وزیراعظم شہباز شریف نے ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے حصول پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 سال میں پہلی بار نومبر2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 729 ملین امریکی ڈالر پر پہنچ جانا ملکی معیشت کے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی، مہنگائی اور افراط زر میں بتدریج کمی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں اضافہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ریکارڈ اضافے سے پاکستان کی عالمی معاشی مارکیٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گی، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس سے پاکستانی معیشت ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک اور حکومت کی معاشی ٹیم کو اس سنگ میل پر خراج تحسین پیش کیا۔