وزیرتوانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ کے تمام سرکاری اسکولوں کو بتدریج سولرائزڈ کیا جائے گا اور نجی اسکولوں کو بھی سولرائزڈ کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولزایجوکیشن سندھ اورآل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایجوکیشن کی جانب سے پیغام پاکستان، استحکام پاکستان کے عنوان سے پی اے ایف میوزیم میں آل سندھ سائنس اینڈ آرٹس گالا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسکولوں کے بچوں کو پاکستانی تاریخ اور مثبت آگاہی اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، مستقبل کے معماروں کو آج کا پیغام استحکام پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ بچوں کو آگاہ کریں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہاتھوں میں ہے، حالات دن بدن بہتر ہوتے جا رہے ہیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار اچھے اور پرامن حالات دیکھ کر سرمایہ کاری کے لیے حکومت سے رجوع کررہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ گرمیوں میں لوڈشیڈنگ اور زائد بلنگ کا خاتمہ کرنے کے لیے اقدامات میں مصروف ہے، صارفین کو سستی بجلی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔