تازہ تر ین

وزیراعظم کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے قوم سے مذاق ہیں، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ رمضان میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور وزیراعظم کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے قوم سے مذاق ہیں۔

جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری بیان کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں کم از کم 50 روپے فی لیٹر کمی کا فوری اعلان کرے کیونکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 50 دنوں کے اندر 12 ڈالرز فی بیرل سے زائد کی کمی ہوئی ہے، قیمت 82 ڈالر سے کم ہوکر 69.3 ڈالر پر آگئی ہے، یہ قیمت اگست 2021 کی سطح کی ہے لہٰذا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بھی اسی سطح پر لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے ہی عوام پر لیوی چارجز کا ناجائز بوجھ ڈالا ہوا ہے، پیٹرولیم لیوی کو فی الفور ختم کیا جائے، عالمی منڈی میں فی بیرل قیمت میں ایک ڈالر اضافہ ہو جائے تو مقامی سطح پر قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا جاتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت مسلسل عوام کو نشانہ بنا رہی ہے، حکمران اپنی مراعات کم کرنے کو تیار نہیں، جاگیردار اور بڑے سرمایہ دار ٹیکس نہیں دیتے، آئی پی پیز کو ٹیکس پر تقریباً دو ہزار ارب کی چھوٹ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، تعلیم کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا گیا ہے، پونے تین کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پنجاب میں اسکولوں کو این جی اوز کے حوالے کیا جا رہا ہے، آزادی اظہار رائے پر پابندی عائد ہے، ان حالات میں ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے حصول اور آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری آزادیوں کے لیے بڑی تحریک کا آغاز کرے گی، پرامن مزاحمت کریں گے اور ان شا اللہ ملک کو لٹیروں اور غاصبوں سے نجات دلائیں گے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain