تازہ تر ین

سابق کمشنر کوئٹہ کی بیٹی نے دورانِ پرواز فضائی میزبان پر مُکے برسا دیے

سابق کمشنر کوئٹہ افتخار جوگزئی کی بیٹی صائمہ جوگزئی نے دورانِ پرواز فضائی میزبان پر تشدد کرکے زخمی کردیا۔

یہ واقعہ گزشتہ روز 18 مارچ کو کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی سرین ائیر کی فلائٹ میں پیش آیا جس میں سابق کمشنر کوئٹہ افتخار جوگزئی بیٹی صائمہ کے ساتھ سفر کررہے تھے اور دونوں نے کوئٹہ ائیر پورٹ پر چیک ان کرتے وقت بھی عملے سے بدتمیزی کی۔

طیارے میں داخل ہونے کے بعد فضائی عملے نے معمول کی ہدایات کے مطابق مسافروں کو سیٹ بیلٹ باندھنے سمیت دیگر ہدایات دیں، اس دوران خاتون فضائی میزبان نے صائمہ جوگزئی سے بھی سیٹ بیلٹ باندھنے اور کھانے کی میز بند کرنے کو کہا تو اس پر سابق کمشنر کی بیٹی صائمہ جوگزئی بھڑکا اٹھیں۔

مبینہ طور پر سابق کمشنر افتخار جوگزئی اور ان کی بیٹی صائمہ جوگزئی نے غیرشائستہ زبان استعمال کی اور طیارے میں شورشرابہ شروع کردیا۔

فضائی میزبان نے کپتان کو معاملے سے آگاہ کیا اور باپ بیٹی کی جانب سے ہنگامہ آرائی جاری رکھنے پر کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور طیارے کو رن وے سے واپس لے آیا۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کو طیارے میں فوری طور پر طلب کرلیا گیا، مسلسل ہنگامہ آرائی پر طیارے کے کپتان نے مسافروں کے تحفظ کی خاطر باپ اور بیٹی کو آف لوڈ کرنے کے لیے کہا جس پر صائمہ جوگزئی نے طیارے سے اترنے سے انکار کردیا۔

ائیر لائن انتظامیہ کے مطابق اس موقع پرصائمہ جوگزئی نے غصے میں ایک فضائی میزبان کو مکہ دے مارا جس سے چہرے پر مکہ لگنے سے خاتون فضائی میزبان کی ناک سے خون نکلنے لگا اور ایک دانت بھی ٹوٹ گیا جس کے بعد ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے دونوں باپ بیٹی کو حراست میں لے لیا۔

ائیر لائن انتظامیہ کے مطابق واقعہ کے بعد کمشنر کوئٹہ فوری طور پر کوئٹہ ائیرپورٹ پہنچے، اے ایس ایف سے صورتحال معلوم کی اور معاملہ رفع دفع کرنے کو کہا، بعدازاں کمشنر کوئٹہ کی جانب سے باپ بیٹی سے تحریری معافی نامہ لکھوایا گیا۔

معافی نامے کے بعد دونوں باپ بیٹی کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے جانے کی اجازت دے دی گئی جبکہ زخمی ائیر ہوسٹس کو اسپتال روانہ کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ائیر لائن ذرائع کا دعویٰ ہے کہ طیارے میں ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون مبینہ طور پر نشے میں تھی۔

واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جسے فضائی عملے کی عزت اور تحفظ پر ایک بڑا سوال قرار دیا جارہا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain