وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ تجارت، تعلیم ، صحت، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے ترکیہ کو پاکستان کا عظیم دوست اور بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے جس پر شکر گزار ہیں۔ترکیہ بزنس کمیونٹی کے لیے ون ونڈو آپریشن کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
قونصل جنرل ترکیہ درمش بستاغ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہیں۔