لندن: برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے دارالعوام میں ہونے والے افطار ڈنر میں شرکت کی، جہاں انہوں نے برطانوی مسلم کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، یہ افطار ڈنر آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے برطانوی مسلمان کی میزبانی میں منگل کے روز منعقد کیا گیا۔ اس تقریب میں اراکین پارلیمنٹ، انٹرفیتھ رہنما اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد رمضان کی فضیلت اور اس کے معاشرتی اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔
برطانوی وزیراعظم نے غزہ جنگ کے دوران مسلمانوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ برطانوی مسلم کمیونٹی کس قدر حساس وقت سے گزر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ غزہ کے متاثرین تک امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم اسٹارمر نے برطانوی مسلم کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ سماجی اور فلاحی کاموں میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ برطانیہ کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم موقع ہے، جہاں حکومتی سطح پر مسلمانوں کے مذہبی تہواروں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔