بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان کو اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی تقریبات میں پاکستانی ڈیزائنر کے ملبوسات کا انتخاب کرنے کے باوجود انہیں کریڈٹ نہ دینے پر مداح برہم ہوگئے۔
بھارت میں مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریبات زور و شور سے جاری تھیں اس موقع پر جہاں بھارتی حسینائیں اپنے بناؤ سنگھار اور حسین ملبوسات سے مداحوں کے دل فتح کر رہی تھیں۔
وہیں کئی اداکارائیں ایسی بھی تھیں جنہوں نے اس خاص موقع پر بھارتی ملبوسات کے بجائے پاکستانی ڈیزائنر کے ملبوسات کو ترجیح دی۔
ان میں اداکارہ سارہ علی خان کا نام سرفہرست ہے جنہوں نے شبھ آشیرواد اور شبھ ویوا میں پاکستانی فیشن ڈیزائنر ’اقبال حسین’ کے حسین شاہکار میں حسن کے جلوے بکھیرے۔
اس مناسبت سے اداکارہ نے چند تصویری جھلکیاں اپنے مداحوں کیساتھ شیئر کیں جس میں انکی دلکشی کی انتہا دیکھ کر مداح دیوانے ہوگئے۔
تاہم اس دوران اداکارہ کی جانب سے ہونے والی ایک بڑی کوتاہی صارفین کے نظروں سے نہ بچ سکی جس کے سبب سارہ علی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سارہ علی خان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں فیشن اسٹائل، میک اپ آرٹسٹ سمیت فوٹوگرافرز کو بھی ٹیگ کیا تاہم انہوں نے ’اقبال حسین’ کو کریڈٹ نہ دے کر مداحوں کو مشتعل کردیا۔
صارفین نے سارہ علی خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں فیشن برانڈ مینشن نہ کرنے پر آڑے ہاتھوں لےلیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ،’تصور کریں کہ کوئی کسی فلم کے کریڈٹ میں آپ کا ذکر نہیں کرتا ہے اور اداکاری کا ذکر کرنے کے بجائے صرف کاسٹ کرنے کا ذکر کرتا ہے۔ اسٹائلسٹ نے بہت اچھا کام کیا لیکن اس ڈیزائنر نے بھی کیا جسے ٹیگ نہیں کیا گیا ہے۔ ’
ایک اور صارف نے لکھا کہ،’براہ کرم ڈیزائنر کا ذکر کرنے کی ہمت رکھیں چاہے وہ پاکستان، امریکہ، جاپان یا دنیا میں کہیں سے بھی ہو۔’
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ’ڈیزائنر کو ٹیگ کریں نہ کہ اسٹائلسٹ کو جیسا کہ آپ اپنی دوسری پوسٹس میں کرتے ہیں۔ پاکستانی ڈیزائنرز کو اسپاٹ لائٹ ملنی چاہیے جس کے وہ مستحق ہیں’۔
یہاں تک کہ ایک صارف نے یہ بھی لکھا دیا کہ،’کچھ شرم کرو اور اصل پاکستانی ڈیزائنر کو کچھ کریڈٹ دو ۔’





































