زراعت اور انڈسٹری کو بڑھانے کے لیے لاگت میں کمی لانا ہوگی، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخ میں کمی لائے بغیر زراعت اور انڈسٹری کی پیداواری لاگت میں کمی لانا ممکن نہیں۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے چالیس برس بعد پاکستان کو گولڈ میڈل دلایا، ارشد ندیم کو ایوارڈ دینے کے لیے صدر مملکت کو خط لکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں کئی ماہ سے بہت محنت کی گئی، ہمیں اگر زراعت، انڈسٹری کو بڑھانا ہے تو اس کی لاگت کم کرنی ہوگی، دوسرے ممالک سے کاسٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے لاگت میں کمی لازمی ہے اس کے بغیر مارکیٹ میں قدم جمانا ممکن نہیں اس میں بجلی کا بہت بڑا کردار ہے۔

مریم کی ارشد ندیم سے ملاقات؛ 10 کروڑ کا چیک، گاڑی تحفہ کردی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو 10 کروڑ کا چیک اور گاڑی بھی تحفہ کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہیلی کاپٹر کے ذریعے میاں چنوں کی نواحی گاؤں میں اولمپیئن ارشد ندیم کے گھر پہنچیں، جہاں اولمپئین اور انکے اہلخانہ نے انکا استقبال کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارشد ندیم کی والدہ محترمہ رضیہ پروین کو گلے لگاکر مبارکباد پیش کی جبکہ اپنے ہمراہ بٹھایا جبکہ اہلخانہ کے ہمراہ تصاویر اور سلفیاں بھی بنوائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اولمپیئن ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا جبکہ ہنڈا سوک گاڑی بھی تحفے میں پیش کی، انہوں نے جیولین تھرو اسپیشلسٹ کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی 50 لاکھ روپے کا چیک دیا۔

فلم 300 کروڑ سے زیادہ نہ کمائے تو سلمان خان کو برا لگتا ہے،بالی ووڈ فلم میکر

ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور فلم میکر نکھل ایڈوانی کا کہنا ہے کہ اداکار سلمان خان کی فلمیں 300 کروڑ سے زیادہ نہ کمائیں تو ان کو برا لگتا ہے۔

میگا اسٹار سلمان خان کے ساتھ فلم ‘ سلام عشق’ اور ‘ہیرو’ میں کام کرنے والے فلم میکر نکھل ایڈوانی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرتے ہوئے ہر وقت باکس آفس کا پریشر رہتا ہے۔ سلمان خان کی کوئی فلم 300 کروڑ روپے سے کم کمائے توانہیں برا لگتا ہے۔

فلم میکر کا مزید کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ میں نے سلمان خان کے ساتھ کم کام کیا ہے کیونکہ میں باکس آفس کا بوجھ لیے بغیر رات کو سکون کی نیند سونا چاہتا ہوں۔ سلمان خان میرے دوست ، میرے مسیحا ہیں تاہم میں اپنی فلم اپنی مرضی سے بنانا چاہتا ہوں۔ سلمان خان ایسے شخص ہیں جن سے کوئی بھی مشکل اور مصیبت کے وقت میں رابطہ کرسکتا ہے۔ اگر وہ فلم کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں اور کوئی ایمرجنسی بتائے تو وہ شوٹنگ چھوڑ کر مدد کو چلے جاتے ہیں۔

فیض حمید کے خلاف کارروائی خوش آئند مگر چارج شیٹ اُدھوری ہے، اے این پی

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی نے جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف چارج شیٹ اُدھوری ہے۔

ترجمان اے این پی انجینئر احسان خان نے کہا ہے کہ اگر فیض حمید کے خلاف کارروائی ٹاپ سٹی ہاؤسنگ اسکیم میں بد عنوانی تک محدود ہے تو یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔ فیض حمید طاقتور عہدے پر رہتے ہوئے بھی اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جمہوریت دشمن سرگرمیوں میں مرکزی کردار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیض حمید کا محاسبہ حلف کی خلاف ورزی اور غیر آئینی سرگرمیوں پر کیا جائے۔ جمہوریت،آئین اور آئینی اداروں کو کمزور کرنے میں کوئی بھی ملوث ہو ، انہیں کٹہرے میں لائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انجینئر احسان خان کے مطابق سیاسی و حکومتی امور میں مداخلت کے رویوں نے پہلے ہی اس ملک کو دولخت کیا ہوا ہےاور اب پھر وہی حالات پیدا کیے جا رہے ہیں۔ اے این پی جمہوریت، جمہوری اداروں، جمہوری اقدار اور جمہوری رویوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتی ہے۔ اے این پی ہمیشہ جمہوری اقدار ، انسانی حقوق اور عوامی مسائل کے لیے میدان میں رہی ہے اور آئندہ بھی یہ عمل جاری رہے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اے این پی نے فیض حمید، قمر جاوید باجوہ، عمران خان، محمود خان اور بیرسٹر سیف کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن داخل کی ہے، اسے بھی جلد نمٹایا جائے۔

آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

  اسلام آباد: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں 3.20 فیصد کا اضافہ کر دیا گیا۔ایس ایس جی سی کے لیے آر ایل این جی کی نئی قیمت 13 ڈالر 57 سینٹ مقرر کی گئی ہے۔سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں 2.97 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ ایس این جی پی ایل کے لیے آر ایل این جی کی نئی قیمت 14 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔آر ایل این جی کی نئی قیمتوں کا تعین اگست سے ہوگا۔

پیرس اولمپکس؛ منو بھاکر، نیرج چوپڑا کی شادی کی خبریں گردش کرنے لگیں

دونوں اتھلیٹس کے دورمیان رومانوی تعلقات کی افواہوں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا (فوٹو: فائل)

پیرس اولمپکس کے بعد بھارتی جیولن اسٹار نیرج چوپڑا اور معروف شوٹر منو بھاکر کے درمیان ممکنہ رومانوی تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیوں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا۔

دونوں ایتھلیٹس کے درمیان رومانوی تعلقات کے چرچے اس وقت شروع ہوئے جب اولمپکس کے بعد بھارت میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں نیرج چوپڑا اور منو بھاکر کو گرمجوشی کے ساتھ ایک دوسرے سے بات کرتے دیکھا گیا، اس موقع پر جیولن تھرو اسپیشلسٹ نے منو بھاکر کی والدہ سے بھی باتیں کیں۔

اس حوالے سے بھارتی شوٹنگ اسٹار منو بھاکر کے والد رام کشن نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی بیٹی کی ابھی شادی کی عمر نہیں اور یہ قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
رام کشن نے منو بھاکر کی ماں اور نیرج کے درمیان خاندانی تعلق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس اسٹار جیولین تھرو کو اپنا بیٹا سمجھتی ہیں۔

عوام کو مایوس نہیں دیکھ سکتے، مطالبات کی منظوری کیلیے بہت آپشنز ہیں، حافظ نعیم

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم عوام کو مایوس نہیں دیکھ سکتے، ہمارے پاس مطالبات کی منظوری کے لیے بہت آپشنز ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم 40 دن سڑکوں پر رہیں گے لیکن ہم یہ نہیں چاہتے کہ عوام مایوس ہوں۔ حکومت سے مطالبات منظور کروانے کے لیے متعدد آپشنز موجود ہیں، یہ جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ ملک کے 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے۔ ہم تاجروں سے بھی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہے ، پنجاب میں بھی امن و امان کی صورتحال اچھی نہیں اور سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کا راج ہے ۔ ملک میں 74 فی صد لوگ اپنے اخراجات پورے نہیں کر پارہے جب کہ نوجوان سوچنے پر مجبور ہیں کہ ملک میں ہمارے لیے مواقع نہیں ہیں اور حکمرانوں کی شاہ خرچیاں جاری ہیں ۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں کرپشن عروج پر ہے۔ 1300 ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمدن پر ٹیکس ہونا چاہیے، ٹیکس نیٹ میں اضافے پر کسی کو اعتراض نہیں، لیکن ریٹ بڑھایا جائے گا تو ایکسپورٹر کیسے کمپٹیشن میں آئیں گے؟

وفاقی کابینہ کا اجلاس، سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنے کا معاملہ ایجنڈے سے نکال دیا گیا۔

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کے ڈیلی ویجز ملازمین کی ریگولائریشن پر فیصلہ ہوگا۔

گوئٹے مالا اور پاکستان کے درمیان سیاسی روابط کے قیام سے متعلق یادداشت کی منظوری، پاکستان اور ایکواڈور کے مابین سیاسی روابط کے معاہدے پر دستخط کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے۔

پرائیویٹائزیشن کمیشن کے ممبران کی تعداد میں اضافہ پر فیصلہ ہوگا۔ حکومتی ملکیتی اداروں سے متعلق کمیٹی، سی سی ایل سی اور ای سی سی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ بھی لے گی۔

قومی ٹیم کیلئے نوید اکرم چیمہ کو دوبارہ منیجر مقرر کیے جانے کا امکان

پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نوید اکرم چیمہ کو دوبارہ منیجر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ کے بعد سینئیر مینیجر وہاب ریاض اور اسسٹنٹ مینجر منصور رانا کو ہٹادیا گیا تھا، جس کے بعد یہ پوزیشن خالی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی س بی نوید اکرم چیمہ کو دورباہ ٹیم مینجر بنانے کا خواہاں ہے۔

خلیل الرحمن ہنی ٹریپ کیس، 2 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے خلیل الرحمن ہنی ٹریپ کیس میں دو ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کردی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس کی سماعت کی۔ مرکزی ملزم حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی کی شناخت پریڈ کا عمل مکمل نہ ہوسکا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی شناخت پریڈ کا عمل 19 اگست تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ دونوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 7 روز کی توسیع کردی گئی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ آمنہ عروج نے خلیل الرحمن کو بلیک میل کرنے کا حسن شاہ کو بتایا۔ حسن شاہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر خلیل الرحمن قمر کو اغوا کیا اورایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا۔