ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن اپنی ازدواجی زندگی میں مبینہ پریشانیوں کی وجہ سے کئی ماہ سے مسلسل خبروں میں ہیں۔
آئے روز ایسی خبریں سامنے آتی ہیں جس میں کسی نہ کسی چیز یا بات کو جوڑے کے درمیان اختلافات کا ثبوت بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔
تاہم اتنی قیاس آرائیوں کے باوجود نہ تو بالی وڈ اسٹارز کی جانب سے ان افواہوں کی تردید کی گئی نہ ہی اپنی علیحدگی کا اعلان کیا گیا، البتہ ہر نئی خبر گزشتہ خبر کو غلط ضرور ثابت کرتی دکھائی دیتی ہے۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں ابھیشیک بچن، ان کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور بیٹی ارآدھیا بچن کو اکٹھا بس میں سوار ہوتے دیکھا گیا تھا اور اس بنیاد پر کہا گیا کہ طلاق کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
تاہم عقابی نظریں رکھنے والے مداحوں سے فوری پہچان لیا کہ یہ ویڈیو حالیہ نہیں بلکہ گزشتہ برس منعقد ہونے والی ایک ایوارڈ کی تقریب کی تھی۔
اسی دوران ابھیشیک بچن کو شہر میں دیکھا گیا تھا اور نیٹیزین نے نوٹ کیا کہ انہوں نے اپنی شادی کی انگوٹھی نہیں پہنی تھی، ان کی شادی کی انگوٹھی کے بغیر اس تصویر نے طلاق کی گونج کو ایک بار پھر ہوا دی۔
اب گزشتہ روز ایشوریاکو اپنی بیٹی آرادھیا بچن کے ساتھ ممبئی میں اپنے سسرال کے گھر دیکھا گیا جو پھر طلاق کی خبروں کی تردید کرتی نظر آتی ہے۔






































