تازہ تر ین

خاتون ڈاکٹر کو بیرون ملک ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دیکر رقم ہتھیانے والا ملزم گرفتار

اسلام آباد: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے خاتون ڈاکٹر کو بیرون ملک ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دیکر رقم ہتھیانے اور بلیک میل کرنے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان بابر شہزاد، بدر شہزاد اورعثمان رشید ملک عرف اسامہ بشیر کے خلاف خاتون ڈاکٹر سے فراڈ کرکے بلیک میل و ہراساں کرنے پر پیکا ایکٹ، فراڈ و دھوکا دہی اور اعانت جرم کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزمان میں بابر شہزاد اور بدر شہزاد سگے بھائی ہیں اور اٹک کے رہاہشی ہیں۔

ملزمان نے ملی بھگت سے خاتون ڈاکٹر کو ورک ویزے پر مالدیپ کے اسپتال میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دیکر 1 ہزار 900 ڈالر بابر شہزاد کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروائے۔
ملزمان نے خاتون ڈاکٹر کو بلیک میل کرنے کے لیے قابل اعتراض تصاویر واٹس ایپ گروپوں و سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کیں جبکہ ملزمان خاتون ڈاکٹر کو ہراساں کرتے رہے اور خاندان میں بھی اسکی شہرت کو نقصان پہنچایا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی سب انسپکٹر حمیرا اسلم کی سربراہی میں ٹیم نے ملزم بابر شہزاد کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے مرکزی ملزم و اپنے بھائی بدر شہزاد کی ایما پر خاتون ڈاکٹر سے رقم اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروائی، مرکزی ملزم بدر شہزاد سمیت عثمان رشید ملک عرف اسامہ بشیر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مثاثرہ خاتون ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد کی ٹیم نے نہایت برق رفتاری سے کیس پر تفتیش کی اور ملزم کو گرفتار کیا، بچیوں اور خواتین سے اپیل ہے کہ اگر انھیں کسی بھی سطح سے بلیک میل یا ہراساں کیا جاتا ہے تو فوری طور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے رجوع کریں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain