تازہ تر ین

معروف اداکار، صداکار، ہدایتکار طلعت حسین انتقال کر گئے

پاکستان کے معروف اداکار، صداکار و ہدایت کار طلعت حسین انتقال کر گئے۔

آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ سے طلعت حسین کی صاحبزادی نے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ کے مطابق طلعت حسین کافی روز سے کراچی کے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل تھے، وہ شروع سے ہی آرٹس کونسل کراچی کے رکن رہے ہیں اور وہ آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی میں بھی شامل تھے۔

صدر آرٹس کونسل کراچی احمد شاہ نے کہا ہے کہ مرحوم طلعت حسین ایک بہترین انسان اور زبردست آرٹسٹ تھے، انہوں نے متعدد ملکی و غیر ملکی فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940ء میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے فنون لطیفہ کو نصف صدی دی، ان کی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری اور آرٹ میں گزرا۔

شاندار ڈراموں سے لے کر بصیرت انگیز تحریروں تک طلعت حسین کی خدمات نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں ناقابلِ فراموش نشان چھوڑے ہیں، ان کے انتقال کی خبر سے پرستار غمزدہ ہیں اور سوشل میڈیا پر مداحوں کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے سینئر اداکار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سیاسی رہنماؤں کا اظہارِ افسوس

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ طلعت حسین پاکستان کی شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام تھے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں طلعت حسین کے چاہنے والے آج افسردہ ہیں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مرحوم طلعت حسین کی فنون لطیفہ کیلئے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے بھی طلعت حسین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ طلعت حسین نے اپنی آواز اور اداکاری سے ہر کردار کو زندہ کیا، مرحوم طلعت حسین ایک حقیقی استاد تھے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain