وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کے موجودہ صورت کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق نے وزیراعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی جنہوں نے پاکستان میں اپنی چار سالہ مدت مکمل کرلی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کے فروغ کے لیے ہائی کمشنر کی شاندار خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ خیر سگالی کے تعلقات کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ہائی کمشنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے پاکستان میں قیام کے دوران انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔