فولڈ ایبل فونز تو اب عام ہوتے جا رہے ہیں مگر کیا آپ ایسا ٹیلی ویژن (ٹی وی) لینا پسند کریں گے؟
اگر ہاں تو دنیا کا پہلا فولڈ ایبل ٹی وی متعارف کرا دیا گیا ہے۔
سی سیڈ این 1 فولڈنگ ٹیلی ویژن دنگ کر دینے والی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
سی سیڈ نامی کمپنی ایسے ٹی وی تیار کرتی ہے جو امیر ترین افراد ہی خرید سکتے ہیں اور اس کا نیا فولڈ ایبل ٹی وی لاس ویگاس میں کنریومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے دوران پیش کیا گیا۔
اس ٹی وی کی خاص بات یہ ہے کہ جب وہ بند ہوتا ہے تو آپ اسے چوکور ڈبے جیسی شکل میں فولڈ کرکے رکھ سکتے ہیں۔
بس ایک بٹن دبانے سے اسکرین مختلف حصوں میں فولڈ ہوکر چوکور شکل کے ڈبے میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
یہ پورا عمل ڈھائی منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے جس کے بعد وہ ٹی وی کی بجائے ایک ٹھوس دھاتی بینچ کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔
کمپنی کے مطابق جب این 1 کو ان فولڈ (unfold) کیا جاتا ہے تو اسکرین کو 180 ڈگری پر گھمایا جا سکتا ہے۔
اس ٹی وی کے لیے مائیکرو ایل ای ڈی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جبکہ 4K ریزولوشن، ایچ ڈی آر اور دیگر فیچرز بھی کا اس کا حصہ ہیں۔
اس ٹی وی کو خریدنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں کیونکہ اس کے 137 انچ اسکرین والے ماڈل کی قیمت 2 لاکھ ڈالرز رکھی گئی ہے۔