بھارتی ڈراما انڈسٹری کی مشہور ‘بہو اکشرا’ حنا خان بریسٹ کینسر کی تشخیص کے پیشِ نظر پہلے کیمو سیشن کے بعد اپنے کام پر واپس پہنچ گئیں۔
سب کے دلوں پر راج کرنے والی حنا خان نے رواں ماہ یہ انکشاف کیا کہ انہیں اسٹیج تھری بریسٹ کینسر ہے اور وہ ان دنوں اپنا علاج کروا رہی ہیں۔
اس انکشاف کے بعد سے حنا خان اپنے مداحوں کو اپنی زندگی کی اس جنگ کے حوالے سے باخبر رکھنے کیلئے روز کی بنیاد پر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ جاری کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے کیمو تھراپی سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کیا اور اب حالیہ جاری ویڈیو میں وہ میک اپ کرواتی نظر آئیں اور انہوں نے بتایا کہ ‘یہ میرا کیموتھراپی کے پہلے سیشن کے بعد پہلا شوٹ ہے’۔
اداکارہ نے بتایا کہ ‘میں تھوڑی گھبرائی ہوئی ہوں، ہماری کوشش ہے کیموسیشن کے اسٹیچس (ٹانکے، زخم) کو جتنا زیادہ ممکن ہو چھپائیں، سیٹ پر سب بے انتہا محنت کر رہے ہیں’۔
انہوں نے آئینے میں سر پر پہنی وگ بھی دکھائی اور کہا کہ ‘میں ہار نہیں مانوں گی اور کام چلتا رہے گا اور ہم اس مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہم جیت جائیں گے’۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں بھی حنا خان نے اپنے بلند حوصلے کی عکاسی کرتے جملے لکھے اور مداحوں کو یہ پیغام دیا کہ ‘یہ آپ کی زندگی ہے اسے اپنی طرح جیئیں، کسی صورت ہمت نہ ہاریں اور وہ کام کبھی نہ چھوڑیں جس سے آپ کو محبت ہے ہاں لیکن خود کو ٹھیک ہونے کا تھوڑا وقت بھی ضرور دیں’۔





































