بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہو گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی 32 مقدمات کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئی ہےِ جہاں ان کی جانب سے محمد فیصل ملک نے ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔
عدالت میں پیشی کے لیے بشریٰ بی بی کی گاڑی کو احاطہ عدالت میں لے جانے کی خصوصی اجازت دی گئی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کی رہنما سیمابیہ طاہر سمیت دیگر رہنما بھی عدالت پہنچے۔وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ بھی عدالت پہنچے۔
32 مقدمات میں ضمانتیں منظور
بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بشریٰ بی بی کی 32 مقدمات میں عبوری ضمانتیں منظور کرلیں، جس کے بعد بشریٰ بی بی عدالت سے روانہ ہو گئیں۔
تفتیشی افسران سے ریکارڈ طلب
عدالت نے بشریٰ بی بی کو 13 جنوری تک 24 سے 27 نومبر احتجاج کے کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام 32 مقدمات کے تفتیشی افسران کو نوٹس جاری کرکے ریکارڈ طلب کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کچھ دیر میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے۔