لاہور (اسپورٹس رپورٹر،محمد ذیشان نواز ) بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کے لیے اپنی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے۔ بھارتی ٹیم کو وزارت کھیل کی جانب سے این او سی مل چکا ہے، تاہم وزارت داخلہ اور خارجہ سے تاحال کلیئرنس نہیں ملی۔
سیکرٹری انڈین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے بتایا کہ وہ دو ہفتوں سے حکومتی کلیئرنس کے منتظر ہیں اور حکومت کا حتمی فیصلہ تسلیم کریں گے، مگر انہیں وضاحت درکار ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی ٹیم 2014 میں باہمی سیریز کے لیے پاکستان آ چکی ہے، جبکہ 2023 میں پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔
ذرائع کے مطابق، اگر بھارتی ٹیم شرکت نہیں کرتی تو دو ممکنہ صورتیں ہیں؛ یا تو مخالف ٹیم کو پوائنٹس دے دیے جائیں گے یا ٹورنامنٹ ری شیڈول کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں شیڈول ہے، جس میں بھارتی ٹیم کی شرکت پر ابہام برقرار ہے۔