ممبئی: بھارت کی معروف گلوکارہ شریا گھوشال نے کولکتہ میں بہیمانہ جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کے انصاف کے لیے ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اپنا میوزک کنسرٹ ملتوی کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 ستمبر کو کولکتہ میں شریا گھوشال کا میوزک کنسرٹ شیڈول تھا تاہم، کنسرٹ سے چند روز قبل گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اُنہوں نے کولکتہ ریپ کیس کی متاثرہ فیملی سے اظہار یکجہتی کرنے اور ظلم کے خلاف اُٹھاتے ہوئے کنسرٹ ملتوی کردیا ہے۔
شریا گھوشال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی پوسٹ میں کہا کہ حال ہی میں کولکتہ میں پیش آنے والے لرزہ خیز اور گھناؤنے واقعے نے مجھے ذہنی طور پر بُری طرح متاثر کیا ہے۔
گلوکارہ نے کہا کہ میں گہرے دُکھ کے ساتھ اعلان کررہی ہوں کہ میرا کنسرٹ جو 14 ستمبر کو کولکتہ میں منعقد ہونا تھا، وہ اب اکتوبر 2024 تک ملتوی ہوگیا ہے، ہم سب کو اس کنسرٹ کا بےصبری سے انتظار تھا لیکن اس وقت میرے لیے سب سے ضروری ہے کہ میں دردناک واقعے کا شکار ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کی فیملی کے ساتھ اظہار یکجہتی کروں۔






































