بن قاسم ٹاؤن میں ایک بار پھر سرکاری لائن سے تیل چوری پکڑی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود میں ایک بار پھرسرکاری لائن سے تیل چوری پکڑی گئی جس کا مقدمہ پارکو ملازم محمد سلیم کی مدعیت میں بن قاسم ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پیر کے روز معمول کے گشت پرتھے کہ سکیورٹی دیکھ کر 2 ویگو ڈالوں میں کچھ لوگ فرار ہوئے، شبہ ہونے پر ہم پلاٹ کے اندر گئے جہاں تازہ مٹی موجود تھی اور سرنگ کھدی ہوئی تھی۔
واقعے کی اطلاع مدد گار 15پولیس کو اطلاع دی، پولیس کے پہنچنے کے بعد انکشاف ہوا ملزمان کی جانب سے نو فٹ گہری اور تین فٹ چوڑی سرنگ کھودی گئی ہے۔
جائے وقوعہ سے سرنگ کھودنے میں استعمال کیے جانے والے اوزار بھی برآمد ہوئے، مقدمے میں لطیف سیال، مرتضیٰ سیال، عارف، اعتزاز پٹھان ودیگر پانچ نامعلوم صورت شناس ملزمان کونامزد کیا گیا ہے۔
ملزمان پہلے بھی متعدد مرتبہ سرکاری لائن میں کلپ لگا چکے ہیں، ملزمان نے گوادم کے نام پر پلاٹ کرائے پرلیا تھا، پولیس کے مطابق تاحال کوئی بھی ملزم گرفتارنہیں ہوسکا۔
اس سے قبل بن قاسم، اسٹیل ٹاؤن، شرافی گوٹھ، عوامی کالونی میں تیل چوری کے مقدمات درج ہوچکے ہیں تاہم تیل چورگروپ کا سرغنہ گرفت میں نہیں آسکا ہے۔