5 دہائیوں بعد چاند پر اترنے کے لیے بھیجا گیا امریکی مشن ناکام

5 دہائیوں سے زائد عرصے بعد چاند پر اترنے کے لیے بھیجا گیا امریکی مشن ناکام ہونے والا ہے۔

یہ مشن امریکا کے سرکاری خلائی ادارے ناسا کی سرپرستی میں ایک نجی کمپنی نے 8 جنوری کو روانہ کیا تھا۔

آسٹرو بائیوٹک ٹیکنالوجی نامی کمپنی کے Peregrine لینڈر کو یونائیٹڈ لانچ الائنس کے والکن راکٹ کے ذریعے چاند کی جانب روانہ کیا گیا تھا۔

مگر لانچ کے فوری بعد ہی مشن کو اس وقت بہت بڑا دھچکا لگا جب اسپیس کرافٹ کا ایندھن لیک ہونے لگا۔

اب آسٹرو بائیوٹک کا کہنا ہے کہ اسپیس کرافٹ کے بند ہونے سے قبل اس کی کوشش ہوگی کہ لینڈر کو جس حد تک ممکن ہو سکے چاند کے قریب ترین پہنچایا جائے۔

کمپنی کے مطابق ممکنہ طور پر اسپیس کرافٹ کے propulsion سسٹم میں خرابی ہوئی تھی جس کے باعث ایندھن لیک ہونے لگا۔

کمپنی کی جانب سے 23 فروری کو لینڈر چاند پر اتارنے کی کوشش کرنی تھی مگر اسپیس کرافٹ میں خرابی کے باعث اب زیادہ سے زیادہ ڈیٹا جمع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس مشن کے ذریعے امریکی حکومت اور نجی صارفین کے 20 پے لوڈز کو چاند پر لے جایا جا رہا تھا۔

فلوریڈا سے راکٹ کے ذریعے اسپیس کرافٹ کو کامیابی سے خلا میں پہنچایا گیا۔

مگر راکٹ سے الگ ہونے کے بعد جب propulsion سسٹم کو متحرک کیا گیا تو ایندھن لیک ہونے لگا۔

آسٹرو بائیوٹک کی جانب سے اسپیس کرافٹ کے سولر پینلز کا رخ سورج کی جانب کیا گیا تھا تاکہ لینڈر کی بیٹری چارج ہو سکے۔

مگر ایندھن لیک ہونے کے باعث اب یہ مشن صرف 11 جنوری تک سفر کر سکتا ہے۔

اس مشن کے چاند پر پہنچنے کا امکان نہیں اور اس طرح 1972 کے بعد پہلے امریکی مشن کو چاند پر اتارنے کی کوشش ناکام ہونے والی ہے۔

مگر آسٹرو بائیوٹک کی جانب سے 2024 کے دوران مزید 5 مشنز چاند پر بھیجے جائیں گے۔

کمپنی کے مطابق دوسرے مشن کے لیے اب تک حکومتی اور کمرشل معاہدوں سے 45 کروڑ ڈالرز جمع کیے جا چکے ہیں۔

نوازشریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار، اپیلیں خارج

سابق وزیراعظم نواز شریف کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے این اے 132 سے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے گئے جبکہ کاغذات منظور کرنے کے خلاف اپیلیں خارج کردی گئیں۔

الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے فیصلہ سنادیا اور لاہور کے حلقہ این اے 130 سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل خارج کردی۔

جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے ن لیگ کے قائد نوازشریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے۔

اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے نوازشریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کےخلاف اپیل دائر کی تھی۔

خیال رہے کہ نواز شریف این اے 130 لاہور اور این اے 15 مانسہرہ سے عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔

شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف اپیل بھی خارج

دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل بھی خارج کردی گئی۔

الیکشن ٹریبونل نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے۔

عمران خان کا 2 حلقوں سے کاغذات مسترد ہونے پر لاہورہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 اور 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر لاہورہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔

اپیلوں کی دستاویزات سے متعلق سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل ایڈووکیٹ خالد یوسف چوہدری نے ضروری کارروائی مکمل کرلی جبکہ دستاویزات پر عمران خان کے دستخط بھی لے لیے گئے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے این اے 89 میاںوالی اور این اے 122 لاہور سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی تھیں۔

لاہور ہائیکورٹ اور راوپنڈی بینچ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں اپیلیں خارج کردیں۔

عام انتخابات میں قیدیوں کو بھی ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

 لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں  قیدیوں کو بھی ووٹ کاسٹ کرنے سہولت فراہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے ووٹر قیدیوں کی تفصیلات طلب کرلی۔

جیل حکام کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر سے تمام جیلوں سے ووٹر قیدیوں کی تفصیل مانگ لی اور اس وقت پنجاب میں 66 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں تاہم جیلوں سے فہرستیں وصول ہونے کے بعد ووٹر قیدیوں کی تعداد سامنے آئے گی۔

جیل سپرنٹنڈنٹ فہرستیں مرتب کرنے کے بعد ووٹر قیدیوں کا حلقہ، یونین کونسل اور ووٹ نمبر آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر کو بھجوا دیں گے اور 22 جنوری تک تفصیلات موصول ہونے کے بعد بیلٹ پیپرز کے لیے فہرستیں الیکشن کمیشن کو بھجوادی جائیں گی۔

حکام نے بتایا کہ ہر جیل میں کیمروں کی موجودگی میں ووٹ کاسٹ کروا کر الیکشن کمیشن کو بھجوائے جائیں گے، گزشتہ الیکشن میں بھی قیدی ووٹرز کی معمولی تعداد نے حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔

بھارت نے ڈھٹائی سے پاک فضائیہ کے آپریشن کو بھی مودی کی کامیابی قرار دیدیا

سابق بھارتی ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو بھی بھونڈے طریقے سے مودی کی کامیابی قرار دے دیا۔

انتخابات قریب آتے ہی مودی سرکار کی سستی شہرت کے ہتھکنڈوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حیران کن طور پر اجے بساریہ کئی سال خاموش رہنے کے بعد اچانک نمودار ہو کر مودی پروپیگنڈا کا آلہ کار بن گیا۔

اجے بساریہ نے دعویٰ کیا کہ ابھینندن کی پاکستان میں گرفتاری کے بعد مودی سرکار نے پاکستان پر 9 میزائل داغنے کا فیصلہ کر لیا تھا اور مودی نے پاکستانی وزیراعظم کی بارہا کی گئی کالوں کا کوئی جواب نہیں دیا تھا۔

دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی کے اس نئے پروپیگنڈے کا مقصد آنے والے انتخابات ہیں۔ حالیہ ڈرامے اور رام مندر کی بڑے پیمانے پر افتتاحی تقریب کا مقصد بھی انتخابات سے قبل مذہبی اور پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر ووٹ حاصل کرنا ہے۔

اسی طرح دفاعی ماہرین نے بھی مودی سرکار کے مضحکہ خیز بیان پر کہا کہ جس فوج نے دن دیہاڑے بھارت میں گھس کر اسکے دو جہاز مار گرائے ہوں اس بھارت کا یہ دعویٰ کرنا کہ پاکستان نے ڈر کے مارے ابھینندن کو رہائی کیا تھا ایک لطیفے سے زیادہ کچھ نہیں۔

دفاعی ماہرین نے پاکستان کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھارتی قیدی کو رہا کیا تھا۔

دفاعی ماہرین نے مزید کہا کہ بھارت کے رات کی تاریکی میں حملے کا پاکستان نے دن کی روشنی میں جواب دیا، بھارت نے کھلے علاقے میں بم گرائے لیکن دعویٰ دہشتگردوں کے کیمپ پر اسٹرائیک کا کیا۔

دفاعی ماہرین نے اعتراف کیا کہ بھارتی حملے کے برعکس پاکستان کا جواب کرارا، نپا تلا اور دعوےٰ کے عین مطابق تھا۔

یاد رہے کہ مودی سرکار ماضی میں بھی ایسے کئی جھوٹے دعوے کر چکی ہے جن کو عالمی میڈیا اور ماہرین بے نقاب کر چکے ہیں۔

قبل ازیں بھارت نے پاکستان پر ایک حملے میں 300 دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا لیکن الجزیرہ کی رپورٹ نے بھارتی بم کھلی جگہ پر گرنے کا انکشاف کرکے اسے جھوٹ ثابت کردیا تھا۔

اسی طرح پاک فضائیہ کے بھارت پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے بعد بھارت نے پاکستانی ایف سولہ مار گرانے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا جسے پینٹاگون، کرسٹین فیئر اور کئی بھارتی دفاعی تجزیہ نگاروں نے بھی جھوٹا ثابت کیا تھا۔

قبل ازیں مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیا پال ملک، کانگریس رہنما راہول گاندھی اور کئی دیگر رہنما اور صحافی پلوامہ حملے کے جعلی ہونے کا انکشاف کر چکے ہیں۔

اسی طرح پرشانت بھوشن، ممتا بنرجی اور رویش کمار بھی پلوامہ ڈرامے کا الزام مودی سرکار پر لگا چکے ہیں۔

پنجاب بھر کے اسکولوں میں 7 روز کی تعطیلات کا اعلان

 لاہور: پنجاب میں نمونیہ کے کیسز بڑھنے پر صوبائی حکومت نے کلاس ون سے نیچے نرسری و پلے گروپ کی کلاسز کے لیے 7 روز کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔

پنجاب بھر کے اسکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔

پنجاب میں یکم جنوری سے 36 بچے نموینہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں اور چلڈرن اسپتال میں 10 میں سے 8 بچے نموینہ کے مریض ہیں۔ سردی میں اضافے کے ساتھ وائرل نموینہ خصوصاً بچوں میں مرض بڑھ رہا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب میں 22 دن کی موسم سرما کی تعطیلات کا اختتام ہوگیا ہے اور آج سے تمام سرکاری و نجی اسکولز میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوگئیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جی او آر 9 کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن اسپتال سے آرہا ہوں، چلڈرن اسپتال کی ایمرجنسی میں ہر 10 بچوں میں سے 8 نمونیہ کا شکار ہیں، یکم جنوری سے 9 جنوری تک 36 بچے نمونیہ سے جاں بحق ہوگئے ہیں، نمونیہ سے فوت ہونے والے زیادہ تر بچے بالکل کم عمر ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پریپ اور نرسری کی کلاسز 19 جنوری تک بند کر دی ہیں، پہلی کلاس اور دیگر کلاسز جاری رہیں گی لیکن 31 جنوری تک اسکولوں میں اسمبلی پر پابندی لگا دی ہے، صبح کے وقت سردی زیادہ ہوتی ہے، عمررسیدہ افراد بھی اپنی خوراک اچھی رکھیں، گرم کپڑے اور ماسک بھی ضرور پہنیں، بچوں کے اسکولوں میں ماسک کو لازمی کر دیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پنجاب نمونیہ کے خلاف آگاہی مہم شروع کررہی ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ مارننگ شوز میں بچوں کے ماہر ڈاکٹروں کو مدعو کریں تاکہ لوگوں آگاہی ہو،بچے کو کھانسی، بخار یا گلے کی شکایت ہے تو بچے کو گھر پر ہی رکھیں اسکول نہ بھیجیں، نمونیہ سے نمٹنے کیلئے تمام ایس او پیز آج شام تک میڈیا پر جاری کردیے جائے گی، اسکول ڈیپارٹمنٹ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلی سے دسویں تک اسکول بند کرنے کی ضرورت نہیں، بچوں کو گرم کپڑے پہنائیں تو کوئی مسئلہ نہیں، اسکولوں میں بچے نیکرز نہیں پہنے گے، جیکٹس اور مناسب لباس پہنائے جائیں، 31 جنوری تک سختی نہ کی جائے، یونیفارم میں نرمی کررہے ہیں کیونکہ بچوں کو گرم کپڑوں میں رکھنا اس وقت زیادہ ضروری ہے

ان کا کہنا تھا کہ نمونیہ ہر سال آتا ہے پہلے کی طرح اس سال بھی اسے روک سکتے ہیں پریشانی کی بات نہیں لیکن سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، محکمہ صحت اور اسکول ڈیپارٹمنٹ اپنا اپنا کام کررہے ہیں، نمونیہ کے حوالے سے کمیٹی بھی بنا دی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر فیڈ بیک دے گی۔

نرگس فخری کے والد پاکستانی نکلے

 ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

امریکی نژاد بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری کا شمار اُن بھارتی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ میں اپنی ڈیبیو فلم سے ہی شہرت حاصل کی۔

رنبیر کی فلم ‘راک اسٹار’ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والی معروف اداکارہ نرگس فخری نے کئی پاکستانی اشتہارات میں بھی کام کیا ہے لیکن اس بارے میں کوئی نہیں جانتا کہ پاکستان کے ساتھ اُن کے خاندان کا گہرا تعلق ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران اپنی فیملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے نرگس فخری نے کہا کہ اُن کے والد پاکستانی تھے جبکہ اُن کی والدہ کا تعلق جمہوریہ چیک سے تھا۔

نرگس فخری نے اپنی پیدائش کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ اُن کی پیدائش نیویارک شہر میں ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ نرگس فخری نے 2011ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’راک اسٹار‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ اس فلم میں انہوں نے اداکار رنبیر کپور کے ساتھ کام کیا تھا جبکہ انہوں نے متعدد دیگر بلاک بسٹر فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

نرگس فخری اپنی ذہنی صحت کی وجہ سے طویل عرصے تک بڑے پردے سے دور رہیں اور اب وہ فلم ’ہری ہرا ویرا مالو‘ میں نظر آئیں گی۔

شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیت 3 افراد جاں بحق

شمالی وزیر ستان: خیبرپختونخوا کے علاقے میرانشاہ کے گاؤں تپی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں میں فائرنگ سے جاں بحق تین افراد میں حلقہ پی کے-104 سے انتخابات میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت ملک کلیم اللہ ، مسرور  اور محمد سخی کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملک کلیم اللہ ساتھیوں کے ہمراہ اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر فائرنگ کی گئی، لاشوں کو پوسٹ مارٹم  کے لیے میرانشاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میرانشاہ میں صوبائی اسمبلی کے مذکورہ حلقے میں انتخاب کے حوالے سے وضاحت جاری کردی کہ پی کے- 104 میرانشاہ میں امیدوار کے انتقال سے الیکشن عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، سکیشن 73 کے تحت انتخابی مہم کا حصہ بننے والے امیدوار کے انتقال سے الیکشن ملتوی ہوتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ فارم 33 میں شامل ہونے اور انتخابی نشان جاری ہونے کے بعد امیدوار انتخابی عمل کا حصہ بن جاتے ہیں۔

انتخابات میں سیکیورٹی کے حوالے سے  نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کو 56 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے جس کے لیے وفاق کو آگاہ کردیا ہے، مالی مسائل کے باجود پولیس کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

انتخابات کیلیے 56 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

 پشاور: نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات کیلیے 56 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے جس کے لیے وفاق کو آگاہ کردیا ہے۔

پولیس لائنز کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، وفاق کی طرف سے ضم اضلاع کے شئیرز اور دیگر فنڈز پورے نہیں مل رہے۔

سید ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ مالی مسائل کے باجود پولیس کو مضبوط بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے 56 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، اضافی سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کا معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن اور عدالت کا فیصلہ حتمی ہوگا اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

اُدھر  پشاور ڈویژن کے پانچ اضلاع میں تین ہزار 201 پولنگ سٹیشنز میں سے ایک ہزار 293 پولنگ سٹیشنز کو انہتائی حساس اور ایک ہزار 234 کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔

آئندہ انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر پشاور محمد زبیر کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور،نوشہرہ،چارسدہ،قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز،اسپیشل برانچ،انٹیلیجنس بیورو اور سی ٹی ڈی کے افسران نے شرکت کی۔

پولنگ اسٹیشنز پر خواتین اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلیے محکمہ صحت سے خواتین کی خدمات مانگنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے کمشنر پشاور نے محکمہ صحت کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کردیا۔

کمشنر پشاور نے بتایا کہ پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں ایک ہزار 293 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی، 1234 کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں خواتین اہلکار تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں برف باری والے علاقوں میں الیکشن سے دو روز قبل برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری کی دستیابی یقینی بنائے کے بھی احکامات جاری کیے۔

دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ریاستی ردعمل اتنا شدید ہوگا، وزیراعظم

 اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشتگرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف ریاست کے رد عمل میں اتنی ہی شدت آئے گی، دہشتگرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو شکست نہیں سکتے۔ 

انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لئے حکومتی کوششوں میں افواج پاکستان، پولیس، پولیو ورکرز اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔

وفاقی کابینہ میں توثیق اور منظوریاں  

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ کی پیش کردہ سمری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 227 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سے قبل سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمدبگٹی کو اس کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی۔ اُن کے استعفیٰ کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔ نو تشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر سپریم کورٹ بلڈنگ کمیٹی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لیے زیر تعمیر نئی عمارت میں کراچی بھر میں مختلف مقامات پر قائم تمام فیڈرل کورٹس اور ٹربیونلز کی منتقلی اور عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کرنے کی منظوری دے دی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اپنی موجودہ عمارت میں کام جاری رکھے گی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر لائیو سٹاک و ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ(LDDB) کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے پیش کی گئی سمری پر ہدایت دی کہ اس حوالے سے بلوچستان اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے فیصلوں کی روشنی میں لائیو سٹاک و ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ کے انتظامی بورڈ کو فعال کیا جائے تاکہ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے کیا جا سکیں۔

وفاقی کابینہ نے کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کو بھیج دیا. اس اتھارٹی کے تحت ملک میں cannabis کی کاشت ،ایکسٹریکشن، ریفائننگ اور طبی اور صنعتی استعمال کے حوالے سے ضروری ضوابط مرتب کئے جا سکیں گے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13-12-2023، 15-12-2023 اور 20-12-2023کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائےحکومتی ملکیتی ادارہ جات (CCOSOEs) کے 28-12-2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 22-12-2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔