پشاور ہائیکورٹ؛ پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

پشاور: پی ٹی آئی نے پارٹی سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان بلے کی بحالی کے معاملے پر عدالتی احکامات کے باوجود عمل نہ کیے جانے پر ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ارکان الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

قاضی انور اور شاہ فیصل الیاس کی وساطت سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے ابھی تک پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی پارٹی سرٹیفکیٹ شائع نہیں کیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عدالتی فیصلے سے باخبر ہے، اس کے باوجود شائع نہیں کیا۔ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود فریقین پی ٹی آئی کے عام انتخابات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت پنجاب، پختونخوا میں 6 شدت کا زلزلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے کوہاٹ، سرگودھا، ایبٹ آباد اور دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ خوشاب اور  چارسدہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ ڈی آئی خان، بنوں، ہنگو، دیامر، پارا چنار، منڈی بہاءالدین، بھکر، نوشہرہ، مظفرآباد، وادی نیلم آزاد کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان تھا، زلزلہ 213کلو میٹرکی گہرائی میں آیا۔

تین سو یونٹ مفت بجلی کا وعدہ ’’چیپ ٹاک‘‘ ہے، مرتضٰی سولنگی

اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کہنا بڑا آسان ہے کہ تین سو یونٹ تک بجلی مفت دوں گا، کوئی کہتا ہے تنخواہیں دگنا اور کوئی کہتا ہے تین گنا کردوں گا لیکن یہ چیپ ٹاک ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے متعلق معاملات کا پی ٹی آئی ہی بہتر بتا سکتی ہے، پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ، غیر جانب دارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، نگران حکومت آئینی اور قانونی حکومت ہے جو الیکشن کمیشن کے پیچھے کھڑی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سیکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے آئینی طور پر پابند ہیں، سیکیورٹی کے مسائل حقیقی ہیں، ہمیں ان کا ادراک ہے انہیں بہتر کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سوال اٹھانے پر کوئی پابندی نہیں انشاءاللہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن یہ الیکشن وقت پر کروانے کیلئے ڈٹ کرکھڑا ہوا ہے ابھی تک الیکشن کمیشن الیکشن کے انعقاد کیلئے پرعزم ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست ہمارا قومی مشغلہ بن چکا ہے سیاست اور معیشت اور معاشی مفادات کا مشترکہ اظہار ہے، پچھلے سال ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو جو ہم نے اکٹھا کیا تھا وہ اتنا بھی نہیں تھا کہ ہم قرض اور سود ادا کرسکیں اس لئے سارا بجٹ قرض پر ہی چلانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ کہنے کو بڑا آسان ہے کہ تین سو یونٹ تک بجلی فری دوں گا کوئی کہتا ہے تنخواہیں دگنا، کوئی کہتا ہے تین گنا کردوں گا لیکن یہ چیپ ٹاک ہے، زراعت آپ کی جی ڈی پی کا ایک چوتھائی ہے پچھلے سال چاروں صوبوں سے جو زراعت انکم ٹیکس تین ارب کے قریب جمع ہوا، ملازمین نے پچھلے سال ایکسپورٹرز سے زیادہ ٹیکس دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 1985ء کے بعد سے سیاسی کلچر یہ بن چکا ہے کہ ایم پی ایز، ایم این ایز گلیاں نالیاں بنوا رہے ہیں آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ منتخب لوگ اس ملک کو چلائیں گے غیرمنتخب لوگوں کے پاس حکومت چلانے کا اختیار نہ ہے نہ ہونا چاہیے، الیکشن کے دورمیں جھوٹی خبریں اور جھوٹے وعدے ضرور ہوں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن مہم میں اگر کوئی جھوٹا وعدہ کرے اور تو اسے بتائیں کہ یہ وعدہ پورا نہیں ہوسکتا

کیا پاک بھارت دوطرفہ سیریز ہوگی، ذکا اشرف کا بڑا بیان سامنے آگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری کے ساتھ پاک بھارت سیریز پر بات ہوئی ہے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا کہ بی سی سی آئی سیکریٹری پاک بھارت دو طرفہ سیریز کی بحالی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور رواں سال کے آخر میں بھارت میں انتخابات کے بعد مثبت پیشرفت کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ دو طرفہ سیریز کیلئے تیار ہے تاہم انہیں حکومتی اجازت درکار ہے تاہم انتخابات کے بعد جے شاہ سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔

واضح رہےکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز آخری بار 2012-13 میں ہوئی تھی، جس کے بعد سے روایتی حریف محض آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔

مومنہ مستحسن کے انسٹاگرام سے تمام تصاویر ڈیلیٹ

کراچی: پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔

سال 2016 میں کوک اسٹوڈیو میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ سُپر ہٹ گانا “آفریں آفریں” گا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے اپنی تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کردی ہیں۔

انسٹاگرام پر 4 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی مومنہ مستحسن نے اچانک اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرکے مداحوں کو اُلجھن میں ڈال دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین سوال کررہے ہیں کہ مومنہ مستحسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس کیوں ڈیلیٹ کیں، صارفین کے سوال پر گلوکارہ نے پوسٹس ڈیلیٹ کرنے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ مومنہ مستحسن نے گانا “آفریں آفریں” کے بعد کئی گانے گا کر اپنے مداحوں کے دل جیتے، اُنہوں نے نیویارک کی اسٹونی بروک یونیورسٹی سے بائیومیڈیکل انجنیئرنگ اینڈ اپلائڈ میتھمیٹکس میں دوہری ڈگری حاصل کی۔

سال 2016 میں مومنہ مستحسن نے علی نقوی نامی شخص سے منگنی کی تھی اور سال 2017 کے اوائل میں اُن کی منگنی ٹوٹنے کی خبر سامنے آئی تھی۔

’’عمران خان عدالت میں رو نہیں رہے تھے‘‘ علیمہ خان نے تردید کردی

اسلام آباد: بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے صحافی کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان عدالت میں رو نہیں رہے تھے۔

ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان بالکل نہیں رو رہے تھے، وہ صرف اس بات پر نالاں تھے کہ گزشتہ 5 ماہ کے دوران ان کی صرف ایک بار بیٹوں سے بات کروائی گئی۔

علیمہ خان نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ آرڈر کرتی ہے لیکن خصوصی عدالت کے جج اس کو سنتے نہیں ہیں۔ ہمارا خیال ہے کہ اب ان جج صاحب کو اس کیس میں نہیں ہونا چاہیے۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، انہیں انصاف نہیں مل رہا، جو کچھ ہو رہا ہے یہ پورے نظام پر دھبہ ہے اس دھبے کو دھونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 4 ماہ سے سائفر کیس میں جیل کے اندر ہیں۔ ایک مقدمے میں ضمانت ملتی ہے تو دوسرا جج تیار بیٹھا ہوتا ہے دوسرے کیس میں سزا دینے کے لیے ۔ عدالتوں کو سوچنا ہوگا ، سسٹم کو دوبارہ کھڑا کرنا ہوگا۔ 24 کروڑ لوگوں کا اعتماد عدالتوں سے اٹھتا جا رہا ہے۔ نواز شریف کو جس طرح کی ریسپشن دی گئی، اس کے لیے بھی عدالتوں کا مذاق بنایا گیا۔جو کچھ الیکشن کے نام پر ہو رہا ہے اس سے بہتر ہے نواز شریف کو سیدھا پرائم منسٹر ہاؤس میں لے جا کر بٹھا دیں۔

علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے حوصلے بلند ہیں ان کو دیکھ کر ہمارا مورال بھی بوسٹ ہوتا ہے۔ علیمہ خان نے صحافی جاوید چوہدری کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل نہیں رو رہے تھے، ٹھیک ہے۔ عمران خان صرف اس بات پر نالاں تھے کہ پچھلے 5 ماہ سے ان کی صرف ایک بار ان کے بیٹوں سے بات کروائی گئی۔عمران خان نے بچوں سے بات کروانے کی اپیل کی تھی اور وہ اس بات پہ ناراض تھے بلکہ کافی ناراض تھے۔

واضح رہےکہ سینئر صحافی جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ کل جیل کے اندر ٹرائل کے دوران عمران خان صاحب رو پڑے اور جیل کے عملے نے انہیں تشو پیپر دیے اور جب وہ آنکھیں صاف کررہے تھے تو وہاں اتنا سوگوار سا ماحول پیدا ہوگیا کہ جج صاحب بھی اپنی سیٹ سے اُٹھ کر چلے گئے۔ نیب کے اہلکار اور ان کے وکلا بھی اپنی سیٹ سے اُٹھ کر چلے گئے بلکہ جو امجد پرویز صاحب نیب کے وکیل ہیں وہ چلتے چلتے عمران خان صاحب کے پاس آئے اور انہوں نے کہا کہ آپ اپنی فیملی کے ساتھ بات کرلیں ہم تھوڑی دیر بعد واپس آتے ہیں۔ اس کے بعد یہ ہیئرنگ رک گئی اور جج صاحب، ان کا عملہ، رپورٹر اور باقی کے سب لوگ کھانا کھانے کے لیے چلے گیے۔ آدھا گھنٹہ بعد پھر دوبارہ ہیئرنگ ہوئی۔

شاہ محمود، صنم جاوید کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

لاہور ہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) رہنماؤں کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 3 حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت پر الیکشن کمیشن سے کل جواب طلب کرلیا۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شاہ محمود قریشی کے حلقہ این اے 150، این اے 151 اور پی پی 218 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ ٹربیونل اور ریٹرننگ افسر نے قانون کے منافی کاغذات مسترد کیے۔

پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی درخواست پر بھی عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے جواب طلب کرلیا۔صنم جاوید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ایک قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔ عدالت ٹربیونل اور ریٹرننگ افسران کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

حکومت مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کو سپورٹ نہیں کر رہی، واپسی پر ان سے بریفنگ لیں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹی ٹی پی سے ڈائیلاگ میں دلچسپی نہیں رکھتا، افغان حکومت سے ہمارے مطالبے یہی ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 15 سے 19 جنوری کو سوئزرلینڈ کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم وہاں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے اور سائیڈ لائنز پر کاروباری حضرات اور حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ پہلی بار گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی کانفرنس کا اسلام آباد میں انعقاد ہوا ہے جہاں ہیلتھ سمٹ میں 70 سے زائد وفود نے شرکت کی ہے، نگران وزیر خارجہ نے افتتاحی تقریر میں مستقبل کے وبائی امراض کے خلاف عالمی شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی کانفرنس کا اختتام آج اسلام آباد اعلامیے کے ساتھ ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقا کی جانب سے غزہ کے فلسطینی عوام کے حق میں اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کو سراہتا ہے، پاکستان اس حوالے سے جنوبی افریقا کی حمایت کرتا ہے، ہم جنوبی افریقا کے اس قانونی عمل کو بروقت سمجھتے ہیں، پاکستان دوسرے خودمختار ممالک کے تعلقات یا اختلافات پر تبصرہ نہیں کرتا۔

ترجمان کے مطابق ہم غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں کے قتل عام کو رکوانے کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم فلسطین کے دو ریاستی حل پر یقین رکھتے ہیں، ایسا حل جس میں فلسطین 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر القدس بطور دارالحکومت ہو۔

پاکستان نے ایران اور افغانستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھے گا، پاکستان نے کرمان ایران میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔

کشمیر پر ترجمان نے کہا کہ 70 برس سے بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار کر رہا ہے، ہم نے اجے بساریہ کی کتاب نہیں دیکھی صرف اس پر سوشل میڈیا تبصرے دیکھے ہیں، بھارت پلوامہ واقعہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا رہا، بالاکوٹ بھارت کے لیے ایک ڈراونا خواب ثابت ہوا، پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے مار گرائے۔

انہوں ںے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دورۂ افغانستان حکومت پاکستان یا دفتر خارجہ کی جانب سے نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان کو دورہ پر جانے سے پہلے دفتر خارجہ نے بریفنگ دی تھی، فضل الرحمان اپنے مرضی سے گئے ہیں حکومت پاکستان کی ترجمانی نہیں کررہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹی ٹی پی سے ڈائیلاگ میں دلچسپی نہیں رکھتا، ٹی ٹی پی نے پاکستان میں کئی دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کی، افغان حکومت سے ہماری ڈیمانڈ وہی ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں۔

جو پاکستان کا قانون نہیں مانتا وہ یہاں سے چلا جائے، نگراں وزیراعظم

پشاور: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جو پاکستان کا قانون نہیں مانتا وہ یہاں سے چلا جائے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں خیبر پختون خوا پولیس دربار کی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کے پی پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کے پی پولیس کے شہدا کے ورثا کوئی معمولی نہیں بہت بڑے لوگ ہیں۔ میں ایک مقروض کی حیثیت سے یہاں آیا ہوں۔ آپ لوگوں کا مجھ پر بہت بڑا قرض ہے،بعض اوقات ہم آپ کو وہ مالی امداد نہیں دے پاتے جو دینی چاہیے۔

نگراں وزیراعظم نے دہشت گردوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرے ہوئے لوگ ہیں جنہوں نے اس شہر میں بچوں کو قتل کیا۔ میں نے بیماری یا خودکش حملے میں مر جانا ہے یہ فیصلہ اللہ کا ہو گا۔ یہ دین اور اسلام کے نام پر لوگوں کو ڈراتے ہیں۔ اللہ نے زندگی اور موت کا فیصلہ اپنے ہاتھ میں رکھا ہوا ہے۔ ہم پر 10حملے کریں گے ان کو ایک ہزار بار جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شر کا ساتھ دینے والے گرے ہوئے لوگ ہیں۔ اے پی ایس میں معصوم بچوں کو شہید کیا گیا،ان بےغیرتوں کو حیا آنی چاہیے۔ ہم ان دہشت گردوں سے نہیں ڈرتے۔ ہم سب اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔ یہ دہشت گرد ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں ، ہم ان کے خلاف کامیاب ہو چکے ہیں اور ہمیں اپنے اس سفر پر گامزن رہنا چاہیے۔

“مہوش حیات زندہ دل خاتون ہیں”، ہنی سنگھ

معروف بھارتی میوزک ریپر یو یو ہنی سنگھ اور پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ہنی سنگھ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مہوش حیات کے ہمراہ اپنی تصویر پوسٹ کی جس میں دونوں فنکار سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس ہیں اور تصویر کے لیے پوز دے رہے ہیں۔

بھارتی ریپر نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ “مہوش حیات ایک زندہ دل خاتون ہیں”۔

یو یو ہنی سنگھ کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ “مجھے آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی”۔

مہوش حیات اور یو یو ہنی سنگھ کی تصویر جہاں سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی تو وہیں مداحوں نے اداکارہ سے سوال کیا کہ “کیا وہ بھارتی ریپر کے ساتھ کسی پراجیکٹ میں نظر آنے والی ہیں؟”

مداح کے سوال کے جواب میں مہوش حیات نے کہا کہ “آپ یہ سوال یو یو ہنی سنگھ سے ہی پوچھ لیں، دیکھتے ہیں وہ اس پر کیا کہتے ہیں”۔

مہوش حیات کے جواب پر ردعمل دیتے ہوئے یو یو ہنی سنگھ نے اُن سے پوچھا کہ “کیا واقعی بتا دوں؟”

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ بھی اندازہ لگایا جارہا ہے کہ شاید یو یو ہنی سنگھ کا “زندہ دل” کے عنوان سے نیا گانا آنے والا ہے جس میں مہوش حیات بطورِ اداکارہ نظر آئیں گی۔