ممبئی: بالی ووڈ اداکار شریاس تلپڑے نے اپنی موت کی افواہوں پر ردعمل دے دیا۔
اداکار شریاس تلپڑے نے اپنی موت کی جھوٹی خبروں پر مایوسی کا اظہارکیا اور اس طرح کی خبروں سے اپنی فیملی خصوصا چھوٹی بیٹی پر پڑنے والے اثرات پربات کی۔
شریاس تلپڑے کا سوشل میڈٰیا پر بیان میں کہنا تھا کہ میں آپ سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میں زندہ ، خوش اور صحت مند ہوں۔ مجھے اپنی موت سے متعلق وائرل ہونے والی پوسٹس کا علم ہے۔ میں مزاح کی اہمیت سمجھتا ہوں لیکن جب کسی مذاق کو غلط طریقے سے استعمال کیا جائے تو وہ نقصان دہ ہوجاتا ہے۔
بالی ووڈ اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کسی نے میری موت کی بات مذاق میں کہی ہو لیکن اس بات نے غیرضروری تشویش پیدا کی اور ان تمام لوگوں کے جذبات کو متاثر کیا جو میرے بارے میں فکر کرتے ہیں خصوصا میرا خاندان کو۔
شریاس تلپڑے نے کہا کہ میری چھوٹی بیٹی روزانہ اسکول جاتی ہے وہ میرے بارے میں بہت فکرمند رہتی ہے اور بار بار سوال پوچھتی ہے۔ میری بیٹی میرے بارے میں تسلی چاہتی ہے۔ اس جھوٹی خبر نے اس کے خوف کو بڑھا دیا ہے اور اسے اپنے اسکول میں دوستوں اور ٹیچرز کی جانب سے سوالات کا سامنا کرنا پڑا جو اس کے لیے ٹھیک نہیں تھا۔
اداکار نے کہا کہ میں ایسی باتیں پھیلانے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ذرا رکیں اور اس طرح کی باتوں کے اثرات کا جائزہ لیں۔ بہت سے لوگوں نے میرے لیے دل سے دعائیں کیں۔ لوگوں کے جذبات سے کھیلنے والا مذاق افسوسناک ہے۔