ممبئی: بالی ووڈ کے سپر ہیرو ہریتھک روشن نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ سین کی شوٹنگ اداکارہ ریکھا نے ان کے گال پر زور دار تھپڑ مارا تھا، جس پر وہ ہکا بکا رہ گئے تھے۔
ہریتھک روشن بالی ووڈ کے خوبرو اور باصلاحیت اداکار ہیں، جو ’’کوئی مل گا‘‘ اور اس فلم کے سیکوئل ’’کرش 1‘‘ اور ’’کرش 2‘‘ میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرچکے ہیں۔ فلم ’’کوئی مل گیا‘‘ میں اداکارہ ریکھا نے ہریتھک کی ماں کا کردار ادا کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہریتھک نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب وہ فلم کے ایک سین کی شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچے تو انھیں علم ہوا کہ انھوں نے غلطی سے دوسری سین کی تیاری کرلی تھی۔
اداکار نے بتایا کہ اس دن ہمیں لازماً وہ سین فلمانا تھا، جس میں میری ماں (ریکھا) میرا گال پیار سے تھپتھپاتی ہیں اور میں روتے ہوئے کہتا ہوں کہ میں دوسرے لوگوں کی طرح نارمل کیوں نہیں ہوں۔
یہ ایک مشکل سین تھا اور جب مجھے معلوم ہوا کہ اس سین کی شوٹنگ اسی دن ہے تو میں پریشان ہوگیا۔ میں 45 منٹ تک اپنی گاڑی میں بیٹھ کر یہ سوچتا رہا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر میرے والد تھے اور مجھے بخوبی علم تھا کہ وہ کسی بھی صورت شوٹنگ ملتوی نہیں کریں گے۔
ہریتھک نے مزید تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں خود کو ذہنی طور پر تیار کرنے کے بعد سین کی شوٹنگ کےلیے سیٹ پر پہنچا۔ سین فلمانے سے پہلے ریکھا جی آئیں اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ سین میں حقیقت کا رنگ بھرنے کےلیے وہ مجھے گالوں پر تھپڑ ماریں گی اور میں اس کےلیے خود کو پہلے سے تیار کرلوں۔
میں نے اسے مذاق سمجھ کر ریکھا جی کی بات کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا۔ لیکن سین شروع ہوتے ہی ریکھا جی نے میرے گال پر زور کا تھپڑ مارا تو میں دنگ رہ گیا۔ میں اس منظر میں واقعی رو رہا تھا۔