کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں آئس و دیگر منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے۔
منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں حیدرآباد میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کیلئے منشیات کی سرکوبی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے سیکریٹری ایکسائز اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو کو ہدایت کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کریں اور ان کارروائیوں سے متعلق سیکرٹری انفارمیشن سندھ کو بھی آگاہ کریں تاکہ میڈیا پر انکی تشہیر کرکے منشیات فروشوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
انہوں نے سیکرٹری انفارميشن کو ہدایت کی کہ وہ چند روز میں منشیات کے خلاف اشتہار بھی شائع کروائیں جس میں منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق اطلاع دینے کیلئے ہیلپ لائن نمبر بھی ہو۔
انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ منشیات کے جرم میں پکڑے جانے والے افراد سے اچھی طرح تفتیش کی جائے تاکہ نہ صرف منشیات کے بڑے اسمگلرز کو پکڑنے میں مدد ملے بلکہ منشیات کی سپلائی چین کو بھی توڑا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ انہیں اس ضمن میں چند روز میں صورتحال میں بہتری نظر آنی چاہیے کیوں کہ یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔
انہوں نے سیکریٹری ایکسائیز کو ہدایت کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرنے کیلئے اچھی شہرت کے حامل افسران پر مشتمل ایک ٹاسک فورس تشکیل دیں۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو واٹس ایپ گروپ بنا کر اپنی روز مرہ کی کارکردگی اور معلومات شییئر کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔