پاکستان کی نامور گلوکارہ نصیبو لعل نے اپنے شوہر کیخلاف تشدد کا الزام لگانے کے بعد صلح کرلی۔
گلوکارہ نصیبو لال نے شوہر نوید حسین کے خلاف تشدد اور مار پیٹ کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ ٹاؤن لاہور میں درج کر وایا تھا۔
نصیبو لال کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ میں صحن میں بیٹھی تھی، شوہر نے بدزبانی کی اور قریب ہی پڑی اینٹ اٹھا کر سر پر مار دی جس سے میرے چہرے اور ناک پر شدید چوٹ آئی۔
گلوکارہ نے اپنی ایف آئی آر میں کہا کہ شوہر اکثر مجھ سے لڑائی جھگڑا کرتا ہے مگر آج اس نے مجھے اینٹ مار کر اور گالی گلوچ کر کے مجھ پر تشدد کر کے سخت زیادتی کی، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
‘میاں بیوی کے درمیان صلح ہوگئی ہے’
دریں اثنا گلوکارہ کے بھائی شاہد لال کا کہنا ہے کہ بہنوئی غصے کا تیز ہے جسے سمجھا بجھا کر معاملہ حل کردیا ہے۔
شاہد لال نے بتایا کہ بہن اور بہنوئی کے درمیان اکثر چھوٹے موٹے جھگڑے ہوجاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ہاتھا پائی کی وجہ سے ایف آئی آر درج کروانے کی نوبت آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان صلح ہوگئی ہے اور بہنوئی نے آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
دوسری جانب گلوکارہ نصیبو لال نے شوہر کے خلاف مقدمہ واپس لینے کی تصدیق کی اور کہا کہ شوہر کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا۔
نصیبو لعل کون؟
واضح رہے کہ نصیبو لعل پاکستان کی ایک معروف گلوکارہ ہیں، جو خاص طور پر پنجابی اور سرائیکی گانوں کی وجہ سے مشہور ہیں۔ انہوں نے اپنی منفرد آواز اور گائیکی کے انداز سے نہ صرف دیہی بلکہ شہری علاقوں میں بھی مقبولیت حاصل کی۔
نصیبو لعل کو ان کی بلند اور جذباتی آواز کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ ان کے گائے ہوئے کئی فوک اور فلمی گانے بے حد مشہور ہوئے، جن میں خاص طور پر ڈھول سپیرا، ماہی، اک پل وچ، تیرے نال نال، اور بے پرواہ دھولا جیسے گانے شامل ہیں۔
انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری (لالی وڈ) میں بھی کئی سپر ہٹ گانے گائے اور اپنے کیریئر کے دوران ہزاروں گانے ریکارڈ کروائے۔ ان کے گانوں میں درد، محبت، اور دیہاتی زندگی کے جذبات کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔






































