اسلام آباد: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر کی تبدیلی کی خبروں کو افواہیں قرار دے دیا اور کہا ہے کہ جب تک صدر وزیراعظم اور خالد مقبول صدیقی کا اعتماد ہے کام کرتا رہوں گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد نے آج سندھ ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے ان کے اعزاز میں استقبالیہ منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئے۔
بعد ازاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے امام مسجد نبوی ڈاکٹر صالح بن محمد کے ہمراہ میڈیا ٹاک میں کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ امام مدینہ آج میری دعوت پر آئے،ان کی آمد پر ان کا اور سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں، امام مسجد نبوی ڈاکٹر صالح بن محمد کا دورہ ضرور کارگر ثابت ہوگا، انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کی ہیں، سعودی حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے جس پر اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آج ملاقات میں پاکستان کی سلامتی اور معیشت کی بحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ جب تک عہدے پر ہوں خدمت کرتا رہوں گا، ہم کام کر رہے ہیں، گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولنے کا دعویٰ کسی اور کا تھا لیکن پورا ہم نے کیا ہے، جب تک صدر وزیراعظم اور خالد مقبول صدیقی کا اعتماد ہے کام کرتا رہوں گا۔