لاہور,گھر میں پر اسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی ,ایک ہی خاندان کے 4افراد جھلس کر ہلاک

لاہور(کرائم رپورٹر )چوہنگ کے علاقہ میں گھر میں پر اسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 4افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانہ جمع کروادیا ۔تفصیل کے مطابق شاداب کالونی میں واقع ایک گھر میں رات گئے پر اسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث گھر میں موجود 2مرد ایک خاتون اور کمسن بچی بری طرح جھلس گئی چیخ وپکار سن کر اہل محلہ اکٹھے ہو گئے جنہوں نے ریسکیو کو اطلاع دی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاکر ہلاک ہونے والوں کی نعشیں قبضہ میں لے لیں پولیس کے مطابق بلڈنگ کو سیل کر کے تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

 

فلسطینیوں کی نسل کشی، جنوبی افریقہ اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت پہنچ گیا

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے ذمہ دار اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرلیا۔

جنوبی افریقہ کے صدارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں درخواست دائر کردی ہے۔

درخواست میں غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا مقصد فلسطینی قوم اورنسل کو تباہ کرنا ہے۔انسانی حقوق کی کئی تنظیمیں پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ فلسطینیوں کے لیے اسرائیلی پالیسیاں نسل پرستی کے مترادف ہیں۔

7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی بمباری کے باعث 21 ہزار 500 سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

پیر کو تمام بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ تمام بینک اور مالیاتی ادارے پیر کو ”بینک ہولی ڈے“ کے باعث بند رہیں گے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کو تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں میں کوئی عوامی لین دین نہیں کیا جائے گا۔

تہام، بیان میں کہا گیا کہ بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور مائیکرو فنانس بینکوں کے تمام ملازمین معمول کے مطابق دفتر میں حاضر ہوں گے۔

پنجاب میں شدید دھند کا راج، موٹر ویز بند

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، حدنگاہ انتہائی کم ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دھند کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کردیا گیا۔

موٹر وے پولیس کے مطابق ایم تھری، ایم فور اور ایم فائیو کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم تھری فیض پور سے سمندری تک، موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے اوچ شریف تک، ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک اور موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے فیصل آباد تک شدید دھند کی وجہ سے بند ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری سفر کے دوران فوگ لائٹس استعمال کریں۔

امریکا کی اسرائیل کو مزید ہتھیار دینے کی منظوری، صہیونی افواج کی غزہ میں لوٹ مار

ایک طرف صہیونی افواج نے غزہ میں لوٹ شروع کردی ہے تو دوسری جانب امریکا نے اسرائیل نواز پالیسی کے باعث کانگریس کو ایک بار پھر نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل کو مزید ہتھیار دینے کی ہنگامی منظوری دے دی ہے۔

پینٹاگون کے مطابق اسرائیل کو ہنگامی بنیادوں پر اسلحے کی فروخت کی منظور دی گئی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل کو ایم 107 پروجیکٹائل دینے کی منظوری دی۔

اسرائیل کو 147 اعشاریہ 5 ملین ڈالر مالیت کے ہتھیار دیے جائیں گے، جن میں گولہ بارود اور دیگر فوجی آلات شامل ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے غزہ میں لوٹ مار شروع کردی ہے۔

یورپی خبر رساں ادارے ”یورومیڈ مانیٹر“ کے مطابق اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کے گھرلوٹ رہی ہے اور جان بوجھ کر فلسطینیوں کی املاک کو تباہ کر رہی ہے۔

یورومیڈ مانیٹر کے مطابق اسرائیلی فورسز گھروں پر چھاپے مار رہی ہیں، گرفتاریاں کر رہی ہیں اور گھروں سے سامان چوری کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لوٹی گئی اشیاء میں رقم، سونا، زیورات اور الیکٹرانکس شامل ہیں، چوری شدہ قیمتی سامان کی کُل رقم لاکھوں ڈالر ہوسکتی ہے۔

انہی اسرائیلی مظالم کے دوران عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں بیماری کے پھیلاؤ پر خطرے کی گھنٹی بجادی۔ سربراہ ڈبلیو ایچ او نے غزہ میں متعدی بیماریوں کے بڑھتے خطرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کے مطابق غزہ میں پناہ گاہوں میں رہنے والے مسلسل بیمار ہو رہے ہیں، ایک لاکھ 80 ہزار کے قریب لوگ سانس کی بیماری کا شکار ہیں۔

ن لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز، پہلا جلسہ آج شیخوپورہ میں ہوگا

عام انتخابات 2024 کے لیے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کا آج سے آغاز ہوگا۔

مسلم لیگ ن کاپہلا جلسہ شیخوپورہ کےعلاقےفاروق آباد میں ہوگا، پارٹی صدر شہباز شریف اور دیگر رہنما پہلے جلسے سے خطاب کریں گے۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پیغام لے کر فاروق آباد میں حاضر ہوں گا، شیخوپورہ نے ہمیشہ ثابت کیا یہ شہرن لیگ کا قلعہ ہے

 

شہباز شریف نے کہا کہ ا’للہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اگر نواز شریف کو دوبارہ موقع ملا تو ترقی اور خوشحالی کا سفر وہیں سے دوبارہ سے شروع ہوگا جہاں 2017 میں ایک سازش کے ذریعے اسے روکا گیا تھا۔’

ایمن سلیم کی مایوں کی تصاویر چھا گئیں

کراچی: پاکستانی اداکارہ و ماڈل ایمن سلیم کی مایوں کی تقریب کی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی و اداکارہ ایمن سلیم اور اُن کے شوہر کامران ملک کی مایوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

سال 2021 میں ڈراما ‘چپکے چپکے’ میں ‘مشی’ کے کردار سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی خوبرو اداکارہ ایمن سلیم نے 22 دسمبر کو ایک پُروقار تقریب کے دوران کامران ملک نامی شخص سے نکاح کیا تھا جس کے بعد اس جوڑے کی ڈھولکی اور منگنی کی تصاویر منظرِ عام پر آئی تھیں۔

اب ایمن سلیم اور کامران ملک کی مایوں کی تقریب کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں جس میں یہ جوڑی پیلے رنگ کے روایتی ملبوسات میں نظر آئے۔

ایمن سلیم پیلے رنگ کے غرارے میں حسین لگ رہی تھیں جبکہ اُن کے شوہر کامران ملک پیلے رنگ کے کُرتا اور سفید پاجامے میں ملبوس تھے۔

سوشل میڈیا صارفین اور شوبز ستاروں کی جانب سے ایمن سلیم اور کامران ملک کو زندگی کے نئے سفر کے آغاز کے لیے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ ایمن سلیم کو ڈراما سیریل ‘چپکے چپکے’ میں ‘مشی’ کے کردار سے کافی شہرت ملی تھی، اس کے بعد اُنہوں نے ڈراما ‘پرستان’ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان نے ٹیکس جمع کرنے سے متعلق آئی ایم ایف کی شرط پوری کردی

اسلام آباد: پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 4.44 ہزار ارب روپے سے زائد کا ٹیکس جمع کرکے آئی ایم ایف کی ایک بنیادی شرط پوری کردی۔

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران انکم ٹیکس 730 ارب روپے اضافے کے ساتھ 2.13 ہزار ارب روپے وصول کیا گیا جو کہ ہدف سے 335 ارب روپے زیادہ ہے، سیلز ٹیکس20 فیصد اضافے کے ساتھ 1.5 ہزار ارب روپے جمع کیا گیا، جو کہ مقررہ ہدف سے 220 ارب روپے کم ہے، جس کی بنیادی وجہ امپورٹس میں کمی رہی۔

فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 65 فیصد اضافے کے ساتھ 265 ارب روپے جمع ہوئے، جو گزشتہ مالی سال 105 ارب روپے تھے، کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 540 ارب روپے جمع ہوئے، جو کہ مقررہ ہدف سے 100 ارب روپے کم ہیں، اس دوران ایف بی آر کو 3.6 ملین انکم ٹیکس ریٹرن موصول ہوئے، جبکہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلیے یہ تعداد جون 2024 تک بڑھا کر 6.5 ملین کرنی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ایف بی آر اگلے ماہ ایک نیا سرکولر جاری کرے گا، جس میں ان لوگوں کے نام ہوں گے، ریٹرن جمع نہ کرانے پر جن کے بجلی، گیس اور موبائل فون کے کنکشن بند کردیے جائیں گے، انھوں نے خبردار کیا کہ 28 دسمبر تک ریٹرن جمع نہ کرانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ٹیکس ایئر 2022 کے دوران 5.3 ملین افراد نے اپنے سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرائے تھے، جن میں سے ہر چار میں سے ایک فائلر نے زیرو ٹیکس جمع کرایا تھا۔

ارباز خان کے بعد ملائکہ اروڑا کا بھی دوسری شادی کا عندیہ

ممبئی: بالی ووڈ اداکار و فلمساز ارباز خان کی سابقہ اہلیہ و اداکارہ ملائکہ اروڑا نے بھی دوسری شادی کرنے کی طرف اشارہ دے دیا۔

24 دسمبر کو ارباز خان نے بالی ووڈ میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے دوسری شادی کی جس میں اس جوڑی کے خاندان والوں اور چند قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان اور شوریٰ خان کی پہلی ملاقات نئی آنے والی فلم ‘پٹنہ شکلا’ کے سیٹ پر ہوئی تھی جہاں سے ان دونوں کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا تھا۔

ارباز خان اور شوریٰ خان کی شادی کے بعد، اب ملائکہ اروڑا کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ اپنی دوسری شادی سے متعلق بات کررہی ہے۔

مذکورہ ویڈیو کلپ بھارتی شو ‘جھلک دکھ لا جا’ کی نئی قسط کا پرومو ہے جس میں فرح خان اپنے سامنے بیٹھیں ملائکہ اروڑا سے سوال کرتی ہیں کہ کیا وہ سال 2024 میں شادی کرلیں گی؟

پہلے تو ملائکہ اروڑا کہتی ہیں کہ اُنہیں سوال سمجھ نہیں آیا لیکن بعد میں سوال سمجھنے کے بعد جواب میں کہتی ہیں کہ اگر کوئی مجھے شادی کی پیشکش کرے گا تو میں ضرور شادی کرلوں گی۔

ملائکہ اروڑا نے اپنے جواب میں ارجن کپور کا نام نہیں لیا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ملائکہ اروڑا کی دوسری شادی ارجن کپور سے نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا نے 1998 میں سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے شادی کی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ بعد ازاں اس شادی کا اختتام 2016 میں ہوا تھا، دونوں میں علیحدگی کی وجہ بھی ارجن کپور کو ہی قرارد یا جارہا تھا لیکن بہت عرصے تک ارجن اور ملائکہ نے اپنے رشتے کو پبلک نہیں کیا تھا۔

بعد ازاں دونوں نے 2019 میں اپنے تعلق کی تصدیق کردی تھی، میڈیا میں ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور دونوں کو عمر کے درمیان فرق کی وجہ سے کئی بار تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاچکا ہے۔

سندیپ لامیچانے پر لڑکی سے زیادتی کا جرم ثابت

معروف نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچانے پر لڑکی سے زیادتی کا جرم ثابت ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کھٹمنڈو ڈسٹرکٹ کورٹ کے سنگل بینچ پر مشتمل جج ششر راج نے جمعہ کو محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالتی فیصلے میں نیپالی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سندیپ لامیچانے کو لڑکی سے زیادتی کا مجرم قرار دیا گیا تھا جبکہ ریپ کے وقت لڑکی کے نابالغ نہیں تھی۔
واضح رہے گزشتہ سال ستمبر میں 17 سالہ لڑکی نے سندیپ کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ کرکٹر نے کھٹمنڈو کے ایک ہوٹل کے کمرے میں اس کے ساتھ زیادتی کی۔

لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں سندیپ لامیچانے کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے اور بعد ازاں انہیں ملک واپسی پر ائیرپورٹ سے گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

نیپالی کرکٹر نے مقدمے کی سماعت کے دوران ضمانت پر رہتے ہوئے قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھی تھی۔

سندیپ لامیچانے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)، بگ بیش لیگ (بی بی ایل) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی کھیل چکے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں سندیپ نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی۔