مادھوری ڈکشٹ بھارت کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، وہ صرف ایک نام نہیں، بلکہ پورے بھارت میں ایک برانڈ سمجھی جاتی ہیں۔
57 سال کی عمر میں بھی، مادھوری اپنی جادوئی اداکاری اور دلکش رقص سے اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔
چار دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر
مادھوری ڈکشٹ نے 1984 میں فلم ‘ابودھ’ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے ایک نوجوان دلہن کا کردار ادا کیا تھا، ان کی اداکاری کے ساتھ ساتھ لوگ ان کے رقص کے بھی دیوانے ہیں، انہیں بالی ووڈ کی ‘دھک دھک’ گرل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ کی خاندانی زندگی
مادھوری ڈکشٹ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت کم بات کرتی ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان کی دو بہنیں بھی ہیں جو ان کی طرح بےحد خوبصورت ہیں۔
مادھوری بھلے ہی بالی ووڈ کی سپر اسٹار ہیں لیکن ان کا خاندان ہمیشہ میڈیا کی چمک دمک سے دور رہا ہے، چند سال پہلے مدرز ڈے کے موقع پر جب مادھوری نے اپنی فیملی کی ایک نایاب تصویر شیئر کی، تبھی مداحوں کو ان کی بہنوں کے بارے میں معلوم ہوا۔
مادھوری ڈکشٹ کی بہنیں: روپہ اور بھارتی
ان کی دونوں بہنیں روپہ ڈکشٹ اور بھارتی ڈکشٹ بھی ماہر کتھک رقاصہ ہیں، تاہم انہوں نے گلیمر کی دنیا سے دور سادہ زندگی گزارنے کو ترجیح دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، مادھوری کی بہنوں نے بھی تین سال کی عمر میں ہی کتھک سیکھنا شروع کر دیا تھا اور تینوں بہنوں نے کلاسیکل ڈانس کی بھرپور تربیت حاصل کی۔
جب مادھوری نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی خواہش ظاہر کی تو ان کے گھر والوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ ان کی بہنوں نے عام زندگی گزارنے کا انتخاب کیا۔
رپورٹس کے مطابق روپہ ڈکشٹ ایک سافٹ ویئر آرکیٹیکٹ ہیں، جبکہ بھارتی ڈکشٹ ایک کمپیوٹر انجینئر ہیں۔
کیریئر اور ازدواجی زندگی
مادھوری کے والد چاہتے تھے کہ وہ ایک ڈاکٹر بنیں لیکن ان کے خواب کچھ اور تھے، خوش قسمتی سے، ان کے والد نے بھی ان کا ساتھ دیا اور وہ بالی ووڈ کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شامل ہو گئیں۔
اپنے فلمی کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹنے کے بعد، مادھوری ڈکشٹ نے ڈاکٹر شری رام نینے سے شادی کر لی اور اپنا گھر بسا لیا۔
آج وہ دو بیٹوں کی ماں ہیں اور اپنی ازدواجی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنے کچھ پیشہ ورانہ منصوبوں پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔