اسلام آباد: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول( ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی بندوقیں خاموش کرادیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے اتوار کی رات کو متعدد مقامات پر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال فائرنگ کی۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے ایل او سی پر نکیال، کھوئی رٹا، شاردا، کیل سیکٹرز، نیلم اور حاجی پیر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ان سیکٹرز میں دشمن کی بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیارہے۔
وزیراطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی پاک بھارت صورتحال پر سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ
بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف ملکی سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے، وزیراطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پاک بھارت صورتحال پر سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم ، جے یوآئی،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔البتہ تحریک انصاف نے پاک بھارت صورتحال پر حکومتی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ان کیمرا سیشن میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا جبکہ وزیر اطلاعات نے سیاسی قائدین کو حکومتی سفارتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کےلیے تیار ہیں، پاکستان پر امن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔