لیول پلیئنگ فیلڈ کیس: الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری کا جواب سپریم کورٹ میں جمع

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور چیف سیکرٹری پنجاب نے لیول پلیئنگ فیلڈ کیس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔

سپریم کورٹ کے حکم نامے کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 322 صفحات اور چیف سیکرٹری پنجاب نے 242 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا۔

عدالتی استفسار پر تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ وہ ان جوابات پر اپنا تحریری جواب جمع کرانا چاہتے ہیں۔

تحریک انصاف کے وکیل نے تفصیلی جواب جمع کرانے کے لیے 3 روز کا وقت مانگا۔

حکم نامے کے مطابق عدالت نے تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی اور کیس کی آئندہ سماعت 15 جنوری کو ہوگی۔

بلے کا نشان واپس نہ ملا تو ہمارے پاس پلان بی موجود ہے، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس نہ ملا تو ہمارے پاس پلان بی موجود ہے۔

پشاور ہائیکورٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پشاورہائیکورٹ نے 5 گھنٹے سماعت کی، کل بھی فریقین کو سنا جائے گا، پشاور ہائیکورٹ کل بلے کے نشان کے حوالے سے فیصلہ سنا دے گی، امید ہے فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں امید ہے بلے کا نشان واپس ملے گا، اگر فیصلہ حق میں آیا تو 12 جنوری تک امیدواروں میں ٹکٹ تقسیم کر دیں گے، وکلاء کو بھی ٹکٹ دیں گے، ان کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا کسی پارٹی کے ساتھ فی الحال کوئی اتحاد نہیں، ٹکٹوں کے حوالے سے خواتین کی تعداد زیادہ رکھی ہے۔

بیرسٹر گوہر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے سامنے ایک آرڈر چیلنج کیا تھا، پشاورہائیکورٹ کا فیصلہ آتا ہے تو سپریم کورٹ کیس کی ضرورت نہیں۔

موقع ملا تو سوئی کے ہر گھر میں گیس کنکشنز فراہم کریں گے، آصف زرداری

 کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر حکومت ملی تو سوئی میں گیس پائپ لائن بچھا کر ہر گھر میں گیس فراہم کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں منعقدہ پیپلزپارٹی کے جلسے سے ٹیلی فونک خطاب میں آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والے عمائدین کو خوش آمدید کہتا ہوں اور عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بھروسہ کیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ اگر موقع ملا تو سوئی کے علاقے میں گیس پائپ لائن ڈال کر ہر گھر کو گیس فراہم کریں گے جبکہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار دیں گے کیونکہ عوام کی خدمت ہی پیپلزپارٹی کا منشور ہے۔

سابق صدر نے پارٹی کارکنان اور عوام سے وعدہ کیا کہ وہ نہ صرف سوئی کے علاقے کی حالت تبدیل کریں گے بلکہ جلد ڈیرہ بگٹی کے علاقے کا دورہ بھی کریں گے۔

قبل ازیں پی پی میں شامل ہونے والے سابق وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی تقدیر ہے، آج پاکستان کے خلاف پوری ایک مہم جوئی کے ساتھ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی سے پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد ہے اور اسے دنیا کی کوئی طاقت توڑ سکتی اورنہ ہی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کی جماعت اور مزدوروں کا مقدمہ لڑتی ہے، پی پی مزدور کو اپنے پیروں پر کھڑا کرے گی۔

انوہں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نہ صرف وفاق بلکہ بلوچستان میں واضح اکثریت کے ساتھ اپنی حکومت بنانے جا رہی ہے۔

عمران خان کی عدالت میں صحافیوں سے گفتگو، ٹکٹوں کی تقسیم پر جواب دے دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کی کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران توشہ خانہ سمیت اہم سوالات اٹھائے گئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں آفس بوائے کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا، کیا میں آفس بوائے کے ذریعے اربوں کی کرپشن کروں گا۔

صحافی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ سپریم کورٹ نے نااہلی ختم کردی، اس پر آپ کیا کہیں گےَ؟ جس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات نہیں کروں گا۔

صحافی نے پھر سوال کیا کہ تاحیات نااہلی ختم ہونے سے ہوسکتا ہے مستقبل میں آپ کو بھی فائدہ ہو، جس پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس پر کچھ نہیں کہوں گا، ہم نے مخالفین پر کیسز نہیں بنائے تھے، کیسز پرانے تھے۔

صحافی نے عمران خان سے ایک اور سوال کیا کہ شیخ رشید کو امیدوار کھڑا کریں گے، جس کے جواب میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی ٹیم فیصلہ کرے گی کون سا امیدوار کھڑا کرنا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے متعدد منصوبوں کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی

نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے متعدد منصوبوں کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئی بی کے لیے 25 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی جبکہ سبسڈی گرانٹ ایگریمنٹ اور انفراسٹرکچر پراجیکٹ کے لیے وزارت خزانہ کی سمری بھی منظور ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق درآمدی یوریا کی فروخت کے طریقہ کار سے متعلق سمری مشروط طور پر منظور کر لی گئی، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے لیے 3 ارب 56 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے لیے بھی 10 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔

پاکستان کی متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی درخواست

 اسلام آباد: پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی درخواست کردی ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق نگران حکومت نے2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے صدر کو خط لکھا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ یو اے ای سے ملنے والے قرض کی ادائیگی 17 جنوری کو کرنی ہے جس کی شرح تین فیصد ہے، اسی طرح دوسری رقم ایک ارب ڈالر کی ہے جس کی شرح 6.5 فیصد ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے مجموعی طور پر3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں رکھوائے گئے ہیں جس میں سے دو ارب ڈالرز جنوری 2024 تک رکھوائے گئے تھے۔

ایم کیو ایم-مسلم لیگ(ن) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ، این اے-242 پر اتفاق رائے نہ ہوسکا

  کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے درمیان کراچی کے تین حلقوں سمیت صوبے بھر میں متعدد قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ ہوگیا تاہم کراچی کے حلقہ این اے- 242 پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کی کمیٹیوں کا سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ساتواں اجلاس ہوا اور تین نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کافیصلہ ہوگیا جبکہ ضلع کیماڑی کے حلقہ این اے 242 پر ایم کیو ایم پاکستان نے دستبرداری مشروط کردی۔

ذرائع کا کہناتھا کہ مسلم لیگ (ن) ملیر این- اے 229 اور این- اے 230 اور اسی حلقے میں صوبائی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور ایم کیوایم پاکستان ان کی حمایت کرے گی جبکہ ملیر این اے-231 اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار ہوں گے۔

دونوں جماعتوں کی قیادت کی منظوری سے کراچی کے ضلع جنوبی کے حلقے این- اے239 پر بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت مسلم لیگ(ن) اپنا امیدوار لائے گی، اس کے علاوہ میرپور خاص، نواب شاہ اور سکھر کی قومی اسمبلی کی نشستوں پر بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے تاہم صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار انتخاب لڑیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کی کمیٹیاں ضلع کیماڑی میں این اے-242 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نہیں کرسکیں جہاں سے سابق وزیراعظم شہباز شریف اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال جیسے مضبوط امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیوایم کی جانب سے اس حلقے میں دستبرداری مشروط کی گئی ہے کہ اس حلقے کی دونوں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی تاہم دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان اس حلقے کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جا ری ہے اور جلد فیصلے کا امکان ہے۔

مونس الہٰی کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیے گئے

لاہور کی ایک عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے اینٹی کرپشن کی درخواست پر مونس الہٰی کے ورانٹ گرفتاری جاری کیے۔

عدالت نے جعل سازی کے مقدمے میں مونس الہٰی کے ورانٹ گرفتاری جاری کیے۔

اینٹی کرپشن کی طرف سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم مونس الہٰی شامل تفتیش نہیں ہوا، خود کو روپوش کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ مونس الہٰی اس وقت ملک میں موجود نہیں ہیں اور گزشتہ سال ان کو وطن واپس لانے کے لیے قانونی عمل کا آغاز بھی کر دیا گیا تھا۔

وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق گزشتہ سال مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت کا انٹرپول سے رابطہ ہوا تھا اور اس حوالے سے ایف آئی اے نے انٹرپول حکام سے رابطے کیے تھے۔

ذرائع وفاقی حکومت کے مطابق مونس الہٰی کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیل انٹرپول حکام سے شیئر کی گئی تھیں اور گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کرانے کا عمل شروع ہوگیا تھا۔

پاک-سعودیہ دفاعی تعاون اور اس کی رفتار بڑھانے کیلئے مزید راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا تیسرا اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے شرکا نے باہمی دلچسپی کے امور اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ اجلاس میں دونوں ممالک میں فوجی ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی اور مشترکہ مقاصد کی تکمیل کے لیے دفاعی اور صنعتی تعاون کی ضرورت پر غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنے کے لیے تمام شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ فورم نے دفاعی تعاون اور اس کی رفتار بڑھانے کے لیے مزید راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ارطغرل نے مجھے ویڈیو کال کی لیکن مصروفیت کے سبب اٹھا نہ سکی: انوشے اشرف

پاکستانی اداکارہ انوشے اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ شہرہ آفاق ترکش ڈرامے ارطغرل غازی کے ہیرو اور معروف ترک اداکار انگین آلتان نے انہیں ویڈیو کال کی لیکن وہ مصروفیت کے باعث اٹھا نہیں پائیں۔

اداکارہ انوشے اشرف حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئیں جس دوران میزبان نے اداکارہ نے کچھ دلچسپ موضوعات پر گفتگو کی۔

دوران گفتگو اداکارہ انوشے اشرف نے بتایا کہ میرے ایک بہت اچھے دوست مراد استنبول میں مقیم ہیں، مرادا ترک اداکار انگین آلتان کے بھی بہت اچھے دوست ہیں اور ان کے پڑوسی بھی ہیں، میں نے مراد کو کہا تھا کہ کہ ارطغرل پاکستان کے بہت بڑے اسٹار ہیں ان سے ملنے کیلئے لوگ بے تاب ہیں آپ ان سے میری بھی ایک ملاقات کروادیں یا میری بات کروادیں۔

اداکارہ کے مطابق مراد نے عید کے دن مجھے ارطغرل سے کال کروائی لیکن میں یوگا اور میڈیٹیشن کی کلاس لے رہی تھی جس کی وجہ میں کال ریسیو نہیں کرپائی اور جب میں نے اپنا سیل فون دیکھا تو مجھے ان کی کال اور ایک چھوٹی سی ویڈیو ملی جس میں انہوں نے مجھے ہیلو ہائے کے بعد بتایا تھا میں نے آپ کو کال کی تھی لیکن آپ نے ریسیو نہیں کی، اس کے بعد میں نے بہت برا محسوس کیا اور کال نہ اٹھانے کا افسوس بھی رہا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب باہر سے ہمارے دوست بھی  پاکستان آتے ہیں تو ہم بھی انہیں فواد خان اور ہمایوں سعید سے ملواتے ہیں۔