موسم سرما شروع ہوتے ہی عموماً لوگوں کو جلد کے پھٹنے اور خشک ہونے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور پھر اس سے بچنے کیلئے مہنگے مہنگے لوشن اور موسچرائزر استعمال کرتے ہیں۔
لیکن یہ مسئلہ صرف ہاتھ اور پاؤں یا چہرے کی جلد تک ہی محدود نہیں ہوتا بلکہ بالوں کی شکل بھی موسم سرما میں تبدیل ہوتی نظر آتی ہے۔ بالوں کا خشک ہونا، بالوں کا ٹوٹنا اور روکھا سوکھا ہونا یہ مسئلہ اب عام ہوتا جارہا ہے۔
تو آئیے اس مسئلے کا حل بھی تلاش کرلیتے ہیں جس سے بالوں کی حفاظت کیساتھ اسکی نشوونما کو بہتر بنایاجاسکے۔
اسکن اسپیشلسٹ ڈاکٹر سید بلال شمس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جلد کی حفاظت کیلئے جو موسچرائزر ہیں ان میں سیرامائیڈز اور گلیسرین کا استعمال ضروری ہے، لیکن ساتھ ہی اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ موسم بدلنے کے ساتھ ہمیں طرز زندگی بھی تبدیل کرنا چاہیے۔
بلال شمس کے مطابق جلد کی حفاظت کیلئے گرم پانی سے نہانے سے گریز کرنا چاہیے اور نہانے کے فوری بعد موسچرائزر استعمال کرنا چاہیے اگر خشک جلد پر لگائیں گے تو اس کے زیادہ بہتر نتائج سامنے نہیں آئیں گے۔
بالوں کے مسائل کا حل بتاتے ہوئے ڈاکٹر سید بلال شمس نے کہا کہ سب لوگوں کے بالوں کی صحت اور نوعیت ایک جیسی نہیں ہوتی اور ہر جلد پر ہر شیمپو مفید نہیں ہوتا لہٰذا اس کیلئے ضروری ہے کہ سردیوں میں اپنے معالج کے مشورے سے شیمپو کا انتخاب کیا جائے۔
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ وہ پراڈکٹس جن میں سیلی سائیکلک ایسڈ اور بینزائل پرآکسائڈز شامل ہوں ان سے اجتناب کریں ان کے بجائے آپ جلد میں نمی پیدا کرنے والا فیس واش موسچرائزر کے ساتھ استعمال کریں یا ایسا فیس واش استعمال کریں جس میں ایلو ویرا شامل ہو۔