بالی وڈ سپر اسٹار گوِندا کی بھانجی اور بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ آرتی سنگھ نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی دلکش اداکارہ ‘مومنہ اقبال‘ کے نام خوبصورت پیغام جاری کردیا۔
بھارتی اداکارہ آرتی سنگھ کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ مومنہ اقبال کے ڈرامے ‘تیرے جانے کے بعد‘ کے سین پر مبنی ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس کے کیپشن میں انہوں نے مومنہ کیلئے ایک کیوٹ میسج لکھا۔
بھارتی اداکارہ کی جانب سے پاکستان کی پُرکشش اداکارہ مومنہ اقبال کیلئے جاری اپنے پیغام میں کہا گیا کہ ‘مومنہ میں نے ڈرامہ سیریل ‘تیرے جانے کے بعد‘ آپ کی وجہ سے دیکھنا شروع کیا ہے، ڈرامہ میں آپ بےانتہا حسین لگ رہی ہیں‘۔
مومنہ کا بھارتی اداکارہ کو جواب
بات صرف یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ بھارتی اداکارہ کی تعریفی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے مومنہ اقبال نے ان کی انسٹاگرام اسٹوری کو اپنے اکاؤنٹ پر ری شیئر کرتے ہوئے ایک خوبصورت پیغام لکھ ڈالا۔
مومنہ اقبال نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بھارتی اداکارہ آرتی سنگھ کی جانب سے ڈرامہ ‘تیرے جانے کے بعد‘ میں اپنا کردار پسند کرنے پر آرتی کا شکریہ ادا کیا گیا جس کے ساتھ ہی مومنہ نے سرحد پار مقیم اداکارہ کو ورچوئل ہگز بھی کیے‘۔
پاک بھارت اداکاروں کی جانب سے ایک دوسرے کیلئے جاری مثبت پیغامات کو دیکھ کر مداح بے انتہا خوش نظر آئے جن کا کہنا تھا کہ واقعی یہ کہاوت بلکل درست ہے کہ ‘آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘۔
واضح رہے کہ حال ہی میں والد کے انتقال کے بعد اداکارہ مومنہ اقبال کافی زیادہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں تاہم انہیں اسکرین پر واپسی دیکھ کے ان کے مداح بے حد خوش نظر آرہے ہیں۔






































