شمالی وزیرستان میں آپریشن میں کمانڈر راہزیب کھورے سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیر ستان: سیکیورٹی فورسز نے میر علی میں آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد کمانڈر راہزیب کھورے سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔

سعودی عرب میں بھارتی جاسوس بلاگر گرفتار

ریاض: سعودی عرب میں بھارتی جاسوس بلاگر کو گرفتار کر لیا گیا۔

سعودی سیکورٹی فورسز نے بلاگر زہاک تنویر کو 18 دسمبر کو اسلام مخالف مواد شائع کرنے اورمملکت کے مفادات کو نقصان دہ سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا۔

زہاک بھارتی صحافی ہے جو آر ایس ایس اور مودی کے حامی خیالات کے لیے پہچانا جاتا ہے۔ زہاک نے اپنے سوشل میڈیا پر غزہ میں جنگ بندی اور فلسطین کی آزاد ریاست کی وکالت کرنے والے مظاہرین پر تنقید کی تھی۔
مئی 2020 کو متحدہ عرب امارات میں ایک ہندو شیف، اسٹور کیپر اور کیشیر کو سوشل میڈیا پر اسلام مخالف بیانات دینے پر نکال دیا گیا تھا جبکہ قطر میں بھارتی بحریہ کے 8 سابق افسران کو جاسوسی کرنے کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

بحرین کے اسپتال نے بھارتی ڈاکٹر سنیل راؤ کو اسلام مخالف بیان دینے پر نوکری سے نکال دیا تھا۔ اپریل 2020 کو کویت میں ہندو انجینئر کو مسلمانوں کے خلاف سوشل میڈیا پر کمنٹس کرنے کے باعث میں نوکری سے نکالا گیا تھا۔

سعودی عرب کے تبوک ریجن میں شدید برف باری

سعودی عرب کے تبوک ریجن میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی۔

تبوک ریجن میں شدید برف باری کے باعث اللوز پہاڑ نے سفیدی کی چادر اوڑھ لی۔

برف باری ہوتے ہی پہاڑ دلکش منظر پیش کرنے لگا جسے دیکھنے اور موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے علاقے کا رخ کرلیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کا شمار گرم اور صحرائی علاقوں میں ہوتا ہے لیکن ان دنوں سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں بھی ریکارڈ کی گئی ہیں جس کی وجہ سے صحرا اور پہاڑ سرسبز ہوگئے ہیں۔

عامر خان کی بیٹی کے دو ولیمے کیوں ہوں گے؟

بالی ووڈ انڈسٹری کے مقبول اداکار عامر خان کی بیٹی ایرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی 3 جنوری کو باندرہ کے عالیشان تاج لینڈز اینڈ ہوٹل میں ہوگی۔

6 سے 10 جنوری کے درمیان اس جوڑے کی دو استقبالیہ پارٹیز، ایک دہلی میں اور دوسری جے پور میں ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زیادہ تر اداکار چونکہ تعطیلات کی وجہ سے شہر میں نہیں ہیں، اس لیے جو لوگ دہلی کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے تو وہ جے پور کی تقریب میں شامل ہوں گے۔

بھارتی اداکار عامر خان شادی میں شرکت کے لئے بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں کو کال کے ذریعے مدعو کر رہے ہیں۔

ایرا خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام اسٹوریز پر شادی کی تقریبات سے کچھ تصاویر شیئرکی تھی۔

تصاویر میں ایرا اور ان کی منگیتر نوپور شیکھرے کو اپنے رشتہ داروں کے ساتھ شادی کے موقع پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ عامر خان نے اپنی بیٹی ایرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تاریخ کا اعلان رواں سال کے اوائل میں کیا تھا۔

پنجاب کے مزید تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

پنجاب بھر کے غیر رسمی اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات نئے سال کے آغاز سے شروع ہوں گی۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام غیر رسمی اسکولوں میں یکم جنوری سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

تمام غیر رسمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق نوٹیفکیشن پر عمل کریں اور 11 جنوری سے تدریسی عمل کا دوبارہ آغاز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

دوسری جانب پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں تاہم محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ابھی تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے۔

مصنوعی ذہانت کو کاجول سے کیا دشمنی تھی

بالی ووڈ اداکارہ کاجول کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال سے تیار کردہ تصاویر نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچارکھا ہے۔

بھارتی اداکارہ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اپنی چند تصاویر شیئر کیں جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہیں۔

کاجول نے مشہورٹی وی سیریز ہینبل (Hannible) سے متاثر ہو کر قدرے عجیب لُک میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ اپنی تصاویر پوسٹ کیں۔

ن تصاویر میں اداکارہ کو وِلن کے روپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کا یہ لُک اسکرین پر ان کے معمول کے کرداروں سے ہٹ کر ہے۔

تصاویر شیئر کرتے ہوئے کاجول نے کیپشن میں لکھا کہ ’مجھے یہ لُک پسند آئی ہے، کسی دن اسے آزما بھی سکتی ہوں‘۔

مداحوں کو اداکارہ کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ان تصاویر میں انوکھا روپ خاصا بھایا۔

اداکارہ کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے متعدد تبصرے کیے گئے۔ کسی کو یہ بھا گیا تو کوئی خاصا ناخوش دِکھائی دیا۔

کچھ ماہ قبل کاجول کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ غیر اخلاقی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں۔

امارات کے فضائی کرائے 60 فیصد تک کم کرنے کی تیاری

متحدہ عرب امارات کے لیے فضائی کرائے جنوری کے وسط کے بعد 50 فیصد تک گھٹ سکتے ہیں۔ ہائی ڈیمانڈ روٹس پر بھی فضائی کرایوں میں غیرمعمولی کٹوتی کی جائے گی۔

سالانہ شاپنگ فیسٹیول کے باعث دبئی کے کرائے اس وقت 25 سے 50 فیصد زیادہ ہیں۔ شاپنگ سیزن ختم ہونے پر فضائی کرائے بھی کم کردیے جائیں گے۔ ٹریول انڈسٹری کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فضائی کرایوں میں 50 تا 60 فیصد کٹوتی کی جاسکتی ہے۔

فضائی کرایوں میں کمی جنوری 2024 کے دوسرے اور تیسرے ہفتے سے دکھائی دے گی۔ یہ بات دبئی میں قائم ایم پی کیو ٹریول اینڈ ٹورزم کی سی ای او میلون پراڈو نے بتائی۔

اس وقت دنیا بھر کے سیاحوں کی آمد کے باعث دبئی کے لیے فضائی کرائے زیادہ ہیں۔ بڑے ٹور گروپ کی طرف سے بڑے پیمانے پر کرائی جانے والی بکنگ کے باعث بھی فضائی کرائے غیر معمولی ہیں۔

فلپائن کے لیے روٹس پر کرائے فروری تک زیادہ ہی رہیں گے۔ دبئی میں کام کرنے والے فلپائنی باشندے موسمِ سرما کی تعطیلات گزارنے وطن گئے ہوئے ہیں۔ ان کی واپسی کے باعث کرائے کم نہیں کیے جاسکیں گے۔

دبئی سے لندن کے لیے 15 سے 29 جنوری تک اکانومی کلاس کا یک طرفہ کرایا 2140 درہم رہے گا۔ اس وقت یہ کرایا 5135 درہم ہے۔

نیو یارک سے دبئی کا کرایا 3519 درہم ہوجائے گا جبکہ اس وقت یہ کرایا 6487 درہم ہے۔

سان فرانسسکو سے دبئی کا کرایا اس وقت 7600 درہم ہے۔ جنوری کے وسط میں یہ کرایا 5943 درہم ہوگا جبکہ بوسٹن سے دبئی کا کرایا 4276 درہم ہوجائے گا۔

دبئی سے پیرس کا کرایا 2722 درہم جبکہ ایمسٹرڈیم سے دبی کا کرایا 3005 درہم ادا کرنا ہوگا۔

منیلا سے دبئی کا کرایا جنوری کے آخر میں 2 ہزار درہم ہوجائے گا جبکہ اس وقت یہ کرایا 5 ہزار درہم تک ہے۔

اس وقت دبئی آنے والی پروازوں اور جانے والی پروازوں کے کرائے ستمبر اور اکتوبر کے مقابلے میں 25 سے 50 فیصد زیادہ ہیں۔ کرایوں میں کمی کا سلسلہ مارچ کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گا۔

اسکروٹنی کا آج آخری دن: کون اترے گا انتخابی میدان میں اور کون جائے گا گھر، فیصلہ آج ہوگا

عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا آج آخری دن ہے، آج فیصلہ ہوگا کہ کون انتخابی میدان میں اترے گا اور کون گھر جائے گا۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے 22 حلقوں کیلئے 815 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں، جبکہ سندھ اسمبلی کی 47 نشستوں کیلئے 2030 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے تھے۔

شہباز شریف نے این اے 242 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن پر پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعود خان مندوخیل نےاعتراضات اٹھائے ہیں۔

آر او نے شہبازشریف کو اعتراضات کے جوابات دینے کے لئے آج تک کی مہلت دی ہے۔

فیصل آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کردیا گیا ہے، جبکہ سرگودھا سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر عائد اعتراض پر فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

عابد شیر علی نے این اے 102 پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جس کے بعد ان کے خلاف پولیس اہلکار کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ سامنے آگیا ہے۔

حلقہ کے ووٹر رانا عدنان جاوید نے ریٹرننگ آفیسر (آر او) عابد شیر علی کے خلاف درخواست دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عابد شیر علی کے خلاف تھانا مدینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔

نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور، عمران اور بلاول کے کاغذات پر فیصلہ محفوظ

درخواست میں استدعا کی گئی کہ کرمنل ریکارڈ کے باعث عابد شیرعلی کے کاغذات مسترد کیے جائیں۔

دوسری جانب سرگودھا میں پی پی 80 پر 32 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

پی پی 80 میں جمع کرائے گئے مریم نواز شریف کے کاغذات پر عائد اعتراضات کا محفوظ فیصلہ آج سنایا جائے گا، فیصلہ ریٹرننگ آفیسرپی پی 80 انعم بابر سنائیں گی۔

ممبئی حملہ کیس ناکام، منی لانڈرنگ کیس میں حافظ سعید کی حوالگی کا بھارتی مطالبہ

دفترخارجہ نے کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کی حوالگی سے متعلق بھارتی مطالبے کی تصدیق کردی۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارت کی حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست وصول کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے یہ درخواست نام نہاد منی لانڈرنگ کیس میں دی ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال لاہور کی عدالت نے غیر قانونی فنڈنگ کے کیسز میں حافظ سعید کو 31 برس قید کی سزا سنائی تھی۔

سندھ کی 2 بڑی سیاسی شخصیات مسلم لیگ (ن) میں شامل

صوبہ سندھ کی ممتاز شخصیات کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، صوبہ سندھ کی 2 بڑی سیاسی شخصیات جام قائم اور جام کرم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں جام قائم اور جام کرم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا

شہباز شریف نے جام قائم اور جام کرم کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، آپ کی آمد سے صوبہ سندھ اور پورے پاکستان میں ترقی کا سفر تیز کرنےمیں مدد ملے گی ، ترقی کا سفر پورے ملک میں یکساں انداز میں آگے بڑھائیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن، مرکزی رہنما سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، رانا مشہود اور کھیل داس کوہستانی بھی موجود تھے۔