سائبر کرائم پاکستان سمیت دنیا بھر میں معمول بن چکے ہیں، سیلبرٹیز کےنام پر بھی سب سے زیادہ سائبر کرائم کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جن میں کسی بھی مشہور سیلبرٹی کے نام سے اسکیمر (جعلساز) پیسے مانگتے ہیں یا پھر کسی اور قسم کا غیر قانونی تقاضا کرتے ہیں۔
سائبر کرائم کا شکار ہونے والوں میں نیا نام اذان سمیع خان کا ہے، جنہوں نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل کے ذریعے اس کی اطلاع دی۔
معروف گلوکار اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ میں یہ بات میری توجہ میں پچھلے کچھ مہینوں سے آرہی ہے کہ کچھ لوگ مختلف نمبروں کے ذریعے میرے نام سے فراڈ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس گزشتہ 10 سالوں سے ایک ہی موبائل نمبر ہے، اگر آپ کے پاس کوئی شخص کسی اور نمبر سے رابطہ کرتا ہے اور یہ بتاتا ہے کہ وہ اذان سمیع خان ہے تو اسے فوری طور پر بلاک کریں ۔
انہوں نے فراڈیوں کے نمبر بھی شیئر کیے جو 03273752745 اور 03322266926 تھے۔
اذان سمیع خان کا نام پہلے اپنے والد کے مشہور موسیقار و گلوکار عدنان سمیع کے ساتھ جوڑا جاتا تھا لیکن پھر انہوں نے لگن اور محنت کے ساتھ ساتھ اپنی شناخت قائم کرلی ہے۔
اذان سمیع خان نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور موسیقار کیا اور کئی پاکستانی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی،انہوں نے 2019 کی فلم ’پرے ہٹ لو‘ اور ’سپراسٹار‘ اور 2018 کی ہٹ فلم ’پرواز ہے جنون‘ کی موسیقی ترتیب دی۔
بعد ازاں، انہوں نے بطور گلوکار اور اداکار بھی شہرت حاصل کی، 2021 میں ان کا پہلا سولو میوزک البم “میں تیرا” ریلیز ہوا، جسے کافی پذیرائی ملی۔
اذان سمیع خان نے 2022 میں ہم ٹی وی کے ڈرامہ “عشق لا” سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا، جس میں وہ سجل علی اور یمنی زیدی کے ساتھ نظر آئے۔
اذان سمیع خان آج کل ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’ہم دونوں ‘ میں اسد کا کردار ادا کر رہے ہیں، اپنی زبردست اداکاری کی بدولت انہوں نے بہت جلد ہی گلوکاری کے بعد اداکاری کی دنیا میں بھی اپنی دھاک بٹھادی ہے۔