آسٹریلیا کے ایک معتبر اخبار نے دنیا کی تاریخ میں اپنا نام درج کرانے والے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں ایک پاکستانی اسپورٹس شخصیت بھی شامل ہیں۔
مذکورہ فہرست’سڈنی مارننگ ہیرلڈ’ کے اسپورٹس صحافیوں کی آرا پر ترتیب دی گئی ہے۔
دنیا کے 50 عظیم ترین پلیئرز کی فہرست میں باسکٹ بال اسٹار مائیکل جارڈن کا پہلا نمبر، معروف اسپرنٹر یوسین بولٹ دوسرے اور ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجودہیں۔
آسٹریلوی صحافیوں کی مرتب کردہ اس فہرست میں کرکٹر ڈان بریڈمین کا چوتھا جبکہ باکسر محمد علی کا پانچواں نمبر ہے۔
دنیا کے 50 عظیم ایتھلیٹس کی اس فہرست میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کا نام بھی درج ہے۔
جہانگیر خان کا 50 ایتھلیٹس کی فہرست میں 25 واں نمبر ہے اور آسٹریلوی اخبار نے کہا ہے کہ جہانگیر خان اپنے دور کے ناقابل تسخیر کھلاڑی تھے۔
خیال رہے کہ جہانگیر خان مسلسل 10 برٹش اوپن اور 6 ورلڈ ٹائٹل جیت چکے اور پانچ سال تک 555 میچوں میں ناقابل شکست رہے۔
فہرست میں شامل بھارت کے واحد کھلاڑی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا 37 واں نمبر ہے۔
اس کے علاوہ تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں لیونل میسی، راجر فیڈرر ، ٹائیگر ووڈز، سیمون بائیلز اور مائیکل فیلپس بھی شامل ہیں۔






































