تازہ تر ین

بدترین معاشی تفریق کو اب بے مثال مساوات میں بدلنا ہوگا، سی ایم پنجاب مریم نواز

پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام بڑے شہروں میں سیوریج اور نکاسی آب کا نیا سسٹم رائج کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ  مریم نواز نے پنجاب کے بڑے شہروں میں سیوریج اور نکاسی آب کیلئے سیوریج اور ڈرینج سسٹم کے میگا پلان کی منظوری دے دی ہے۔ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس   میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر بریفنگ اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام نافذ کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت ایک لاکھ سے زائد آبادی والے 189شہروں میں سیوریج، واٹر ڈرینج، طوفانی بارش کے پانی کی فوری نکاسی، گلیوں کی فرش بندی اور دیگر ضروری ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ  نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد آبادی والے 189شہروں کے لئے پلان فوری طلب کر لیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیوریج کے سسٹم میں بہتری کے لئے سیوریج بائی پاس بنائے جائیں گے اور ڈسپوزل سٹیشن بھی قائم ہوں گے۔ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لئے واٹر سٹوریج ٹینک بھی بنائے جائیں گے۔ واٹر سٹوریج ٹینک میں ذخیرہ شدہ پانی کو آبپاشی اور دیگر مقاصدکے لئے استعمال کیا جاسکے گا۔  صاف پانی میں سیوریج لائن کے مکس ہونے کی شکایات کے ازالے کے لئے پینے کے صاف پانی کی لائن کو مناسب فاصلے پر متوازی بچھایا جائے گا۔ ہر صوبائی حلقے میں 30،30 کلو میٹر روڈز کی تعمیر وبحالی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ اجلاس میں ماڈل ویلیج بنانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈبلیو اے ٹی ایس این کے تحت پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور پی آئی سی پی کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے صوبہ کے 15کروڑ عوام مستفید ہوں گے۔ سیوریج کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہر شہر میں مسائل کا سامنا ہے۔ سیوریج کا دیرپا اورمحفوظ سسٹم بنانے سے روڈز ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہیں گے۔ دوسری جانب  مریم نوازشریف نے خان پور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی انصاف کے عالمی دن پر  مریم نواز نے  پیغام میں کہا ہے کہ ہر مہذب معاشرے کی بنیاد ہی سماجی انصاف اور مساوات ہے۔ نبی کریم حضرت محمدﷺ نے دور نبوی میں سماجی انصاف کی بہترین مثال قائم کی۔ سماجی انصاف یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقین کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ امیر غریب کی بڑھتی خلیج سے معاشرتی اور سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ بدترین معاشی تفریق کو اب بے مثال مساوات میں بدلنا ہوگا۔ محروم طبقات کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پالیسی بنانا ہوگی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain