عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری روز، حتمی فہرست آج ہی جاری ہوگی

عام انتخابات 20324 کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آج آخری روزہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام امیدوار آج شام تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔

انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست آج ہی جاری کی جائے گی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان کل الاٹ کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار ٓ6 فروری تک اپنی انتخابی مہم چلاسکتے ہیں جبکہ مخصوص نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13جنوری تک کی جائےگی۔

ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کےخلاف اپیل 16جنوری تک دائرکی جاسکے گی ۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ کی تعداد 8 فروری مقرر کی گئی ہے۔

شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

شیخ رشید نے اپنے کاغذات نامزدگی پر صر او آفس کےاعتراضات کے خلاف اپیل بھی دائر کی تھی جس کے بعد الیکشن ٹریبونل کی جانب سے ان کے کاغذات پراعتراض خارج کردیا گیاتھا۔

الیکشن ٹریبونل نےشیخ رشیدکوالیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دیا تھا۔

مولانا فضل الرحمٰن کی افغان وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ملاقات

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمن نے اپنے دورے کے دوران افغان وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی ہے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے دورے کے دوران امارت اسلامی افغانستان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر افغان وزیر مہاجرین حاجی خلیل الرحمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

افغان وزیرداخلہ خلیفہ سراج الدین نے مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیا اور افغانستان کی داخلی صورتحال پر گفتگو کی۔ مولانا فضل الرحمان نے خلیفہ سراج الدین کے دونوں ممالک کے درمیان کردار اور کاوشوں کو سراہا ۔
مولانا فضل الرحمن نے ملاقات میں کہا کہ ہمارے دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان داخلی و خارجی استحکام لانا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھے گی تو خوشحالی اور امن آئے گا۔ پاکستانی قوم افغانستان کے عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

خلیفہ سراج الدین نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ داخلی معاملات پر بہترین تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کی سرحدی امور پر مذاکرات اور باہمی اشتراک سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر افغان وزیر مہاجرین خلیل الرحمان حقانی نے پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ افغان مہاجرین کے ساتھ پاکستان کا ناروا سلوک ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو واپسی کے لیے حکومت پاکستان کو رضاکارانہ طور پر وقت دینا چاہیے تھا، جس پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی کے وقت ناروا سلوک پر ہم نے آواز اٹھائی تھی۔

پاکستان کی شرح ترقی 1.7 فیصد، مہنگائی اگلے سال بھی رہے گی، عالمی بینک

اسلام آباد: عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کا جولائی 2023ء سے جون 2024ء تک کا اکنامک آؤٹ لک غیر فعال ہے اور ترقی کی شرح کا تخمینہ صرف 1.7 فیصد ہے۔

افراط زر کا دباؤ کم ہونے پر ہو سکتا ہے کہ مالی سال 2024-25ء میں ترقی کی شرح 2.4 فیصد پر جا پہنچے لیکن مہنگائی اس سال بھی رہے گی، غریب گھرانے غذا پر زیادہ خرچ کریں گے جس سے غذاکی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور یوں غربت اور عدم مساوات مزید بڑھے گی۔

عالمی بینک کی گلوبل اکنامک رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے ممالک پاکستان، بھارت ،بنگلا دیش اورمالدیپ میں ہونے والے انتخابات سے پیدا ہونے والی بے چینی سے خطے میں غیرملکی سرمایہ کاری متاثر ہوسکتی ہے۔

اگر سیاسی و سماجی بے چینی کے ساتھ تشدد بھی بڑھ گیا تو اس سے کمزور معیشت اور معاشی ترقی کی شرح مزید خراب ہوگی۔غذائی عدم تحفظ میں اضافے سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا دائرہ پھیل سکتا ہے۔

پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں کہنا ہے کہ زری پالیسی کے بارے میں توقع ہے کہ یہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت رہے گی جبکہ مالیاتی پالیسی بھی سکڑے گی جس سے قرض کی ادائیگی کے دباؤ کی عکاسی ہوتی رہے گی۔ سیاسی بے چینی سے ابھرنے والاکمزور اعتماد پرائیویٹ ڈیمانڈ کو سست کرنے میں کردار ادا کریگا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالدیپ ، پاکستان اور سری لنکا کیلئے فنانسنگ کو بڑھانا ہوگا۔بڑھے ہوئے قرض والے ممالک جن میں بھارت پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں کیلئے سود کی ادائیگی کا تخمینہ زیادہ ہوگا۔

پاکستان میں پیداوار مالی سال 2022-23ء میں 0.2 فیصد سکڑی اور یہ 2022ء کے سیلاب کے نقصانات اور سیاسی بے یقینی کا اثر تھاکہ کنزیومر پرائس افراط زر اونچی شرح میں رہا۔ اس سے جزوی طور پر 2023 ء کے اوائل میں کرنسی کی فرسودگی کی عکاسی ہوتی ہے۔ تاہم 2023ء کے آخر تک روپے نے استحکام کے اشارے دکھائے جس کے متعدد عوامل تھے۔

پہلا ٹی20؛ کیویز نے پاکستانی بالرز کا بھرکس نکال دیا، فیلڈرز سے 2 کیچز ڈراپ

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنالیے۔

اکلینڈ میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی اوپنر ڈیون کانوے اور فن ایلن نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم کانوے صفر کے انفرادی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، اوپنر کی وکٹ گرتے ہی فن ایلن نے پاکستانی بالرز پر لاٹھی چارچ کیا اور شاہین کے دوسرے ہی اوور میں 24 رنز بناڈالے۔

15 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے فن ایلن عباس آفریدی کا شکار بنے، پاکستانی فیلڈرز نے کپتان کین ولیمسن کے دو کیچز ڈراپ کیے، وہ 44 اور ڈیرل مچل 31 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے ابتداء میں کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا کر کیویز کے ٹاپ آرڈر کا شکار کریں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف عباس آفریدی اور اسامہ میر ڈیبیو کریں گے۔

اس موقع کیوی کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ گرین شرٹس کیخلاف بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افٹخار احمد، اعظم خان، عامر جمال، اسامہ میر، حارث روف، عباس آفریدی

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

کپتان کین ولیمسن، فن ایلن، ڈیون کونوے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، ایڈم ملنے، میتھیو ہنری، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، بین سیئرز

آئی ٹی ماہرین کی شمولیت سے 5 ارب ڈالر کی برآمدات ہوں گی، عمر سیف

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ آئی ٹی ماہرین کی شمولیت سے 5 ارب ڈالر کی برآمدات ہوں گی۔

نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کنونشن سنٹر میں ٹیک ڈسٹینیشن پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 5 سال میں آئی ٹی ماہرین کی شمولیت سے 5 ارب ڈالر کی برآمدات ہوں گی معیشت کی ترقی میں آئی ٹی کا شعبہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے، آن لائن ورک فورس میں پاکستان کا دنیا میں دوسرا نمبر ہے، ای روزگار مراکز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ہم نے آئی ٹی سیکٹر کو ترجیحی بنیادوں پر استوار کیا، انھوں نے کہا کہ ای روزگار پروگرام پنجاب کے تحت 15 لاکھ افراد کو تربیت دی گئی ہے، ای روزگار کے ذریعے فری لانسرز 30 ڈالر یومیہ کما سکتے ہیں۔

اس موقع پر سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی حسن ناصر جامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعظم کی قیادت میں آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کیلیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔

پاکستانی نژاد امریکی فوزیہ جنجوعہ نیو جرسی کے شہر کی میئر بن گئیں

نیو جرسی: پاکستانی نژاد امریکی فوزیہ جنجوعہ ریاست نیوجرسی کے شہر ماؤنٹ لوریل کی میئر منتخب ہوگئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق پہلی پاکستانی خاتون امریکی مئیر فوزیہ جنجوعہ نے اپنے شوہر اور 4 بچوں کی موجودگی میں قرآن پاک پر عہدے کا حلف لیا۔فوزیہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پہلی مسلمان اور پاکستانی نژاد مئیر بننا میرے لیے بڑا اعزاز ہے۔ مجھے اپنے پاکستانی پس منظر پر فخر ہے۔

فوزیہ جنجوعہ کے مطابق ان کے والد کا تعلق پاکستان کے شہر چکوال جبکہ والدہ کا تعلق لاہور سے ہے۔ ان کے والدین 1970 میں امریکا منتقل ہوئے تھے اور وہ امریکا میں ہی پیدا ہوئیں۔

پشاور ہائیکورٹ؛ پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

پشاور: ہائی کورٹ نے سرٹیفکیٹ جاری نہ کیے جانے پر پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالتی حکم کے باوجود پارٹی سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری نہ کرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

دوران سماعت قاضی انور ایڈووکیٹ اور شاہ فیصل الیاس ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل پیش کیے۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے 16 جنوری تک جواب طلب کیا ہے۔

نواز شریف کے کاغذات منظوری کیخلاف اپیل خارج کرنے کا فیصلہ چیلنج

لاہور: نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل خارج کرنے کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے130سے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف اپیل خارج کرنے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس نواز شریف کے کاغذات منظوری کے خلاف اپیل خارج کی۔ نواز شریف تاحیات نااہل ہیں، الیکشن نہیں لڑ سکتے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کا تاحیات نااہلی کا فیصلہ نواز شریف کے کاغذات منظور کرنے کے بعد آیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق نواز شریف کیس پر نہیں ہوتا ۔ عدالت نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا حکم دے۔

عمران خان نااہلی کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی

لاہور: عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی ہو گئی۔

سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت غیر کارروائی کے لیے غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس جواد حسن کی الیکشن مقدمات میں مصروفیت کے باعث بانی پی ٹی آئی کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کی گئی۔ اس کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ میں جسٹس شمس محمود مرزا ،جسٹس شاہد کریم ، جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس جواد حسن ہیں۔

کیس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔