرام:

k6

بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا نے 29 نومبر کو اپنی گرل فرینڈ اور اداکارہ و ماڈل لین لائشرام سے شادی کی، اس جوڑی کی شادی بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت امفال میں ہوئی جہاں اُنہوں نے روایتی میتی قبیلے کی رسومات کے تحت شادی کی۔

مزید پڑھیں: بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا کی شادی کی تصاویر وائرل

رندیپ ہودا اور لین لائشرام نے اپنی شادی کے دن روایتی میتی قبیلے کے ملبوسات زیب تن کیے تھے، بعدازاں جوڑی نے ممبئی میں اپنے انڈسٹری کے دوستوں کے لیے شادی کے استقبالیے کی میزبانی کی تھی۔

ارباز خان اور شوریٰ خان:

k2

ارباز خان نے 24 دسمبر کو ممبئی میں چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ سے دوسری شادی کی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔

اداروں میں کسی کیخلاف مہم کو تسلیم نہیں کریں گے، جاوید لطیف

سابق وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ (ن) میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ ہم اداروں میں کسی کیخلاف مہم کو تسلیم نہیں کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ آج ایک شخص کو معصوم کہا جارہا ہے، ن لیگ سے انتخابی نشان واپس لیا گیا، پارٹی نے شیر کے نشان کے بغیر سینیٹ کا الیکشن لڑا، 2018 میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی لیکن کسی معصوم کا لفظ استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کسی نے نہیں کہا دو تہائی اکثریت والی جماعت سے زیادتی ہے، ہم چاہتے ہیں سب کے ساتھ انصاف ہو، جو جیل میں ہیں ان کے ساتھ بھی انصاف ہو۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میرے خلاف شوشل میڈیا مہم چلائی جارہی ہے، مخالفین الیکشن کو متنازع بنا رہے ہیں، البتہ سب کو لیول پلینگ فیلڈ ملنی چاہیے، ہمیں صرف فیلڈ ملی ہے لیول تو ملی ہی نہیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ ہم اداروں میں کسی کے خلاف مہم کو تسلیم نہیں کریں گے، ڈان اور سیسلین مافیا کے الفاظ آج تک واپس نہیں لیے گئے، اداروں کو بتانا ہوگا شوشل میڈٰیا مہم کے پیچھے کون ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مخالفین چاہتے ہیں کوئی ایسی ججمنٹ آجائے جو الیکشن پر اثر انداز ہو، ماضی میں کسی کی خواہش پر فیصلے سپریم کورٹ میں کیے گئے، الیکشن کے بغیر جمہوریت اور ملک کا نقصان ہوگا۔a

’فیض چلا گیا۔۔ اب کیا کرے گا‘ ، آصف زرداری کا معروف سیاستدان سے سوال

مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسجد محمود کی اسلام آباد میں ہونے والی تقریب ولیمہ میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف زرداری اورچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے مابین دلچسپ مکالمہ سُننے میں آیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور صداق سنجرانی ایک ہی میز ہر موجود ہیں۔۔

اسی دوران آصف زرداری نے صادق سنجرانی سے سوال کیا، ’فیض چلاگیا، اب کیا کرے گا؟‘

جواب میں صادق سنجرانی فوراً سے بولے، ’آپ تو ہیں ناں‘۔ اس پر آصف زرداری نے برجستہ اپنے مخصوص انداز میں کہا، ’میں تو ۔۔۔ ہوں، ( ساتھ ہی انگوٹھے کی مدد سے میز پرٹھپے لگاتے ہوئے کہا) میرے ساتھ تُو کرتا رہا، یُوں یوں یوں‘۔

اس پر مولانا فضل الرحمان سمیت میز پر بیٹھے دیگر افراد کے قہقہے بے ساٰختہ تھے۔

سابق صدر کامزید کہنا تھا کہ ، ’سیاست میں سوچاکر، ہمیشہ ان کی بادشاہی نہیں رہتی، ہماری رہتی ہے‘۔

جنرل فیض حمید کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر سرکاری بیان جاری کیوں نہیں ہوا

تقریب میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑکے علاوہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، محمود خان اچکزئی، لیاقت بلوچ،اکرم درانی اور سابق وزیراعظم اجا پرویزاشرف سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

بھارتی فوج کی زیرِحراست 4 کشمیریوں کی ہلاکت، پونچھ کمیونٹی کی برہنہ احتجاجی پریس کانفرنس

کاغذات نامزدگی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی حیرت انگیز تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں میں گزشتہ 5 سالوں میں 27 کروڑ 72 لاکھ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، 2018 میں عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی، کاغذات نامزدگی کے مطابق 2023 میں ان کے اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد ہے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں 7 کنال 8 مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا، زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ ظاہر کیا گیا۔

اسی طرح عمران خان نے بنی گالہ میں 300 کنال اراضی بطور تحفہ میں وصول ظاہر کی، بنی گالا گھر کی تزین و آرائش اور ریگولرائزیشن کی مد میں 39 لاکھ روپے سے زائد کا خرچ ظاہر کیا گیا۔

عمران خنا کی جانب سے اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی 6 کنال 16 مرلے اراضی ظاہر کی گئی ، اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی ظاہر کی گئی، 3 کروڑ چالیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیا گیا۔

سابق چیرمین پی ٹی آئی نے بھکر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی۔

کاغذات کے مطابق سابق چیئرمین پی ٹی کسی ایک گاڑی کے مالک نہیں ہیں، ان کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کیش دستی موجود ہے، اسلام آباد کے مختلف بنک اکاؤنٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ظاہر کی گئی ہے، لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی تفصیلات میں بتائی گئی ہیں۔

کاغذات میں توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیاء کی قیمت 1 کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی گئی ہے۔

کاغذات میں بشری بی بی کے نام پاکپتن اور دیپالپور میں 698 کنال اراضی ظاہر کی گئی ہے، بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی عمران خان کے کاغذات میں ظاہر ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے ایف بی آر کو 2021 میں 14 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد اثاثے ظاہر کئے، ایک سال کے دوران 2022 میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32 کروڑ روپے سے زائد ہو گئی۔

ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق 2023 میں انہوں نے اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ روپے ظاہر کی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی تعلیمی قابلیت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی ہے۔