ممبئی: پرابھاس نے جولائی 2024 میں ‘مقبول ترین فلم اسٹارز’ کی دوڑ میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق Ormax میڈیا کی جانب سے جولائی 2024 کے مقبول ترین مرد فلم اسٹارز کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں بلاک بسٹر فلم ‘کالکی 2898 AD’ کے ہیرو پرابھاس بازی لے گئے ہیں۔
جولائی 2024 کے ‘مقبول ترین فلم اسٹارز’ کی فہرست میں پہلے نمبر پر پرابھاس ہیں، اداکار کی مقبولیت کی وجہ اُن کی حالیہ سُپر ہٹ فلم ‘کالکی 2898 AD’ بتائی جارہی ہے، جس میں اُن کے ہمراہ بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں دوسرے نمبر پر ساؤتھ انڈین اداکار وجے، تیسرے نمبر پر شاہ رخ خان اور چوتھے نمبر پر مہیش بابو ہیں۔
فہرست میں پانچویں نمبر پر جونیئر این ٹی آر، چھٹے نمبر پر اکشے کمار، ساتویں نمبر پر اللو ارجن، آٹھویں نمبر پر سلمان خان، نویں پر رام چرن اور آخر میں اجیت کمار کا نام موجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پرابھاس کی فلم ‘کالکی 2898 AD’ کو نیٹ فلکس اور پرائم ویڈیو پر متعدد زبانوں میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد اس فلم نے ایک بار پھر فلمی شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔