کراچی: پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق کی تصدیق کرنے کے بعد اب بیان سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔
حال ہی میں پاکستان کی سینیئر اداکارہ شگفتہ اعجاز اور ونیزہ احمد نے مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی، جہاں ان دونوں اداکاراؤں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی تھی۔
میزبان مدیحہ نقوی نے شو کے ایک سیگمنٹ کے دوران انکشاف کیا تھا کہ آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق ہوچکی ہے اور فی الحال! دونوں ہی تنہا زندگی گزار رہے ہیں۔
میزبان مدیحہ نقوی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں معروف سوشل میڈیا پیج کی پوسٹ شیئر کی جس میں بتایا گیا تھا کہ مدیحہ نقوی نے آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق کی تصدیق کردی ہے۔
مدیحہ نقوی نے اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی جوڑے کے درمیان طلاق کی تصدیق کرنے والی میں کون ہوتی ہوں؟
اُنہوں نے کہا کہ میرے مارننگ شو میں اداکاراؤں کے درمیان ایک گیم کھیلا جارہا تھا اور اس دوران میری زبان پھسل گئی تھی، مجھے سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے تھا۔
میزبان نے کہا کہ میرے سامعین جانتے ہیں کہ میں کبھی بھی کسی کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسی باتیں نہیں کرتی۔
مدیحہ نقوی نے مزید کہا کہ میں حنا الطاف اور آغا علی کی جوڑی کو بہت پسند کرتی ہوں، میں ان دو خوبصورت انسانوں کو تکلیف پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔