ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد نائب صدر محمد مخبر کو دو ماہ کیلئے عبوری صدر مقرر کردیا جبکہ ملک میں پانچ روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
مشرقی آذربائیجان صوبے میں ہونے والے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر اہلکاروں کی موت کے ایک دن بعد سرکاری بیان میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ’میں پانچ روزہ سوگ کا اعلان کرتا ہوں اور ایران کے عزیز لوگوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘
خامنہ ای نے نائب صدر محمد مخبر کو قائم مقام صدر مقرر کر دیا ، محمد مخبر کی بطور عبوری صدر تقرری کا اعلان پیر کو ملک کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی منظوری کے بعد کیا گیا۔
ایران کے آئین کے مطابق ملک میں 50 دن کے اندر دوبارہ صدارتی انتخاب کروایا جائے گا، اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے آرٹیکل 131 کے مطابق صدر کی موت کی صورت میں، ان کا نائب ’قیادت کی منظوری سے، اپنے اختیارات اور ذمہ داریاں سنبھالتا ہے اور اسمبلی کے سپیکر، عدلیہ کے سربراہ اور عبوری صدر زیادہ سے زیادہ 50 دنوں کے اندر نئے صدر کے انتخاب کا انتظام کرنے کے پابند ہیں۔
ابراہیم رئیسی کے نائب بننے سے پہلے، محمد مخبر دیزفولی تقریباً 15 سال تک ایران کے امیر ترین اقتصادی گروپوں میں سے ایک ’ستاد اجرائی فرمان امام‘ کے ایگزیکٹو سٹاف کے سربراہ تھے۔
یہ گروپ براہ راست اسلامی جمہوریہ کے رہبرِ اعلیٰ کی نگرانی میں کام کرتا ہے اور کسی بھی ادارے کو جوابدہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے۔